ایسٹرن فری وے شاہراہ ممبئی - امبیڈکر سے منسوب کرنے کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-02

ایسٹرن فری وے شاہراہ ممبئی - امبیڈکر سے منسوب کرنے کا مطالبہ

ممبئی کی شاندار سڑک "ایسٹرن فری وے" پر اب سیاست شروع ہوگئی ہے۔ ایم این ایس نے اسے آنجہانی بال ٹھاکرے سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد آر پی آئی نے ایم این ایس کے اس مطالبے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے فری وے کو بابا صاحب امبیڈکر سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اتوار کو این سی پی نے اس سڑک کو بال ٹھاکرے سے منسوب کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا نام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شیوسینا، بی جے پی اتحاد میں شامل آر پی آئی کے صدر رام داس اٹھاؤلے نے پیر کو ایم این ایس پر الزام لگایا کہ فری وے کو بال ٹھاکرے سے منسوب کرنے کا مطالبہ کرکے راج ٹھاکرے نے "مہایوتی" میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ ری پبلکن پارٹی آف انڈیا( آر پی آئی) کے صدر رام داس اٹھاؤلے نے کہاکہ اس سے قبل دادر اسٹیشن کا نام تبدیلی کرنے کے مطالبے پر ایم این ایس نے مخالفت کی تھی۔ پہلے راج ٹھاکرے شیواجی پارک میں بال ٹھاکرے کا مجسمہ نصب کرنے کے مطالبے پر اپنا موقف واضح کریں۔ انہوں نے کہاکہ فری وے کے تعمیر شروع ہوتے ہی آر پی آئی نے اسے بابا صاحب امبیڈکر کا نام دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس شاندار سڑک کو "بابا صاحب" کا نام دیا جائے یہ لاکھوں دلتوں کی خواہش ہے۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سچن ساونت نے کہاکہ مہاراشٹر نونرمان سینا "نام نرمان سینا" ہے۔ وہ نام رکھنے کا کام کرتی ہے۔ آر پی آئی کی جانب سے جو تجویز پیش کی جارہی ہے، سرکار اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ ایم این ایس رکن اسمبلی بالا نند گاؤنکر نے وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان کو خط لکھ کر ایسٹرن فری وے کو شیوسینا سربراہ آنجہانی بال ٹھاکرے سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی ممبئی اور ناگپور ودھان بھون میں بال ٹھاکرے کی تصویر آویزاں کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ایم این ایس کے اس مطالبے پر نیشنلسٹ پارٹی (این سی پی) کے ترجمان نے گذشتہ روزکہاکہ ہم نے وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان کو خط لکھا ہے کہ اس پروجیکٹ سے جو لوگ متاثر ہوئے ہیں ان میں بڑی تعداد میں پسماندہ اور دلت سماج کے افراد شامل ہیں اس لئے پارٹی حکومت سے درخواست کرتی ہے کہ ان کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ایسٹرن فری وے کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے منسوب کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایم این ایس کا مطالبہ ان افراد کی بے عزتی کے مترادف ہے جو اس پراجکٹ سے متاثر ہوئے ہیں۔

Naming Eastern Freeway is a political gimmick

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں