حج مصارف میں جاریہ سال 20 ہزار روپیئے کا اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-20

حج مصارف میں جاریہ سال 20 ہزار روپیئے کا اضافہ

جاریہ سال ہندوستانی عازمین کو سعودی مسافت کیلئے20ہزار روپیئے زائد اخراجات برداشت کرنے پڑیں گے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ روپیئے کی قدر ڈالر کے مقابلہ میں مسلسل گھٹتی جارہی ہے اور ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافہ ہواہے۔ دوسری سب سے بڑی وجہ عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہے۔ وزیرخارجہ سلمان خورشید نے دارالحکومت میں اردو میڈیاسے وابستہ نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ ہر ایک عازم حج کو جاریہ سال حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سعودی سفر کیلئے2لاکھ روپیہ اداکرنے پڑرہے ہیں۔ گذشتہ سال انہیں صرف ایک لاکھ 80ہزارروپیئے اداکرنا پڑتاتھا۔ جو عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہوں گے انہیں 2لاکھ 50ہزار روپیہ اداکرنا پڑرہے ہیں۔ جاریہ سال صرف فضائی کرایہ میں8ہزار روپیہ کااضافہ ہوا۔ حج مسافت کیلئے اخراجات میں اضافے اور دیگر اخراجات سے جاریہ سال3600عازمین نے اپنے ارادے ملتوی کردیئے ہیں۔ اب ان کی مخلوعہ نشستیں ان عازمین کو دیئے جائیں گے جو ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں ۔ سلیمان خورشید نے مزید بتایاکہ سعودی حکام نے جاریہ سال عازمین کے کوٹہ میں بھی تخفیف کردی ہے۔ اب ایک لاکھ36ہزار ہندوستانی عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ خانگی ٹورآپریٹرس کے لئے بھی جوخانگی کوٹہ مقرر کیاگیاہے ان کیلئے 30ہزار نشستوں کی تخفیف کی گئی ہے۔ مرکزی وزیرخارجہ نے اس بات کی وضاحت کی کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی حج سبسیڈی میں جاریہ سال 150کروڑ روپیئے کی کمی کی گئی ہے۔ گذشتہ سال800کروڑ روپیہ کی حج سبسیڈی دی گئی تھی۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ بتدریج حج سبسیڈی پوری طرح سے ختم کردی جائے گی،کیونکہ مئی2012میں سپریم کورٹ نے آئندہ10سالوں کے دوران آہستہ آہستہ حج سبسیڈی ختم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ سلیمان خورشید کے مطابق اب تک38 ہزار عازمین حج سعودی عرب پنہچ گئے ہیں۔ ان میں سے اکثر مدینہ منورہ میں رہائش پذیر ہیں۔ ملک کے12مقامات سے حج قافلے طیاروں کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔

Haj costlier by Rs.20,000 due to depreciation of Indian Rupee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں