ہیمنت سورین - جھارکھنڈ کے نویں وزیر اعلیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-14

ہیمنت سورین - جھارکھنڈ کے نویں وزیر اعلیٰ

جھارکھنڈ مکتی مورچہ قائد ہیمنت سورین نے جو پارٹی سربراہ شبو سورین کے فرزند ہیں، آج جھارکھنڈ کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا۔ گورنر سید احمد نے راج بھون میں واقع برسامنڈپ میں 37 سالہ قبائلی لیڈر کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر کانگریس اور آر جے ڈی کے لیجسلیچر پارٹی قائدین راجندر پرساد سنگھ اور انا پورنا دیوی کو بھی وزراء کی حیثیت سے حلف دلایاگیا۔ ہیمنت سورین جو 13 سال سے بھی کم کے عرصہ میں 9 ویں مجلس وزراء کی صدارت کررہے ہیں بابو لال مرانڈی، ارجن منڈا، شبو سورین اور مدھورا کے بعد پانچویں قبائلی چیف منسٹر ہیں۔ غور طلب ہے کہ ریاست کا قیام 15 نومبر 2000 میں عمل میں آیا تھا۔ قبل ازیں گورنر نے کل رات دیر گئے ریاست میں صدر راج کی منسوخی کا مکتوب موصول ہونے کے بعد ہیمنت سورین کو تشکیل حکومت کی دعوت دی تھی۔ جے ایم ایم قائدین نے 9 جولائی کو تشکیل حکومت کا ادعا پیش کیاتھا۔ انہوں نے کانگریس، راشٹریہ جنتادل ، چھوٹی جماعتوں اور آزاد ارکان اسمبلی کے تائیدی مکتوب گورنر کے حوالے کئے تھے۔ توقع ہے کہ وہ ایوان میں طاقت کی آزمائش کے بعد اپنی کابینہ میں توسیع کریں گے۔ صدر راج کے نفاذ کے تقریباً6ماہ بعد ایک نئی متبادل مخلوط حکومت قائم ہوئی ہے۔ ریاست میں صدر راج 18جنوری کو نافذ کیا یا تھا کیونکہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے 8 جنوری کو ارجن منڈا زیر قیادت بی ج پی حکومت کی تائید سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق جھارکھنڈ کے نئے چیف منسٹر ہیمنت سورین نے آج کہاکہ گورنر سید احمد سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ 18 جولائی کو ریاستی اسمبلی کا ایک خصوصی اجلاس طلب کریں۔ سورین نے آج دن میں چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد کہاکہ کابینہ نے گورنر سے 18 جولائی کو ایوان کا اجلاس طلب کرنے کی سفارش کی ہے۔ تاہم انہوں نے نامہ نگاروں کے ان سوالات کو ٹال دیا کہ ان کی حکومت اسی دن طاقت کی آزمائش کرے گی۔ چیف سکریٹری آر ایس شرما نے قبل ازیں نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ ایوان کی کارروائی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پرمشتمل ہوگی۔ جے ایم ایم صدر شبو سورین اور جھارکھنڈکے نئے چیف منسٹر ہیمنت سورین ریاست پر حکومت کرنے والی باپ بیٹے کی پہلی جوڑی بن گئے ہیں۔ شبو سورین 2005 اور 2010ء کے دوران 3مرتبہ چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔

Hemant Soren takes oath as ninth chief minister of Jharkhand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں