نفرت اور تشدد پھیلانے کیلئے مذہب کا استعمال نہیں ہونا چاہئے - پرنب مکرجی لکچر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-16

نفرت اور تشدد پھیلانے کیلئے مذہب کا استعمال نہیں ہونا چاہئے - پرنب مکرجی لکچر

President Pranab Mukherjee at 7th Vidyasagar Memorial Lecture
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے حالیہ فرقہ وارانہ تشدد پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فسادات اور خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم ہندوستان کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ مختلف عقائد کے پیروکاروں کے درمیان منافرت پھیلانے کیلئے مذہب کو آلہ کار نہ بنایا جائے۔ودیاساگر یونیورسٹی میں7ویں ودیا ساگر میموریل لکچر کے دوران انہوں نے حالیہ فرقہ وارانہ فسادات کے دوران اجتماعی عصمت ریزی اور خواتین واطفال کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک واقعات قرار دیتے ہوئے کہاکہ خواتین ، لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والا کوئی بھی معاشہ مہذب نہیں کہلاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں کے واقعات کے دوران پنڈت ودیاساگر کی تعلیمات پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔ جن کے تحت عالمی عوام کو مختلف عقائد کے پیروکاروں کے درمیان تشدد اورمنافرت پھیلانے کیلئے مذہب کے استعمال کو غلط اور ناجائز قرار دیاگیاہے۔ خواتین کے ساتھ جاری امتیازی سلوک اور تشدد کے خلاف پیام دیتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ ایسے حالات میں مسائل کے حل تلاش کرنے کیلئے حکومت پر تنقید کے ذریعہ غم و غصہ کا اظہار نامناسب طریقہ عمل ہے جس سے ایسے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے اخلاقی اقدار میں مسلسل گراوٹ کے جائزہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ جنسی مساوات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے افراد کو ہم خیال بنانے کی نئی مہم شروع کرنے کی سخت اور فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے اخلاقی اقدار میں گراوٹ کا جائزہ لینے کے علاوہ انہیں درست سمت عطا کرنے کی سخت ضرورت ہے۔

Religion should not be used for propagation of hatred: President Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں