کانگریس ورکنگ کمیٹی کا تلنگانہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-17

کانگریس ورکنگ کمیٹی کا تلنگانہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا

کانگریس ورکنگ کمیٹی کا فیصلہ کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں ہوگا۔ اس ماہ کے آخری ہفتہ میں یوپی اے کابینہ میں تلنگانہ نوٹ پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار رکن راجیہ سبھا پارلیمنٹری وہپ ایم اے خان نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیرداخلہ کے اعلیٰ عہدیدار کانگریس ورکنگ کمیٹی کے لئے ہوئے فیصلہ کوعملی جامہ پہنانے کیلئے مختلف محکمہ جات میں پیشرفت ہورہی ہے۔ ریاست کی تقسیم پر فائنانس، لااینڈ آرڈر، آبپاشی اور ریونیو جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے دیگر محکمہ جات الگ الگ طریقہ سے کام کررہے ہیں۔ سیما آندھرا میں چل رہی تحریک پر مسٹر خان نے کہاکہ این جی اوز جیسی تنظیموں کو سیاست سے دور رہنا چاہئے۔ یہ عوامی تنظیم ہے اور عوامی خدمات کو ترجیح دیں۔ این جی اوز کاعوامی خدمات کے بجائے اپنی ذاتی مفاد کو بچانے کیلئے تحریک کو فروغ دینا افسوسناک ہے۔ مسٹر خان نے کہاکہ سیما آندھرا عوام کانگریس ورکنگ کمیٹی کے فیصلہ کو سمجھ چکے ہیں۔ تحریک کو صرف چند مفاد پرست فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ60سالوں کے بعد ایک تاریخ ساز فیصلہ ہوا اس کے اثرات سیما اندھرا پر ہوئے ہیں۔ ایسے حالات سے کس طرح نمٹنا چاہئے کانگریس جماعت اچھی طرح سے واقف تھی۔ اس کے باوجود تلنگانہ عوام کے 60سالہ مطالبہ جو ان کابنیادی حق ہے اس کوعملی جامہ پہنایاگیا۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام اور کانگریس پارٹی کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی خدمات کو تلنگانہ عوام کے لئے وقف کردیں۔ مسٹر خان نے کہاکہ 60سالہ تاریخ میں تلنگانہ تحریک کو کافی فروغ حاصل ہوا۔ صدر کل ہند کانگریس کمیٹی سونیا گاندھی نے ایک جراتمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی خواہش کی تکمیل کی ہے ۔ تلنگانہ مرحلہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سونیا گاندھی خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے سونیا گاندھی نے سیما آندھرا اور تلنگانہ کے اہم قائدین سے فرداً فرداً ملاقات اور یوپی اے کی حلیف جماعتوں سے مذاکرات کرتے ہوئے راہ ہموار کی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی ہندوستان کی سیاست کو چلانے کیلئے قائم کی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں دانشوران و سیاسی بصیرت رکھنے والے قائدین شامل ہیں۔ ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو عہدیدار این ڈی اے حکومت میں تین ریاستوں کی تقسیم کے وقت اہم کردار ادا کیاتھا ان کے خیالات سے بھی استفادہ کیاگیا۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے فیصلہ پر کوئی سیاسی قائدین، کوئی سیاسی جماعت، حاوی نہیں ہوسکتی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ کانگریس نے ہر فیصلہ سونچ سمجھ کر کیاہے۔ چند مفاد پرست سیاستداں عوام کو غلط باور کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔

Congress Working Committee will not reverse Telangana decision

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں