نواز شریف - منموہن سنگھ کی نیویارک میں ملاقات کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-24

نواز شریف - منموہن سنگھ کی نیویارک میں ملاقات کا امکان

وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے درمیان ملاقات آئندہ29 ستمبر کو نیویارک کی ایک ہوٹل میں ہوگی۔ ڈاکتر سنگھ اپنے د ورہ امریکہ کے دوران اسی ہوٹل میں قیام کرنے والے ہیں دونوں ہی وزرائے اعظم جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے68ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچنے والے ہیں۔ دونوں قائدین29ستمبر کی صبح کو باہمی ملاقات کریں گے ۔ اسی دوران پاکستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ "نواز شریف اور منموہن سنگھ کے درمیان اولین ملاقات جس کا ایک عرصہ سے انتظار کیاجارہاتھا، جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے 68ویں اجلاس میں شرکت سے وقت فارغ کرتے ہوئے منہاٹن کی ایک ہوٹل میں ناشتہ پر ہوگی۔ وزیراعظم ہند میزبان ہوں گے۔" تاہم ناشتہ پر اس ملاقات کی سرکاری طورپر توثیق نہیں ہوئی۔ اخبار دی نیوز نے اطلاع دی ہے کہ دونوں قائدین، شرکاء کے بغیر ملاقات کرنے کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی بات چیت کریں گے۔ اخباری اطلاع میں مزید کہاگیا ہے کہ "وزیراعظم پاکستان نواز شریف 24ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے جبکہ وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ، دوسرے روز25ستمبر کو واشنگٹن پہنچیں گے جہاں وہ وائٹ ہاؤز میں لنچ پر صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد نیویارک پرواز کریں گے۔" اخبار نے مزید لکھا ہے کہ دونوں ممالک یعنی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ یہ ملاقات، دو پڑوسی ممالک کے درمیان گذشتہ زائد از دو سال سے جاری تعطل کوختم کرسکتی ہے ۔ نواز شریف، ہندوستان کے ساتھ امن کے چمپئن سمجھے جارہے ہیں اور وہ ان دو نیوکلیئر ممالک کے درمیان اعتدال کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔

Manmohan Singh, Nawaz Sharif to meet in New York on September 29

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں