کولکاتا کی سڑکیں اب شمسی توانائی سے جگمگائیں گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-19

کولکاتا کی سڑکیں اب شمسی توانائی سے جگمگائیں گی

بڑھتے بجلی بل سے ہورہی پریشانی سے نجات حاصل کرنے کیلئے کولکاتا میونسپل کارپوریشن شمسی توانائی پر اپنا انحصار بڑھانے جارہاہے ۔ جس کی شروعات کارپوریشن ہیڈ کوارٹر میں سولر پینل لگانے سے ہوبھی چکا ہے ۔ اس پینل سے فی الحال کارپوریشن میں کچھ بلب اور پنکھے شمسی توانائی کی مدد سے چل رہے ہیں۔ تاہم یہ ابھی تجرباتی مرحلہ میں ہیں۔ کارپوریشن نے یہ منصوبہ سی ای ایس سی کے بجلی بل کے بڑھ جانے کی وجہ سے بنایا ہے۔ ٹرائڈینٹ لائٹ کی جگمگاہٹ بڑھنے سے بجلی خرچ میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہواہے۔ خود کارپوریشن کو قبول کرتاہے کہ اسٹریٹ لائٹ کیلئے ہمیں سی ای ایس سی کو تقریباً30کروڑ روپیئے ادا کرنے پڑتے ہیں، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرائڈ ینٹ لائٹ لگنے کے بعد سے اس رقم میں کافی اضافہ ہوچکاہے۔ کارپوریشن کاسالانہ بجلی بل250کروڑ روپیئے سے زیادہ تک پہنچ چکاہے۔ کارپوریشن کو بھی صورتحال کا احساس ہے۔ اس لئے کارپوریشن انتظامیہ اب شمسی توانائی کے استعمال پر اپنی توجہ مرکوز کررہا ہے ۔ میئر ان کونسل کے رکن دیواشش کمار کے مطابق شمسی توانائی کے منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہم لوگ گڑیاہاٹ مارکیٹ کو جگمگائیں گے۔ اس کیلئے ڈھائی کروڑ روپیئے خرچ ہوگا جے این این یو آر ایم منصوبے کے تحت اس فنڈ کا انتظام کیاگیا ہے ۔ اس منصوبے سے 200کلو واٹ بجلی کی پیداوار ہونے کا ہدف ہے۔ گڑیاہاٹ مارکیٹ کے بعد دوسرے مرحلے میں نیو مارکیٹ اور دھاپاعلاقے کو شمسی توانائی سے جگمگایا جائے گا۔ مسٹر کمار کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی بدل چکی ہے اب ہم اپنی ضرورت سے بچی بجلی کو سی ای ایس سی کے گرڈ میں ڈال دیں گے اس کے بدلے میں ہمیں اضافی کمائی بھی ہوگی۔ اگلی باری اسٹریٹ لائٹ کی ہے۔ اسٹریٹ لائٹ کو بھی شمسی توانائی سے ہی جلایاجائے گا۔ اس کیلئے کارپوریشن نے برطانوی ہائی کمشنر سے مدد مانگی ہے۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ برطانیہ کو اس میدان میں کافی تجربہ ہے ہم لوگ ان کے تجربے اور ٹیکنالوجی کو کام میں لگائیں گے۔ شمسی توانائی کو فروغ دینے کیلئے کولکاتا میونسپل کارپوریشن بلڈنگ قوانین میں تبدیلی کرنے کی بھی منصوبہ بندی کررہاہے۔فی الحال یہ منصوبہ صرف ان کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر پر لاگو ہوگا، جہاں روزآنہ بجلی کی کھپت500کلو واٹ ہوگی۔ اس صورت میں ان عمارتوں کے ڈیولپروں کو لازمی طورپر شمسی توانائی کا استعمال کرنا ہوگا۔ مسٹر کمار نے کہاکہ معاملہ صرف بجلی کے بل سے بچنے کا نہیں ہے، بلکہ اپنی سرزمین اور یہاں رہنے والے لوگوں کو خطرناک کاربن گیس سے بھی بچانا ہے آنے والا دن متبادل توانائی کا ہے، جس کیلئے ابھی سے تیاری کرنی ہوگی۔

Solar lights on kolkata roads soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں