قتال کی اجازت میں تاخیر کیوں ؟ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-22

قتال کی اجازت میں تاخیر کیوں ؟

War and Peace
عصر حاضر میں دہشت گردی کے ساتھ اقوام عالم کے مابین جنگ اور لڑائیاں ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ظلم و مظلومیت کے پیمانے بھی اب وہ نہیں رہے جو اپنے معیار و مطلوب کے لحاظ سے کسی زمانے میں ہوا کرتے تھے۔ چھپ کر مارنے والے جب بھی اور جسے بھی مارتے ہیں ،وہ دراصل اُن کے قصوروں کو فرض کرکے مارتے ہیں اور پھر اِن کے بدلے کی باری آتی ہے تو بدلہ لینے والوں کو بھی ہمیشہ یہ تذبذب Confusion لاحق رہتا ہے کہ وہ اپنے دشمنوں کو مار رہے ہیں یا معصوموں کو۔اِنسانی جان کی قدرو قیمت اِس طرح گر جائے گی، شاید ماضی کے اقوام نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا۔کھلے شہروں پر بم برسانے والی نام نہاد مہذب قومیں آج بھی یہ بات طے نہیں کر پائی ہیں کہ جنگ کن اُصولوں کے تحت لڑی جانی چاہئے !
رمضان کا مہینہ جب بھی آتا ہے ،برکتوں اور رحمتوں کی سوغات لے کے آتا ہے۔ ایک طرف نہ صرف، روزہ ، زکوٰۃ ، نمازِ تراویح، حصولِ تقویٰ،شب گزاری،طاق راتیں، شبِ قدر،خیر خیرات، صدقہ و فطرے کی یاد تازہ کرجاتا ہے، بلکہ ساتھ ہی وہ اُن جنگوں کواور جنگوں کے اُن اُصولوں کو بھی، جن کے تحت جنگیں لڑی جانی چاہئیں، ہمارے ذہنوں میں تازہ کر جاتا ہے ۔ خصوصاً وہ جنگیں جو ماہِ رمضان میں برپا ہوئیں، خصوصاً جنگ بدروغیرہ۔چنانچہ سطحِ زمین پر مختلف علاقوں میں اِس وقت مسلمان اپنے حقوق کی جو لڑائیاں لڑ رہے ہیں،اُن کے لیے ضروری ہے کہ وہ اِن کا مذکورہ خطوط پر محاسبہ کریں،کہ کیا اِنہیں جہاد یا قتال کہنا ازروئے قرآن و سنت درست بھی ہے یا نہیں۔! قرآن جسے جہاد یا قتال کہتا ہے، کیا آج کی مسلم جنگی مصروفیات قرآن کے پیش کردہ اِن معیارات پر پوری طرح اُترتی بھی ہیں یا یہ محض مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کی ایک مذموم کوشش ہے؟
رمضان کے مہینے میں اور خصوصاً ، جنگ بدر کی یادوں کے درمیان ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اِس موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی جائے:
سورہ البقرہ(2)میں یہ آیت ملتی ہے۔۔۔:
إن الذين آمنوا والذين هاجروا وجاهدوا في سبيل الله أولـئك يرجون رحمت الله والله غفور رحيم
"جو لوگ ایمان لائے اور اللہ تعالیٰ کے لیے (اپنا) وطن چھوڑ ا اور ( اہل کفر کے ساتھ جواباً )برسرِجہادفی سبیل اللہ رہے، وہی لوگ اللہ کی رحمت کے امیدوار ہیں اور اللہ، غفور اور رحیم ہے۔"(218)۔

غور کیا جائے توجہاد کا پوراکا پورا عمل ایک Process ہے اور اپنے سیاق وسباق میں ایک تسلسل رکھتا ہے، جیسا کہ اِس آیت میں نظر آتا ہے۔یعنی دعوت حق پیش کی جائے، پھر مدعوئین کا بیشتر حصہ اِس کا انکار کرے پھر اہلِ کفر کی جانب سے ،اہلِ حق کی مخالفتوں کا پرتشدد آغاز ہو،پھراہلِ ایمان اپنے وطن سے ہجرت پر مجبور ہو جائیں اور اپنے لیے جائے قرار تلاش کرلیں،پھراِن پر اہلِ کفر حملہ آور ہوں تو جواباً اپنے دفاع میں اہلِ ایمان ہتھیار اُٹھالیں۔یہی وہ مقام ہوتا ہے جہاں از روئے قرآن "قتال اورجہاد" کے احکامات لاگو ہوتے ہیں۔ اِس تسلسل یا Sequenceمیں اگرکسی جنگ کو نہیں دیکھا گیا تو ایسی جنگ ، جنگ ہی رہے گی، "جہاد یا قتال" ہر گز نہیں بن سکے گی۔اگر اِس پورے عمل Processکو نظر انداز نہیں کیا جاتا ہے تو اِس کی تقدیم و تاخیرکا کوئی سوال ہی نہیں اُٹھتا ۔جہاد و قتال کی یہ تمام شرائط ، جو آئندہ پیریگرافس میں تفصیل کے ساتھ بیان کی جائیں گی، اِسی تسلسل کا حصہ ہیں اور یہ شرائط جس وقت پوری ہوجاتی ہیں، قتال کی اِجازت خود بخود لاگوInvoke ہوجاتی ہے، کسی تقدیم یا تاخیر کے بغیر،تاآں کہ یہ شرائط تکمیل کے مراحل طے کرتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ جائیں۔ قرآن شریف میں جس جس مقام پر جہاد وقتال کے احکامات آئے ہیں ، ان میں یہی ترتیب ہمیں ملے گی اور ان شرائط میں ایک اور شرط شامل ہو جائے گی جسے سورۂ التوبہ(9)کی آیت 20 میں بیان کیا گیا ہے :
الذين آمنوا وهاجروا وجاهدوا في سبيل الله بأموالهم وأنفسهم
"جو لوگ ایمان لائے،اورانہیں ا پنے ایمان کی خاطر ہجرت کرنی پڑی، اور(اہل کفر کے حملے کے جواب میں)انہیں اپنی جان ومال سے اللہ کی راہ میں جہاد کرناپڑا۔۔۔۔۔"
یہ صرف قرآن شریف کا ہی اعجاز ہے کہ وہ انتہائی مختصر الفاظ میں اپنی بات کو مکمل طور سے پیش کردیتا ہے۔یہ آیت صاف طور پر کہتی ہے کہ جہاد وقتال میں انسان کو اپنی جان اور مال دونوں لگانے ہوتے ہیں۔ اگر کوئی صرف اپنامال لگاتا ہے اور اپنی جان کو محفوظ رکھنا چاہتا ہے،نیز جہاد وقتال کے نام پرنوجوانوں کے قلب و ذہن میں جوش بھرتا ہے اور ان کی جانوں سے کھلواڑ کرتا ہے تو اُسے سمجھ لینا چاہیے کہ وہ اللہ کی آیتوں کے ساتھ مذاق کا مرتکب ہے ، جس کا بھگتان اُسے اللہ کے ہاں ضرور کرنا ہوگا۔
سورۂ نساء(4) میں اِرشادِ باری تعالےٰ ہے۔۔۔
ألم تر إلى الذين قيل لهم كفوا أيديكم وأقيموا الصلاة وآتوا الزكاة فلما كتب عليهم القتال إذا فريق منهم يخشون الناس كخشية الله أو أشد خشية وقالوا ربنا لم كتبت علينا القتال لولا أخرتنا إلى أجل قريب قل متاع الدنيا قليل والآخرة خير لمن اتقى ولا تظلمون فتيلا
" کیا تم نے اُن لوگوں کا حال نہیں دیکھا جن کو (پہلے یہ) حکم دیا گیا تھا کہ اپنے ہاتھوں کو (جنگ سے) روکے رکھو اور نمازقائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرتے رہو، پھر جب اُن پر جہاد فرض کر دیا گیا تواِن میں سے بعض لوگ ،لوگوں سے یوں ڈرنے لگے، جیسے اللہ تعالیٰ سے ڈرا جاتا ہے، بلکہ اس سے بھی زیادہ، اور بڑبڑانے لگے کہ اے اللہ! تو نے ہم پر جہاد (اِس قدر جلد) کیوں فرض کر دیا، تھوڑی مدت اور مہلت ہمیں کیوں نہیں دی؟ (اے پیغمبر صلی اللہ علیہ و سلم ان سے) کہہ د و کہ متاعِ دنیا بہت ہی قلیل ہوتی ہے اورآخرت صاحبینِ تقویٰ کے لئے(خیر ہی) خیر ہے، اور(یاد رہے کہ) تم پر دھاگے برابر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔ "(77)۔

اِس آیت میں سب سے پہلے جس عمل کی حکماً تاکید کی گئی ہے وہ یہ ہے کہ"اپنے ہاتھوں کو (جنگ سے) روکے رکھو۔"جو قومیں اِس عمل کو پہلے ہی مرحلے میں فراموش کرکے جنگ کی طرف لپکنا چاہتی ہیں وہ صریح طور پر حکمِ خداوندی سے رو گردانی کی مجرم بن جاتی ہیں۔ظاہر ہے جب پہلا عمل ہی پورا نہ ہوا ہو، جس میں صرف یک طرفہ صبر کا پیغام ملتا ہو،اور جس میں اقامتِ صلوٰۃ اور ادائیگئ زکوٰۃ بھی شامل ہے، تو ابھی قتال فرض کہاں ہوا! پھر تاخیر اورتعجیل کا سوال ہی کہاں اٹھتا ہے! یہاں ایک بات نوٹ کئے جانے کے قابل ہے کہ جواب دینے کی طاقت ہو یا نہ ہو، اپنے ہاتھوں کو روکے رکھنا ہر مومن کا پہلا فرض بنتا ہے۔ یعنی یک طرفہ صبر کی عادت ڈالی جائے ۔ کمزور کے بجائے جب کوئی طاقتورظلم پر صبر کرتا ہے تو یہ ایک دو دھاری تلوار بن جاتی ہے۔ اِس صورتحال میں اب ڈائرکٹ اللہ تعالیٰ کا رول شروع ہوجاتا ہے اور اعلان ہوتا ہے کہ" وہ ہمیشہ صابرین کے ساتھ ہے"۔اللہ ساتھ ہو تو بہر حال فتح و نصرت صابرین ہی کے ہاتھ آئے گی،دیر سویر دُشمن کے دل مفتوح ہوں گے اور ظلم کے سلسلے خود بخود بند ہو جائیں گے اور ایسے ہی صابرین کے لیے اللہ نے استعینوا بالصبر والصلوۃ کی تاکید بھی کی ہے اور اپنی مدد کی بشارت بھی دی ہے۔جس فرد، قوم یا جماعت کواس طرح کے اِلٰہی وعدوں پر بھروسہ نہیں وہ اپنے ایمان کی خیر منائیں،اِن کے لئے اللہ کی مدد آنا تو درکنار،اِس طرزِ عمل پر اللہ کی ناراضی اورخسران مبین ان کے ہاتھ آئے گا۔
قرآن شریف میں کہیں بھی یہ حکم نہیں ملتا کہ طاقت ہو یا نہ ہو،بس اپنے" فریق" سے ٹکرایا جائے ، اِس ٹکراؤ کو اللہ کے نام پر یا "دین کو پھیلانے" کے نام پر انجام د یا جائے اور اِس میں جان بھی دینا پڑے تو اِس سے گریز نہ کیا جائے۔خدا نخواستہ اگر زمین کے کسی حصے میں اہلِ ایمان کے لیے حالات مخدوش ہوجائیں اورظالمانہ ماحول میں ہجرت کے مواقع بھی باقی نہ رہیں تو،شہر کے امن کو غارت کرنے کے لیے دینی جواز پیدا کرنے کے بجائے، اچھا تو یہی ہے کہ ایسے افراد ایک پر امن شہری کی طرح، شہر کے کسی قریبی غار میں جاکر سو جائیں،جیسا کہ اصحابِ کہف نے کیا تھا اور اپنی فکر کریں، رہی اللہ کے دین کو پھیلانے کی فکر تو اِس کے لیے اللہ کافی ہے۔

ایک بار ایسا ہوا کہ حضرت موسیٰ ؑ کے انتقال کے بعد بنی اسرائیل پر جہاد کا شوق غالب آیا۔ اپنے دور کے نبی ؑ سے فرمائش کی کہ اُن کے جہاد کا شوق پورا کیا جائے ۔نبی ؑ نے اِن سے کہا کہ، سوچ لو، اگر اللہ کی جانب سے جہاد فرض ہو ہی جائے توکہیں آنجناب کی صحت نہ بگڑ جائے۔ کہنے لگے کہ"ہمیں کیا ہوا ہے کہ ہم جہاد سے گریز کریں، جبکہ اللہ کی خاطر ہی تو ہم نے اپنے گھر بار، خویش اقارب کو چھوڑا اور ہجرت کی؟پھر جب اللہ نے جہاد کا حکم نازل فرمایا اور اللہ کی طرف سے کمانڈر انچیف مقرر کیا گیا تو یہی حضرات ان سارےIssuesکو لے کر طرح طرح کے اعتراضات کرنے لگے۔ کمانڈر کے دل میں اللہ نے ایک بات ودیعت فرمائی کہ ان خود ساختہ مجاہدین کا کوئی چھوٹا موٹا امتحان لے لیا جائے۔ ایک نہر سے سیر ہوکرپانی پینے پر پابندی لگی تو یہی سورما بے صبرے ہوگئے اور اِس پابندی پر قائم رہنے سے صاف اِنکار کر دیا۔کمانڈر نے کہا کہ تم ایک چھوٹے سے حکم کی تعمیل نہ کرسکے،حالانکہ تم بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ آگے بڑھے تھے،اب تمہارا حال کیا ہے؟ تم تو خود ہی فوج کے لئے بوجھ ثابت ہورہے ہو۔۔۔
بحوالہ سورۃ البقرۃ (2) ۔۔۔ آیات (246تا249)۔

اصل میں یہ پرامن حالات میں جینے والے کچھ غیر برد بار قسم کے لوگ ہوتے ہیں ، جن میں وقفے وقفے سے امن و امان کی قیمت پرجہاد کی بے بنیاد خواہش جاگتی رہتی ہے،ورنہ اِنہیں جماہیاں آنے لگتی ہیں ، جیسا کہ کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
خدا کا شکر کہ محفل میں ذکرِ دار چھڑا
ہمیں تو آنے لگی تھیں جماہیاں لوگو

اور جب واقعتاً جہاد کا وقت آجاتا ہے توایسے بزدل لوگ پوری ملت پربوجھ بن جاتے ہیں، جیسا کہ آج بنے ہوئے ہیں ۔جہاد کے نام پر اِن کی اُلٹی سیدھی حکمتِ عملی نے ساری مسلم دُنیا کے کندھوں پر ایک ایسا بوجھ لاد دیا ہے ،جو نہ ڈھویا جاتا ہے ،نہ اُتارے اُترتا ہے۔شاید یہی سبب ہے کہ رب تعالےٰ نے قرآن شریف میں اپنے فریق سے خواہ مخواہ ٹکڑانے کا حکم کہیں نہیں دیا۔چاہے فریق طاقتور ہو کہ کمزور۔اہل ایمان کو صرف اور صرف داعی بنے رہنا ہے۔جہاد کے سلسلے میں اللہ کے اِن احکامات میں کبھی تبدیلی نہیں ہو سکتی، چاہے وہ حضرت نوحؑ کا دور ہو یا حضرت ابراہیم ؑ کا ، حضرت موسیٰ ؑ کا دور ہو یا حضرتعیسیٰ ؑ کا، جن کا خلاصہ یہ ہے کہ کتاب اللہ کی دعوت کا کام شروع کیا جائے، پھر اِس سے لوگ کفر کریں، اور ظلم ڈھانے لگ جائیں ، تو اہلِ ایمان ایک مامون جگہ کی سمت ہجرت کر جائیں، اور دعوت کا کام جاری رکھیں ، پھر اگر اِس کے باوجود ان پرحملہ ہوتا ہے تو، اپنے دفاع میں انہیں ہتھیار اٹھانے کی اجازت ہے۔یہ ہے کتاب اللہ کے پیغام کا لب لباب جہاد کے سلسلے میں۔ہاں، اگربدنصیب لوگ کتاب اللہ سے شعوری یا غیر شعوری طور پر پیچھا ہی چھڑانے پر تلے ہوئے ہیں اور اپنے خود ساختہ فلسفۂ جہاد و قتال کو لے کرکشت و خون کے بازار کے انڈکس کو نیچے نہیں گرانا چاہتے ہیں تو اُن کی بلا سے۔وہ خود ہی اپنی بربادی کے ذمہ دار ہوں گے۔ کامیابی تو صرف اللہ کے قانون میں مضمر ہے، قتال یا جہاد کیلئے ہمارے یہاں ایک لفظ اور بھی مستعمل ہوتا رہتاہے جوگمراہ کن ہی نہیں، تباہ کن بھی ہے اور وہ لفظ ہے۔۔۔" لڑائی"۔مجرْد لفظ" لڑائی "سے یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ" لڑائی " کا اصل مفہوم کیا ہوتا ہے؟مثلاً، دو آدمی اُلجھ پڑتے ہیں تواِسے بھی لڑائی کہا جاتا ہے۔ دو ملکوں کی سرحدی جنگ بھی" لڑائی" کہلاتی ہے۔ دو فرقوں کے فسادکو بھی "لڑائی" کا نام دیا جاتا ہے۔اِس کا سبب یہ ہے کہ یہ لفظ اِلٰہی زبا ن کا لفظ نہیں ہے، بلکہ یہ اِنسانی زبان کا لفظ ہے۔اِلٰہی زبان "عربی" زبان ہی کا یہ اعجاز ہے کہ وہ کسی شئے یا فرد کی ہر کیفیت کے لیے علاحدہ علاحدہ الفاظ ہمیں عنایت کرتا ہے۔ مثلاً،قرآن شریف ہمیں دو انسانوں، دو خاندانوں، دو گروپس، دو طبقات اوردو ممالک کے کسی خلفشار یا کشت وخون کے لئے الگ الگ الفاظ جیسے (شجر۔۔۔ تنازع۔۔۔حاج۔۔۔جدل۔۔۔ خصم ۔۔۔ تشاکس ۔۔۔ انتصر۔۔۔ عاقب۔۔۔ فسد ۔۔۔ حرب ۔۔۔ قتال۔ ) سے روشناس کراتا ہے اورہرلفظ اپنی اپنی جگہ ٹھوس معنی رکھتا ہے۔ ہمارا حال یہ ہے کہ ہم جیسے غیر ذمہ دار لوگ ہر طرح کی چپقلش کو ایک ہی نام دیتے رہتے ہیں اور فر د ہو کہ اقوام، باہمی اُلجھنوں کی نوعیت کو سمجھتے بھی نہیں ، نہ اِنہیں حل کر پاتے ہیں اور خود پر راہیں آسان کر لیتے ہیں۔ الفاظ کے اِنتخاب کی اِس نزاکت کو سمجھنا ضروری ہے ۔لیکن ہمارا حال یہ ہے کہ صرف ایک آیت کو لے کر Full fledgedتحریکیں چلاتے ہیں اور اِن پرصدیاں کھپا دیتے ہیں۔کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کسی دوسری آیت سے پہلی آیت کومعطل Nullify کردیتے ہیں، کسی آیت کو منسوخ ہی بتا دیتے ہیں، کسی سورۃ کو سمجھنے کے لیے شان نزول کے ساتھ جوڑ لیتے ہیں،یا کسی روایت کے تابع ہو کر آیاتِ اِلٰہی کی آفاقیت کو محدود کر لیتے ہیں۔
"قتال اور جہاد" کے دو الفاظ کو لے لیجیے،یہ دونوں الگ الگ الفاظ ہیں۔ دونوں کا مادہ بھی الگ ہے اور معنی بھی الگ ہیں۔ لیکن مسلمانوں نے اِن دونوں الفاظ کا اس کثرت سے استعمال بلکہ استحصال کیا ہے، کہ ہمیں بھی بعض اوقات مجبوراً ایک ساتھ دونوں الفاظ کو ایک ہی معنیٰ میں استعمال کرنے کا جوکھم اُٹھانا پڑتا ہے۔لیکن یہ حقیقت نظر انداز نہیں کی جاسکتی کہ قتال ہوکہ جہاد۔۔۔ اِن کا واحد ایجنڈاصرف "فی سبیل اللہ" ہے۔
قتال یا جہاد جب بھی برپا ہوگا "فی سبیل اللہ" کے ہی عنوان سے برپا ہوگا۔ قتال اور جہاد کے ساتھ جب بھی وطن، زمین کے ٹکڑے،حقوق، ظلم یا کسی اور غرض کو نتھی کیا جائے گاوہ جہاد یا قتال فی سبیل اللہ نہیں کہلائے گا۔اِسی طرح قومی و ملی حقوق کی لڑائیاں قتال یا جہاد کا ہرگز موضوع نہیں ہوں گے۔حقوق یا وطن کی لڑائیوں کو جہاد کہنااور قتال پر اہل ایمان کو اُکسانا ایک Fraud ہے اور فراڈ کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ اِس میں مرنے والوں کو بلا تکلف" شہید"کہنے والے ایک خود ساختہ دعویٰ کے علمبردار کہلائیں گے، اِن پر فی سبیل اللہ کا لیبل دراصل دھوکے کا سودا ہوگا اور، اس پر اللہ کے کسی وعدے کا کوئی ذکر اِس کی آخری تنزیل میں ہمیں نہیں ملتا۔جب فی سبیل اللہ کے علاوہ کسی اور مقصد کے لیے قتال یا جہاد کا دعویٰ کیا جائے گا تو دراصل یہ زیادتی کہلائے گی۔
سورۃ البقرہ(2) کی درجِ ذیل مختصر سی آیت پوری جامعیت کے ساتھ جن اصولوں کو بیان کرتی ہے وہ حتمی Final ہیں۔چنانچہ آیت کی تنزیل میں تعجیل اور تاخیر کی راہ نکال کر اپنے مذموم مقاصد کی خاطر قرآن شریف کے احکامات کو توڑنا مروڑنا ہمارا دیرینہ مشغلہ بن گیا ہے جوہرگز نہیں ہونا چاہیے۔قرآن شریف کے احکامات ہمیشہ Crystal Clear ہوتے ہیں اور اپنا مدعا صاف صاف پیش کرتے ہیں:
وقاتلوا في سبيل الله الذين يقاتلونكم ولا تعتدوا إن الله لا يحب المعتدين
البقرة:190

" اور جو لوگ تم سے لڑتے ہیں تم بھی اللہ کی راہ میں جواباًاُن سے لڑو، مگر زیادتی نہ کرنا کہ اللہ تعالیٰ زیادتی کرنے والوں کے ساتھ محبت نہیں کرتا ۔"

یہ آیت قتال کے سلسلے میں قرآن شریف میں سب سے اوّل واردشدہ آیت ہے۔ مختصر سی آیت قتال کے تین بنیادی اُصول نہایت ہی واضح طور پر بیان کرتی ہے۔اولاً،جنگ مدافعتی ہو، ثانیاً،فی سبیل اللہ ہو اور ثالثاً،زیادتی نہ ہو۔مسلمانوں کی جانب سے لڑی جانے والی جنگوں میں اِن تین اُصولوں یا شرائظ کی پابندی مقدم ہوگی اوریہ ہمارے ایمان کا تقاضہ بھی ہوگا،کیوں کہ یہ اُصول کتاب اللہ کی آیات سے مستنبط ہیں۔ دیگر ذیلی اُصول و شرائط یا مذکورہ آیت کی دیگر تفصیلات بھی قرآن شریف کے بیشتر مقامات پر موجود ہیں۔جس میں سرِ مو فرق نہیں پایا جاتا اورنہ ایسا ہوسکتا ہے۔
تنزیل کے اعتبار سے مدینہ طیبہ ہجرت ہوتے ہی جہاد اور قتال کے تعلق سے سب سے پہلے نازل ہوئے احکامات سورۃ الحج (22)کی آیات (39تا41)میں موجود ہیں جو یہاں پیش کی جارہے ہیں:
أذن للذين يقاتلون بأنهم ظلموا وإن الله على نصرهم لقدير
الذين أخرجوا من ديارهم بغير حق إلا أن يقولوا ربنا الله ولولا دفع الله الناس بعضهم ببعض لهدمت صوامع وبيع وصلوات ومساجد يذكر فيها اسم الله كثيرا ولينصرن الله من ينصره إن الله لقوي عزيز
الذين إن مكناهم في الأرض أقاموا الصلاة وآتوا الزكاة وأمروا بالمعروف ونهوا عن المنكر ولله عاقبة الأمور
الحج:39-40-41

"۔۔۔جن اہلِ ایمان سے (خواہ مخواہ) لڑائی کی جاتی ہے اُنہیں اجازت ہے (کہ وہ بھی جواب دیں) کیونکہ اُن پر ظلم ہو رہا ہے اور اللہ (اُن کی مدد کرے گا وہ) یقیناًاُن کی مدد پر قادر ہے (39)۔
یہ وہ لوگ ہیں ، جو اپنے گھروں سے ناحق نکال دئیے گئے (جب کہ انہوں نے کوئی قصور نہیں کیا تھا)، ہاں وہ صرف اِتناضرور کہتے رہے کہ ہمارا رب، اللہ ہے۔ اور اگر اللہ لوگوں کو ایک دوسرے سے دفع نہ کر تا تو (راہبوں کے) خلوت کدے اور (یہودیوں کے)صوامع اور (عیسائیوں کے) گرجا گھر اور (مسلمانوں کی) مساجد جن میں اللہ کا کثرت سے ذکر کیا جاتا ہے، برباد کردی جاتیں، اور جو شخص اللہ کے Causeمیں مدد گار بنتا ہے، اللہ اُس کی ضرور مددکرتا ہے،بے شک اللہ قوی وغالب ہے (40)۔
یہ وہ لوگ ہیں کہ اگر ہم انہیں ملک میں اِقتدار و اختیار(کا موقع) دیں تو وہ اِقامتِ صلوٰۃ کریں اور زکوٰۃ کا اہتمام کریں اور نیک کام کرنے کا حکم دیں اور بُرے کاموں سے منع کریں اور تمام تر کاموں کا انجام اللہ ہی کے اختیار میں ہے ۔"(41)۔

اس آیت کاگہرائی سے مطالعہ کیا جائے تو ہم پر یہ حقیقت کھلے گی کہ اختصار کے باوجود تین بنیادی شرائط مفصلاً Cover ہوچکی ہیں۔ایک بات خاص طور سے نوٹ کیے جانے کے قابل ہے کہ ہجرت کے بعد کے حالات میں ہی قتال کے حکم کا ذکر آرہا ہے اور ایک بار نہیں متعدد بار قرآن میں جہاد کا ذکر ہجرت کے بعد ہی آیا ہے۔نیز یہ کہ مسلمانوں کی جنگ کا ایجنڈہ صرف اور صرف یہ بتایا گیا ہے کہ جہاد یا قتال صرف" فی سبیل اللہ" یعنی اللہ کی راہ میں ہی ہوگا۔ سورۃ الحج کی ان آیتوں سے مذکورہ تین اصول کھل کر سامنے آتے ہیں۔
اب ہم اِن نکات پر اپنے مضمون کا اِختتام کرتے ہیں:

1)۔۔۔ جنگ کی اجازت تو ملے گی، لیکن اِس کی اجازت ملنے والے حالات سامنے نہیں آتے ہیں، تو ظاہر ہے کہ جنگ نہیں ہوگی۔تقدیم اور تاخیر کا کوئی سوال نہیں ۔

2)۔۔۔ ناحق ظلم ہورہا ہو تو ہجرت پہلا اور لازمی اِقدام ہوگا۔چاہے کسی قریب کے غار میں ہی کیوں نہ پناہ لینی پڑ جائے۔

3)۔۔۔ ظلم اگر صرف اس بات پر ہورہا ہو کہ کوئی شخص یا گروہ کہے کہ ہمارا رب اللہ وحدۂ لا شریک ہے اور مخالف اِسے ایسا کہنے اور اِس پر عمل کرنے سے نہ صرف روک رہا ہو بلکہ اُس پر تشددبھی کر رہا ہو۔

4)۔۔۔ہجرت سے قبل محض صبر ہورہا ہو۔کوئی ہڑتال،کوئی مظاہرہ یا کالی جھنڈیاں،کوئی گھیراؤ یا کسی کااغوا یا ایسی کوئی اور جاہلانہ کارروائی نہ ہورہی ہو۔

5)۔۔۔ جب ہجرت ہو ہی چکی ہو، پھر بھی ظالمانہ حرکتوں کا سلسلہ نہ تھمتا ہو تو اِس کا بھرپور جواب دیا جائے مگر پوری ہوشمندی کے ساتھ۔پھر چاہے اہلِ ایمان ساز و سامان اورافرادی قوت کے اعتبار سے کتنے ہی کمزور کیوں نہ ہوں، اللہ کی نصرت اور فرشتوں کا تعاون و معیت مقدر ہونے کے امکانات وسیع تر ہوں گے ۔

6)۔۔۔ ہماری کسی شرارت کے نتیجے میں فریق ثانی کی کسی کاروائی کو ظلم قرار دے کرجہاد یا قتال کا جواز پیدا کرنا قرآن سے ثابت نہیں۔ ہم لڑتے رہیں لیکن اللہ کی مدد کی توقع نہ رکھیں کہ یہ جنگ فی سبیل اللہ نہیں ہوگی۔ یہ تو ہماری اپنی جنگ ہوگی۔

7)۔۔۔راہبوں کے خلوت کدے ، یہودیوں کے صوامع، عیسائیوں کے گرجا گھر اور مسلمانوں کی مساجد کی حفاظت اللہ کا کام ہے اور جہاد و قتال کے ذریعے وہ ان کی حفاظت کا انتظام کرتا ہے۔ ہماری جنگوں کا المیہ تو یہ ہے کہ خود مسلمان ،مسلمانوں کے کسی دوسرے فرقے کی مسجدیں بلاتکلف آگ کی نذر کرنے سے ذرا بھی خوف نہیں کھاتے۔ پھرطرفہ تماشہ یہ کہ اسے نہایت ہی اہم دینی کام سمجھتے ہیں اوراِن کے علماء بھی اِن "مجاہدین" کی پیٹھ تھپکتے ہیں کہ یہ اپنا" جہاد اور قتال" جاری رکھیں۔جسم پر ایک جھر جھری کی سی کیفیت طاری ہو جاتی ہے یہ سوچ کر کہ نہ جانے قومی سطح پر اللہ ان کی اِن"دینی حرکتوں"کا کس قدر سخت بدلہ لینے والا ہے۔

8)۔۔۔ہماری کوئی ایسی جنگ جو کسی جائز یا ناجائز مطالبہ کو لے کر ہو، کبھی "جہاد یاقتال فی سبیل اللہ" نہیں کہلائے گی، بلکہ یہ معاملہ اِس قدر حساس اور نازک ہے کہ ایسے شریر لوگوں کے اپنے دفاع کے بھی کوئی معنیٰ نہیں ہوتے۔یہ تو فتنہ کہلائے گا اور فتنہ کو کچل دیا جانا چاہیے۔

9)۔۔۔قتال یا جہاد کبھی اِقدامی نہیں ہوگا، بلکہ مدافعتی ہوگا۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی تمام کی تمام چھ جنگیں اِن ہی عنوانات کے ذیل میں لڑی گئیں اور سب کی سب جوابی کاروائیاں یا مدافعتی Defensive ہی کہلائیں۔ اِسلام کے تلوار کے زور پر پھیلائے جانے کی جو پھبتی کسی جاتی ہے، اُنہیں معلوم ہونا چاہیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی جنگوں میں اقدامیOffensive جنگ اِن میں سے ایک بھی نہیں تھی۔ فتح مکہ کی وجوہات میں بھی ہم اپنے گزشتہ مضمون میں بیان کرچکے کہ کس طرح صحابہؓ کے قتل کے واقعات رونما ہو ئے،یہاں تک کہ حریفوں نے خوں بہا کے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے ایک جائز مطالبے کو تسلیم کرنے سے اِنکار کر دیا تھااوراپنے مجرموں کو کسی قسم کی کوئی سزا دینے پر آمادہ نظرنہ آتے تھے۔لے دے کر صرف تبوک کی جنگ ہی بظاہر اقدامی دکھائی دیتی ہے مگر ذرا سا گہرائی میں جاکر اِس جنگ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ یہ بھی اپنی مدافعت کے لیے برپا شدہ معرکہ تھا،جسے سمجھا نہیں گیایا جان بوجھ کر اِس کی حقیقت پر پردے ڈالے گئے۔اصل واقعہ یہ تھا کہ جن صحا بہؓ پر مشتمل وفد تبوک گیا ہوا تھا ،اُنہیں تبوک کے عیسائی رومی گورنر نے قتل کرڈالا ۔ دوسرا وفد بھی گفتگو کے لئے بھیجا گیا تھا تو اُس کے ساتھ بھی یہی سلوک روا رکھا گیا تھا۔اِن حالات میں آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے اِنہیں الٹی میٹم بھی دیا ۔ اِس کے بعد ہی حضور صلی اللہ علیہ وسلم میدانِ جہاد میں تشریف لائے۔تاریخ گواہ ہے کہ آپ نے کبھی کسی حریف پر اچانک دھاوا نہیں بولا،نہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے کبھی کسی پر شب خون ہی مارا۔سبب یہ تھا کہ جنگ کے الٹی میٹم کی شرائط سے متعلق احکامات سورۂ التوبہ کی آیات اِبتدا ہی میں نازل ہو چکے تھے۔

10)۔۔۔ کسی طور سے تجاوزاور زیادتی کا واقعہ پیش نہیںآنا چاہیے ۔ اس لئے کہ زیادتی کرنے والوں کو اللہ کبھی پسند نہیں کرتا، چاہے زیادتی کرنے والے مؤمنین ہی کیوں نہ ہوں۔وہ اور ہوں گے جنہوں نے صرف اور صرف اپنی جہالت کی بنیاد پر یہ خودساختہ، بلکہ شرم ناک اُصول بنا رکھا ہوگا کہ جنگ اور محبت میں ہر شے جائز ہے:"Every thing is fair in War and Love" ،افسوس کہ اِس پر عمل بھی کیا گیا اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے،اِس سے بدبخت کوئی اُصول اور کیا ہو سکتا ہے کہ اِنسان اپنے لیے نااِنصافی اور بے رہ روی کے سارے دروازے کھول لے۔مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم، اللہ کے نبی تھے اور زندگی کے ہر معاملہ میں اُن کا عمل ایک معیار اور کسوٹی کی حیثیت رکھتا تھا ، چنانچہ رحمت اللعا لمین صلعم کی جنگیں بھی ہماری ہدایت کا سامان فراہم کرتی ہیں۔یہ وہ جنگیں تھیں جو عالمین کے لیے رحمت ثابت ہوئیں اور معرکۂ خیر و شر اورکشمکشِ حق و باطل کا معیار بن گئیں۔یہ اللہ کی کتاب قرآن شریف ہی کا اعجاز ہے کہ اِس میں اِس قدر اختصار کے ساتھ اِتنی اہم اور واضح شرائط بیان کردی گئیں کہ کسی فرد متنفس کے لیے اب کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی کہ وہ اپنے طور پر اپنے نفس کی تسکین دینے والے قوانین گھڑ لے۔

بہر کیف اِن شرائط پر اگر ہماری نظر ہوتو ، کسی بھی جنگ میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف سے کسی جنگ یا قتال کے سلسلے میں کسی تقدیم یا تاخیر کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔یہ وہ شرائط ہیں جو رہتی دُنیا تک قائم رہیں گی ، چاہے عصرِ حاضر کے مسلمانوں کو قبول ہوں کہ نہ ہوں، جو جہاد کے نام پر عجیب و غریب حرکتیں کرتے پھرتے ہیں۔ حالانکہ اِن شرائط کی خصوصیت یہ ہے کہ، جو بھی اِن کو اپنائے گا وہ سرخ رُو ہوگا، چاہے وہ دُنیا کے کسی قوم ومذہب سے کیوں نہ تعلق رکھتا ہو۔
اِن واضح ہدایاتِ جنگ و احکاماتِ جہاد و قتال کی موجودگی کے با وجودکیا ہم اب بھی اپنے نفس کی جنگوں میں یوں ہی اپنی نوجوان زندگیاں کھپاتے پھریں گے؟

***
azeezbelgaumi[@]hotmail.com
موبائل : 00919900222551, 9538054393
No. 43/373 First Floor, Bhuvaneshwari Nagar Main Road
Gopalappa layour, M K Ahmed Road, Kempapura Hebbal, Post BANGALORE - 560024
عزیز بلگامی

Why the delay in permission for war? Article: Azeez Belgaumi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں