معاشی سست روی کیلئے غیر روایتی مالی پالیسیاں ذمہ دار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-05

معاشی سست روی کیلئے غیر روایتی مالی پالیسیاں ذمہ دار

وزیراعظم منموہن سنگھ نے معاشی ترقی کے احیاء کے لئے سازگار خارجی اقتصادی ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سست روی کی وجہ ترقی پذیر ممالک کی غیر روایتی مالی پالیسیوں کو قرار دیا۔ مسٹر منموہن سنگھ گروپ بیس سربراہ کانفرنس کیلئے آج روس روانہ ہوگئے۔ سینٹ پیٹرس برگ کیلئے روانہ ہونے سے قبل انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ اگرچہ صنعتی ممالک میں ترقی کی حوصلہ افزاء علامتیں نظر آرہی ہیں لیکن ترقی پذیر ممالک میں معاشی سست روی بھی نظر آرہی ہے ۔ جنہیں غیر روایتی مالی پالیسیوں کے سبب کافی منفی اثرات کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔ مسٹر منموہن سنگھ نے کہاکہ وہ اجلاس میں ترقی یافتہ ممالک پر زور دیں گے کہ وہ رفتہ رفتہ ان غیر روایتی مالی پالیسیوں پر عمل کرنا چھوڑ دیں جن پر وہ گذشتہ کچھ برسوں سے عمل کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں اس بات پر زور دوں گاکہ گروپ بیس میں شامل ممالک کو اپنی پالیسیوں میں ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے روزگار کے مواقع پید اکرنے اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں پر زور دینا چاہئے تاکہ عالمی معیشت کی تیز رفتار ترقی ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ دنیاکے ایسے اداروں میں فوری اطلاعات کی ضرورت ہے جو سیاسی اور معاشی حکمرانی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ گروپ بیس سربراہ کانفرنس میں سبھی ممالک سے بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کیلئے زور دیں گے۔ مسٹر منموہن سنگھ نے یاد دلایاکہ ہندوستان نے مضبوط، پائیدار اور متوازن ترقی میں سرگرم رول ادا کیا ہے اور ان سے متعلق ورکنگ گروپ کا شریک صدر بھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ پیٹر برگ میں تعمیری بحث ہوگی اور مذکورہ بالا معاملوں پر جرات مندانہ فیصلے کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ سینٹ پیٹر برگ میں ہی 2006ء میں برکس گروپ قائم کیاگیاتھا جس میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی آفریقہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ کچھ برسوں کی طرح اس بار بھی برکس ممالک کی میٹنگ گروپ 20کی میٹنگ کے موقع پر ہی ہوگی جس میں ممبر ممالک آپسی تبادلہ خیال اور سربراہ کانفرنس کے ایجنڈے پر بات کریں گے۔ مزید یہ کہ 27؍مارچ 2013ء کو ڈربن میں برکس ممالک کے فیصلے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ گروپ 20کی میٹنگ ایسے وقت میں ہورہی ہے جب ہندوستان نے اقتصادی استحکام کیلئے کئی اصلاحا تکی ہیں اور کرنسی کی قدر مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے نیز سرمایہ کار دوست ماحول پید اکرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گروپ بیس کے سربراہ کانفرنس کے موقع پر وہ دیگر عالمی لیڈروں سے ملاقات کی بھی راہ دیکھ رہے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں