جموں و کشمیر کے وزراء کو رقم کی ادائیگی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-25

جموں و کشمیر کے وزراء کو رقم کی ادائیگی کا الزام

مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ سے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے ان سیاستدانوں کے نام بتائیں جنہیں مبینہ طورپر ریاست میں امن و استحکام کے لئے فوج کی جانب سے رقم ادا کی گئی تھی۔ یہ کہتے ہوئے کہ اگر تفصیلات دی جائیں تو حکومت تحقیقات کیلئے تیار ہے اور وی کے سنگھ کو چاہئے کہ ان سیاستدانوں کے نام بتائیں۔ انہیں ان سیاستدانوں کے ناموں کا انکشاف کرنا چاہئے جنہیں مبینہ طورپر رقم ادا کی گئی تھی۔ اگر تفصیلات دی جائیں تو ہم تحقیقات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔ وزیرداخلہ کے ریمارکس ریٹائرڈ جنرل کے بیان کے بعد منظر عام پر آئے ہیں کہ ریاست میں چندوزیروں کو امن و استحکام کیلئے فوج کی جانب سے رقم دی گئی تھی اور یہ کہ یہ کام آزادی کے بعد سے کیاجارہاہے۔ مسٹر سنگھ نے جو فوجی سربراہ کے طورپر ان کی معیاد کے دوران حکومت جموں وکشمیر کو گرانے کی کوششوں کی رپورٹس پر تنازعہ کاسامنا کررہے ہیں، کل کہاتھاکہ فوج نے جموں وکشمیر میں تمام وزیروں کو رقم منتقل کی ہے کیونکہ مختلف اقدامات کئے جانے تھے اور وزراء کو کئی اقدامات کرنے تھے جو ریاست میں استحکام کے عنصر اور مختلف سرگرمیوں کے اہتمام کا حصہ تھے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا تمام وزیروں کورقم ادا کی گئی تھی، انہوں نے اپنے بیان میں ترمیم کی اور کہاکہ ہوسکتاہے کہ تمام وزراء کو نہیں بلکہ چند وزراء اور افراد کو ایک مخصوص کام کرنے کیلئے کچھ رقم دی گئی تھی اس کام میں اس مخصوص علاقہ میں استحکام لانا شامل تھا۔ مسٹر شنڈے نے نامہ نگاروں سے کہاکہ حکومت جموں وکشمیر یا کسی اور کی جانب سے فوج کی ادائیگیوں پر سنگھ کے بیان کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کوئی مراسلت موصول نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ مجھے حکومت جموں وکشمیر کی جانب سے یا کسی اور کی جانب سے وی کے سنگھ کے مسئلہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے تاحال کوئی سرکاری مراسلت موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے جموں وکشمیر کے وزراء کو کی گئی ادائیگیوں پر وی کے سنگھ کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی تفصیلات تاحال نہیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت برائے داخلہ آر پی این سنگھ نے کہا ہے کہ وی کے سنگھ کا مسئلہ قومی سلامتی کا ایک معاملہ ہے اور اس پر برسرعام کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی۔ کسی بھی شخص کو جس نے فوج میں خدمات انجام دی ہیں یا ایک اعلیٰ عہدہ پر فائز شخص کو اس طرح کی بات چیت نہیں کرنی چاہئے۔ اس دوران سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ کے ریمارکس پر کہ جموں وکشمیر میں چند وزراء کو ریاست میں استحکام کیلئے رقم ادا کی گئی تھی، کانگریس کی جانب سے سخت رد عمل کا اظہار کیاجارہاہے جبکہ ایک سابق چیف منسٹر نے صدمہ کا اظہار کیا اور پارٹی ترجمان نے ان کے غیر ذمہ دارانہ بیان کیلئے ان پر نکتہ چینی کی۔ مرکزی وزیر سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر غلام نبی آزاد نے سنگھ کے دعوؤں پر صدمہ اور بے چینی کا اظہا رکیا۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ میں خود چیف منسٹر تھا، مجھے اس کے تعلق سے کوئی علم نہیں ہے اورمیں ان افراد کے نام جاننے کیلئے آپ کی طرح بے چین ہوں جنہیں رقم ادا کی گئی تھی اور کس نے ادا کی تھی۔ سابق فوجی سربراہ کے دعوؤں پر تبصرہ کی خواہش پر انہوں نے کہاکہ میں ڈھائی سال تک ریاست کا چیف منسٹر تھا اور ٹیلی ویژن پر سنگھ کے دعوے میرے لئے تازہ خبر ہے ۔ اس مرحلہ پر میرے پاس کوئی سراغ نہیں ہے کہ ریاست میں ایسی چیزیں عمل میں آئی ہیں۔ آزاد نے یہ بات کہی۔

Certain ministers in Jammu and Kashmir paid by army, claims former chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں