اخوان المسلمون کی تمام سرگرمیوں پر امتناع - مصری عدالت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-24

اخوان المسلمون کی تمام سرگرمیوں پر امتناع - مصری عدالت

مصر کی ایک عدالت نے آج اخوان المسلمون پر ملک میں کوئی بھی سرگرمی انجام دینے پر پابندی عائد کردی ہے اور تنظیم کے فنڈس کو قبضہ میں لینے اور اثاثہ جات منجمدکرنے کا حکم دیاہے۔ عدالت نے کہاکہ یہ فیصلہ اسلامی جماعت، اس کی غیر سرکاری تنظیم اور اس سے وابستہ ہر تنظیم پر لاگو ہوتاہے۔ عدالت نے عبوری حکومت کو حکم دیاہے کہ وہ اخوان المسلمون کے اثاثے قبضے میں لے کر اس سلسلے میں کسی اپیل کی سنوائی تک اس کی نگرانی کیلئے ایک پینل تشکیل دے۔ ملک کی فوج نے صدر مرسی کو اس سال3جولائی کو ان کے عہدہ سے ہٹادیا تھا اور اخوان المسلمون کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیاگیاتھا۔ اخوان المسلمون کے اہم رہنما محمد بدیع سمیت کئی سینئر ارکان تشدد اور قتل و غارت پر اکسانے کے الزام میں حراست میں ہیں۔85سال پرانی اسلامی جماعت پر مصر کی فوج نے 1954ء میں پابندی عائد کردی تھی۔ اخوان المسلمون کے مخالفین نے اس کی قانونی حیثیت کو عدالت میں چیلنج کررکھاتھا۔ جس کے نتیجہ میں جماعت نے رواں سال مارچ میں خود کو ایک این جی او کے طورپر رجسٹرکروالیاتھا۔ اخوان المسلمون کے قانونی طورپر رجسٹرڈسیاسی ونگ "فریڈم اینڈجسٹس پارٹی" 2011ء میں اس وقت منظر عام پر آیاتھا جب حسنیٰ مبارک کو مظاہروں کے نتیجہ میں اقتدار سے علیحدہ ہونا پڑا تھا۔ صدر مرسی کی معزولی اور آئین کی معطلی کے بعد قاہرہ میں انتظامی عدالت کو یہ کام سونپا گیاتھا کہ وہ اخوان المسلمون کی قانونی حیثیت پر نظر ثانی کرے۔ عدالت کے اس فیصلہ سے اخوان المسلمون کے مزید ارکان کے انڈر گراؤنڈ ہوجانے کا امکان ہے اور مملکت کی خلاف ہتھیار اٹھالینے کیلئے اسلام پسند نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوسکتی ہے۔

Egypt court bans all Muslim Brotherhood activities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں