اردو فونٹ اور کی-بورڈ منیجر کا چہار جانب استقبال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-14

اردو فونٹ اور کی-بورڈ منیجر کا چہار جانب استقبال

کامنی اردو مرکز، فیروز آباد نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اس تاریخی قدم کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اس نے اردو کی ترقی میں سنگ میل کا کام کرتے ہوئے نئے اردو فونٹ اور کی بورڈ منیجر ایجاد کئے ہیں، اس سلسلہ مرکز کی ایک نشست الہدیٰ ماڈل اسکول پر منعقد کی گئی جس میں حاضرین کو اس نئی ایجادا ور اس کے استعمال کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔ مرکز کے صدر میاں بصار الدین نے اس تاریخی قدم کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ خطاطی میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اب سے کچھ سال پہلے تک اردو صرف کیل کی لکھائپی جیسے فونٹ میں ہی کمپیوٹر پر دستیاب تھی، لیکن گذشتہ کچھ سالوں میں اس شعبے میں خاصی ترقی دیکھنے کو ملی اور اب ایک اچھی خاصی تعداد میں نئے نئے فونٹ مارکٹ میں نظر آنے لگے ہیں، لیکن ہندوستان میں ا س شعبہ میں ممبئی کے سید منظر صاحب کا ہی کچھ کام رہا، جو ایکسس سافٹ میڈیا نام کی کمپنی چلاتے ہیں، باقی اردو خطاطی کے شعبہ میں تمام کام پاکستان سے ہی دیکھنے کو ملا تھا، اب قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے ہندوستان میں اس کام کو اپنے ہاتھوں میں لے کر ایک بڑا کام کیا ہے اور اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آرہے ہیں خاص طورپر اردو کی بورڈ منیجر اس کی واقعی بیش بہا کامیابی ہے۔ اس کام کیلئے کامنی اردو مرکز قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کو اور خاص طورپر اُس کے ڈائرکٹر خواجہ اکرام الدین اور ڈاکٹر وسیم بریلوی کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ شاذیہ کفیل نے اس موقع پر بتایاکہ کونسل کا یہ قدم اس لئے اور بھی زیادہ تعریف کا مستحق ہے کیونکہ اس نے اس کو بغیر کسی اجرت کے عوام کو مہیا کرایا ہے، دنیا کے کسی کونے میں بھی جو لوگ اس کی بورڈ یا فونٹ کو حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ کبھی بھی کونسل کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کو انسٹال کرنا بے حد آسان ہے اس کیلئے آپ سب سے پہلے ونڈو ایکس پی کی سی ڈی لگائیں، اگر آپ کے کمپیوٹرمیں ونڈو ایکس پی کا بیک اپ موجود ہے تو سی ڈی کی ضرورت نہیں ہے۔ پہلے اسٹارٹ بٹن سے کنٹرول پینل میں جائیں اور ریجنل اور لینگویج آپشن پر کلک کریں۔ لینگویج ٹیپ کا انتخاب کریں اور پھر انسٹال فائلس فارکامپلکس اسکرپٹ اینڈ رائٹ ٹولیفٹ لینگویجز پر ٹک کا نشان لگادیں، پھر اپلائی بٹن پر کلک کریں، اس کے بعد ایڈ بتن پر کلک کریں، پھر ان پٹ لینگویج پر کلک کرکے اردو کو منتخب کرلیں۔ اس کے بعد آپ باہر آجائیں اور کی بورڈ لے آوٹ پر کلک کرکے فونٹیک کو منتخب کرلیں اور او کے بٹن پر کلک کرکے باہر جائیں، اس کے بعد اپنے کمپیوٹر کو دوبارہ اسٹارٹ کرلیں اب آپ کے ڈیسک ٹاپ پر لینگویج آپشن آچکا ہوگا۔ اس پر کلک کریں یا پھر شارٹ کٹ "آلٹ شفٹ" کا استعمال کرکے اسے اردو میں تبدیل کریں، اب آپ اپنے کمپیوٹر پر بہ آسانی اردو لکھ سکتے ہیں۔ یعنی اب آپ کیلئے اردو میں لیٹر لکھنا، ای میل بھیجنا، فیس بک پر لکھنا وغیرہ بے حد آسان ہوچکا ہے، نئے نئے خوبصورت اردو فونٹ بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں اردو کے اہم فونٹس میں نوری، نستعلیق کشیدہ، نسخ، علوی، پاک، اردو عماد، نفیس کشیدہ، ایران نستعلیق وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر ذہین احمد نے کہا کہ اردو کے فروغ کا یہ ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ آج جو لوگ بھی اردو ٹائپنگ، کمپوزنگ جیسے کاموں سے منسلک ہیں ان کیلئے روزگار کی کمی نہیں ہے۔ یہاں سے قومی کونسل کو ہندوستان کی تمام اردو فروغ سے منسلک اکائیوں کو یکجا کرکے ایک نشست لینی چاہئے اور منظم طریقے سے اردو کو روزگار سے جوڑنے کا کام کرنا چاہئے۔ نشست میں الحاج شمشاد حاوی، سالم شجاع انصاری، خواب احمد بھائی جان، امروز الدین وغیرہ نے بھی قومی کونسل کے اس قدم کی ستائش کی۔

اردو انڈیا - اردو نسخ و نستعلیق فونٹ اور اردو کی-بورڈ کا حکومتی سطح پر اجرا

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں