اگنی - V میزائل کا دوسرا کامیاب تجربہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-16

اگنی - V میزائل کا دوسرا کامیاب تجربہ

India successfully test fires nuclear-capable Agni-V for second time
اپنی میزائل ٹکنالوجی کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ہندوستان نے آج نیوکلیئر صلاحیت کے حامل اگنیV-طویل فاصلاتی بیالسٹک میزائل کا دوسرا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ میزائل خالصتاً دیسی ساختہ ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ 5000 کلو میٹر سے زیادہ فاصلہ تک نشانہ لگانے کی صلاحیت کے حامل اگنیV-کا اڈیسہ کے ساحل سے آج کامیاب تجربہ کیاگیا۔ چین کی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ اور اس کے ساتھ حالیہ تلخیوں کے بیچ اپنی فوجی صلاحیت میں زبردست اضافہ کرتے ہوئے ملکی یہ میزائل تیار کیاگیاہے جس سے اب چین اور یوروپ کے بیشتر علاقے اس میزائل کی زد میں آگئے ہیں۔ دفاعی تحقیق وترقی کی تنظیم ڈی آر ڈی او کے ذریعہ تیار کردہ اس میزائل کے تجربہ کی تفصیل بتاتے ہوئے تنظیم کے ترجمان روی کمار گپتا نے بتایاکہ اس میزائل نے اپنے مقرر کردہ نشانوں پر وار کیا اور یہ کہ اس تجربہ کے دوران اس میزائل سے جو بھی توقعات تھیں، وہ پوری ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق نیوکلیائی اسلحہ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا اگنی پانچ میزائل صبح8بجکر50منٹ پر داغاگیا۔ وہیلر جزیرہ سے داغا جانے والا یہ دوسرا میزائل ہے۔ اس سے قبل گذشتہ19اپریل کو بھی یہا ں سے ایک میزائل کا تجربہ کیا گیاتھا۔ آج کے کامیاب تجربہ کے بعد اب ہندوستان بین براعظم تک مار کرنے والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والے ممالک امریکہ، روس، فرانس اور چین کے گروپ میں شامل ہوگیاہے۔ ایک ٹن سے زیادہ وزنی نیو کلیائی مادہ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ جدید ترین میزائل جنگ کے دوران ایک ساتھ الگ الگ اہداف کو نشانہ بناسکتاہے۔ وزیردفاع اے کے انٹونی نے ڈی آرڈی او کے سائنسدانوں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیاہے۔

India successfully test fires nuclear-capable Agni-V for second time

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں