امریکی قانون سازوں کو ہند امریکہ تعلقات میں فروغ کی توقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-20

امریکی قانون سازوں کو ہند امریکہ تعلقات میں فروغ کی توقع

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران صدر بارک اوباما کے ساتھ منموہن سنگھ کی ملاقات آئندہ ہفتہ طئے ہے اور امریکی قانون سازوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں قائدین کے درمیان بات چیت میں باہمی تعلقات میں فروغ اور تجارتی و معاشی مسائل پر اختلاف رائے دور کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ 2انتہائی بارسوخ وبااثر قانون سازوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ سنگھ۔اوباما ملاقات کے نتیجہ میں سیول نیکلیر۔معاہدہ کا نفاذ عمل میں آئے گا جو ہند۔ امریکہ تعلقات کا اہم سنگ میل ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستان کو شیل گیس برآمد کرنے سے متعلق معاہدہ کو بھی قطعیت دی جائے گی۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان آزاد تجارت معاہدہ طئے نہیں ہے۔ ہاؤز فارین آفیرس کمیٹی کے صدرنشین ورکن کانگریس ایڈروائس نے توقع ظاہر کی کہ لینڈ جی پر معاہدہ کو قطعیت دی جائے گی۔ انسداد دہشت گردی تعاون بالخصوص دونوں ممالک کے دوران دہشت گرد سرگرمیوں سے متعلق ملوث افراد اور ان سے متعلق انٹلی جنس اطلاعات کے تبادلہ کو فروغ پر بات چیت ہوگی۔ آئندہ ہفتہ وزیراعظم منموہن سنگھ کے دورہ واشنگٹن سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ میرے خیال سے تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعلقات میں فروغ اوروسعت ضروری ہے۔ ہندوستان کو سیول ضرورتوں کی یکسوئی کیلئے زیادہ سے زیادہ نیوکلیر پاور سربراہ کرنے کی ضرورت ہے۔ رکن کانگریس جوولیسن نے اوباما۔سنگھ ملاقات سے وابستہ توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان فوجی شراکت داری کی ضرورت اور اس کے اعتراف کا وقت آن پہنچا ہے ۔ سارا عالم دہشت گردی کا شکار ہے اور ایسے حالات میں ہند۔ امریکہ فوجی شراکت داری کی ضرورت جتنی شدت سے اب محسوس کی جارہی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں کی گئی۔ ہندوستان میں جس سطح پر دہشت گرد حملے ہوئے اور جتنی ہلاکتیں اس بناء پر ہوئیں دنیا کے کسی اور ملک کسی اور گوشہ میں نہیں ہوئیں۔ ایک اور شعبہ میں بھی میری دلچسپی بہت ہے۔ میں تہہ دل سے سیول نیوکلیرمعاہدہ میں پیشرفت کا خواہاں ہوں۔ میرے خیال سے ہندوستانی عوام کے حق میں بھی یہ بہتر رہے گا۔ جدید معاشرہ کی تعمیر کیلئے محفوظ اور لائق اعتبار وسیلہ توانائی ضروری ہے اور نیوکلیر توانائی اس حوالہ سے سب سے زیادہ لائق اعتبار ہے ۔ امریکی اور ہندوستانی عوام کے مفادات کے پیش نظر ہند۔ امریکہ سیول نیوکلیئر معاہدہ کا مکمل نفاذ ضروری ہے۔

American lawmakers hope for new push in India-US relationship

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں