تلنگانہ پر شکایات کی سماعت - چار رکنی کانگریس کمیٹی کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-08

تلنگانہ پر شکایات کی سماعت - چار رکنی کانگریس کمیٹی کی تشکیل

telangana complaints issue
کانگریس نے آج اے کے انٹونی زیر قیادت چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے فیصلہ سے رونما ہونے والی صورتحال اور تشویش سے متعلق موضوعات کی سماعت کرے گی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے اعلان کیا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے فیصلہ پر رونما ہونے والی کیفیت و ناراضگیوں کو دور کرنے اور اس سے متعلق شکایات کی سماعت کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تلنگانہ کے قیام کے اعلان کے باعث ملک بھر میں مختلف حصوں میں اس طرح کی علیحدہ ریاستیں قائم کرنے کے مطالبات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اے کے انٹونی کے علاوہ وزیر وزیر ایم ویرپا موئیلی جو کسی زمانے میں آندھراپردیش میں پارٹی امور کے انچارج رہ چکے ہیں، موجودہ انچارج اے آئی سی سی ڈگ وجئے سنگھ اور سیاسی سکریٹری برائے صدر کانگریس احمد پٹیل کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ یہ فیصلے ایک ایسے وقت کیا گیا جب اس مسئلہ سے پارلیمنٹ میں حکومت کیلئے مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔ 5اگست کو پارلیمنٹ مانسون سیشن کا آغاز ہوا ہے جب سے ایوان میں شوروغل جاری ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ کانگریس اپنے ہی ارکان پر قابو پانے سے قاصر ہے۔ سیما آندھرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے 7 مرکزی وزراء نے کل رات صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور آندھرا اور رائلسیما علاقہ میں پائی جانے والی صورتحال سے واقف کروایا۔ ملاقات کے دوران سونیا گاندھی نے ان سے کہاکہ سینئر قائدین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان کی شکایات کی سماعت کرے گی۔ ان وزراء نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ان کے حلقوں میں عوام کے اندر اندیشہ پیدا ہورہے ہیں۔ ملاقات کے دوران مرکزی وزراء جن میں ایم ایم پلم راجو، کے ایس راؤ، کے چرنجیوی، جے ڈی سیلم، پنابکا لکشمی، ڈی پرندیشوری اور کروپارانی کیلی نے بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کو دو تلگو ریاستوں کا مشتمل مشترکہ دارالحکومت بنایاجانا چاہئے۔ چندی گڑھ کے خطوط پر حیدرآباد بھی مشترکہ راجدھانی رہے۔ سونیاگاندھی سے ملاقا ت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چرنجیوی نے کہاکہ سونیا گاندھی نے انہیں تیقن دیا کہ آندھرا اور رائلسیما علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پلم راجو نے کہاکہ ہمارے لوگوں میں عدم تحفظ کااحساس پیدا ہورہا ہے اور انہیں محرومی کا شکار ہونے کا حساس ستارہا ہے ہم اس معاملے کی نمائندگی سونیا گاندھی سے کررہے ہیں۔

Govt names 4-member committee for handling Telangana issues

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں