کشمیر - یوم شہیداں کے موقع پر ہڑتال سے عام زندگی مفلوج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-14

کشمیر - یوم شہیداں کے موقع پر ہڑتال سے عام زندگی مفلوج

ساری وادی کشمیر میں آج یوم شہیداں منایا گیا اور ان 22کشمیریوں کو یا دکیا گیا جنہیں 1931ء میں آج ہی کے دن یہاں سنٹرل جیل کے باہر ڈوگر ا پولیس نے ہلاک کردیا تھا۔ پولیس نے مہاراجہ کی حکومت کے خلاف بغاوت کرنے عبدالقدیر پر منصفانہ اور کھلا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جیل کے باہر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کردی تھی۔ اصل تقریب ڈاؤن ٹاون علاقہ میں نقش بند صاحب کی درگاہ میں منعقد ہوئی جہاں یہ شہید مدفون ہیں۔ چیف منسٹر عمر عبداﷲ اور ان کے بعض کابینی رفقاء سب سے پہلے خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل رہے۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ بہرحال علیحدگی پسند قائدین جنہیں نظر بند رکھا گیا ہے اور عام کشمیروں کے خراج عقیدت پیش کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ سکیورٹی فورسس نے آج صبح سے ہی سارے ڈاون ٹاون اور شہر خاص علاقہ کو بند کردیا تھا۔ اس علاقہ کے عوام کو باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ تمام سیاسی جماعتوں نے جن میں اصل دھارے کی اور علیحدگی پسند جماعتیں بھی شامل ہیں، سیاسی خطوط سے بالاتر ہوکر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گورنر این این ووہرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کو پرامن، خوشحال اور ملک کی ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے اپنے آپ کو دوبارہ وقف کریں۔ چیف منسٹر عمر عبداﷲ نے شہیدوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ظلم و زیادتی کے خلاف جدوجہد کرنے والے ہیرو قرار دیا۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق علیحدگی پسند تنظیموں کی جانب سے یوم شہیداں کے موقع پر ہڑتال کی اپیل کے سبب ساری وادی بشمول سری نگر میں آج عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ سرکاری دفاتر بینک اور تجارتی ادارے سرکاری تعطیل کی وجہہ سے بند رہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق ڈاون ٹاون میں شہیدوں کے قبرستان تک علیحدگی پسندوں کے مارچ کو ناکام بنانے حکام نے سارے ڈاون ٹاون اور شہر خاص علاقہ میں آج صبح سے ہی غیر معلنہ کرفیو نافذ کردیا تھا۔ تاہم پولیس نے کہاکہ نظم و ضبط کی برقراری کیلئے دفعہ 144 کے تحت تحدیدارت عائد کی گئی ہیں۔

Strike shuts down Kashmir on Martyrs' Day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں