سزایافتہ عوامی نمائندوں کی رکنیت - سپریم کورٹ فیصلہ رد کرنے حکومت کا آرڈیننس منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-25

سزایافتہ عوامی نمائندوں کی رکنیت - سپریم کورٹ فیصلہ رد کرنے حکومت کا آرڈیننس منظور

مرکزی کابینہ نے فوجداری معاملات میں سزا یافتہ عوامی نمائندوں کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کو رد کرنے والے آرڈیننس کو آج منظوری دیدی۔ وزیراعظم منموہن سنگھ کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس آرڈیننس کو منظوری دے دی گئی۔ یہ آرڈیننس ان ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے سے بچانے کیلئے لایا جارہاہے، جنہیں فوجداری معاملوں میں دوسال یا اس سے زیادہ کی سزا سنائے جانے پر ان کی رکنیت خود بخود ختم ہونے کا حکم سپریم کورٹ نے دیاہے۔ اس آرڈیننس میں اس بات کا التزام ہے کہ سزا یافتہ ممبران پارلیمنٹ، ممبران اسمبلی اور کونسلروں کی رکنیت ختم نہیں ہوگی، اگر تین ماہ کے اندر اپیلی عدالت سماعت کیلئے ان کی اپیل منظور کرلیتی ہے۔ عدالت نے10جولائی کو اپنے اہم فیصلے میں عوامی نمائندہ قانون کی دفعہ آٹھ، چار کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اسے رد کردیاتھا ۔ عدالت نے کہاتھاکہ اگر کسی رکن اسمبلی، کونسلریا رکن پارلیمنٹ کو فوجداری معاملات میں دوسال یا اس سے زیادہ معیاد کی سزا ہوتی ہے تو اس کی رکنیت خود بخود ختم ہوجائے گی۔ عدالت عظمیٰ نے ایسے معاملوں میں گرفتاری کے بعد ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کوالیکشن نہ لڑنے کا حکم بھی دیاتھا۔ عدالت کے فیصلے کے خلاف تقریباً سبھی سیاسی پارٹیوں کی صف بندی کے بعد حکومت نے ایک نظر ثانی کی عرضی بھی داخل کی تھی جسے عدالت نے4ستمبر کو خارج کردیاتھا۔ واضح رہے کہ اعداد وشمار کے مطابق ملک کے تقریباً4635ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی میں سے1448پر فوجداری معاملے درج ہیں۔

Cabinet approves ordinance to negate SC order on lawmakers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں