جشن اردو تہذیبی ورثہ کا کل لال قلعہ میں آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-19

جشن اردو تہذیبی ورثہ کا کل لال قلعہ میں آغاز

جشن اردو تہذیبی ورثہ کا آغاز، جمعہ20ستمبر سے دہلی کے تاریخی لال قلعہ میں ہوگا۔ محبان اردو کے لئے یہ جشن بڑی اہمیت کا حامل ہوگا۔ پروگرام کے حصہ کے طورپر مشاعرہ، غزل گائیکی اور قوالیوں کا اہتمام کیاجائے گا۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتاء یگئی۔ اس 5روزہ جشن کا اہتمام، محکمہ آرٹ کلچر اور لسانیات نے اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے کیا ہے ۔ اس جشن کے دوران اسلم صابری اور ناصر صابری، مشہور قوالیاں پیش کریں گے جبکہ بھوپیندر اور متالی، انور حسین، زیڈ خان اور انیتا سنگھوی ، غزل گائیکی میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔19 ویں صدی عیسوی کے مشہور شاعر استاد سخن مرزا غالب کی حیات اور ان ک دور پر ایک ڈرامہ پیش کیاجائے گا۔ ٹام آلٹر، غالب کا رول ادا کریں گے۔ سکریٹری اردو اکیڈیمی انیس اعظمی نے اپنے بیان میں کہا کہ "جب آپ دہلی کی بات کرتے ہیں تو اسی سانس میں اس خوبصورت اور شیریں زبان کے کلچر کی بھی بات ہوتی ہے۔ اردو دہلی کی اتنی ہی نمائندہ ہے جتنی لال قلعہ کی۔ اسی انمٹ ربط پر اس جشن کے ذریعہ روشنی ڈالنا چاہتے ہیں۔" جشن کی ایک اور اہم خصوصیت کل ہند مشاعرہ ہے جس میں ملک کے بعض انتہائی مشہور اردو شعراء شرکت کریں گے اور اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے بتایاجاتا ہے کہ اردو شاعری کی روبہ زوال صنف"چاربیت"کو بھی اس کی روایتی شکل میں پیش کیاجائے گا۔ اس جشن کا اختتام24ستمبر کو ہوگا۔ داخلہ کی عام اجازت رہے گی۔

Urdu Heritage Festival starting Sep 20 at the Red Fort

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں