چاندنی چوک کی تزئین کاری کے لیے 35 کروڑ روپے مختص - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-21

چاندنی چوک کی تزئین کاری کے لیے 35 کروڑ روپے مختص

Shoaib Iqbal on Chandni Chowk
حکومت دہلی کی طرف سے چاندنی چوک کی تزئین کاری کیلئے 35کروڑ روپئے مختص کرنے اور شاہجہاں آباد (مٹیا محل) کو بالکل نظر اندازکرنے پر مٹیا محل کے ایم ایل اے حاجی شعیب اقبال نے وزیراعلیٰ شیلاڈکشت کے اس رویہ پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہلی کے چاندنی چوک سے متصل مٹیا محل کی آبادی بہت قدیم ہے اور یہاں کی صورتحال بھی نہایت تکلیف دہ ہے۔ اس کے باوجود حکومت دہلی نے یہاں کیلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ حاجی شعیب اقبال نے انقلاب سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ گذشتہ 15 برسوں سے نہ تو یہاں کبھی آئی ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی یہاں کی ترقیات کیلئے وعدہ کرنے کے باوجود کوئی پہل کی ہے۔ اپنے حلقہ کی صورتحال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ یہاں کافی تعداد میں مسلمان آباد ہیں جو یہیں کام بھی کرتے ہیں اور رہتے بھی ہیں۔ عمارتیں بہت پرانی ہیں، سیوروں کی صورتحال نہایت پراگندہ ہے، گلیاں ٹوٹی ہوئیں اور سڑکیں خستہ ہیں اور ان سارے حالات سے واقفیت کے باوجود حکومت کو اس علاقہ کی کوئی فکر نہیں، اس کے برعکس چاندنی چوک میں عام طورسے تاجر لوگ رہائش پذیر ہیں جو صرف دن کے اوقات میں ہی وہاں رہتے ہیں مگر حکومت کو اس کی تزئین کاری کی سب سے زیادہ فکر ہے۔ حاجی شعیب اقبال نے وزیراعلیٰ کے دوہرے رویے پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مجھ سے کئی بار وعدہ کیا کہ مٹیا محل کی ترقی کیلئے ہم شاہجہاں بورڈ اور اس کی تزئین کاری کیلئے پرانی دہلی ڈیولپمنٹ بورڈ بنائیں گے، مگر اب تک اس کی طرف کوئی پیش قدمی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ممبر پارلیمنٹ بھی کانگریس کے ہونے کے باوجود مسٹر کپل سبل نے یہاں کی ترقیات کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ مسٹر شعیب اقبال نے کہاکہ ہم ان سب باتوں کو لے کر آئندہ اسمبلی اجلاس میں ایوان کے اندر آواز اٹھائیں گے اور شیلا دکشت کے اس دوہرے رویے کے خلاف احتجاج کریں گے۔

Rs 35 crore allocated for the renovation of Chandni Chowk

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں