مصر میں جھڑپیں - البردعی نئے وزیراعظم - مرسی کی تائید میں القرضاوی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-07

مصر میں جھڑپیں - البردعی نئے وزیراعظم - مرسی کی تائید میں القرضاوی اپیل

اپوزیشن لیڈر محمد البردعی کو نئے عبوری وزیراعظم کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا ہے۔ عبوری صدر عدلی منصور کی ساتھ مشاورت کے بعد فوجی ذرائع نے محمد البردعی کے نام کا اعلان کیا۔ علی منصور نے البردعی کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔ دوسری طرف عالم اسلام کے ممتاز رہنما علامہ یوسف القرضاوی نے مصری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محمد مرسی کی تائید کریں۔ فوج کی بغاوت غیر جمہوری اور غیر دستوری ہے۔ فوج کو اپنے فرائض تک ہی محدود رہنا چاہئے۔ دریں اثناء اخوان المسلمون کے سیاسی چہرے "انصاف وحریت" کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ڈاکٹرمحمد البردعی کو بطور عبوری وزیراعظم تقرری کو مسترد کردیا ہے۔ محمد مرسی کو معزول کرنے کی مہم میں محمد البردعی کا کلیدی رول بتایا جارہا ہے۔ مصر کے طول و عرض میں کل رات سے "معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان شدید تصادم کے واقعات میں کم ازکم 36افراد ہلاک اور زائد از ایک ہزار زخمی ہوگئے ہیں۔ اسی دوران اخوان المسلمین کی زیر قیادت اسلام پسند جامعتوں کے ایک اتحاد نے سارے مصر میں مرسی کی تائید میں مزید احتجاج کرنے کا عہد کیا ہے۔ تصادم کے واقعات کل اُس وقت پھوٹ پڑے جب 61سالہ مرسی کے ہزاروں برہم حامی، نماز جمعہ کے بعد راستوں پر نکل آئے تھے اور"فوجی حکمرانی" کی مذمت میں نعرے لگاتے ہوئے مرسی کی باز ماموری کامطالبہ کررہے تھے۔ قاہرہ میں مرسی کی تصاویر اٹھائے ہوئے حامیوں نے ریپبلکن گارڈس کلب کی جانب مارچ کیا۔ اسی دوران مصر کے نئے عبوری صدر عدلی منصور نے اخوان کے ساتھ تعلقات کو استوارکرنے کی کوشش کی ہے اور کہا ہے کہ اخوان المسلمین، عوام کاحصہ ہے۔ اس تنظیم کو قوم کی تعمیر نو سے خارج نہیں رکھا جائے گا۔ 67سالہ عدلی منصور نے ایک فرمان جاری کرتے ہوئے مصر کی عدالت عالی کے جج علی عوض صالح کو اپنا دستوری مشیر اور جج مصطفے حجازی کو اپنا سیاسی مشیر مقرر کیا ہے۔ انہوں نے "عوام کے حقیقی منشا" پر مبنی انتخابات منعقد کرانے کا بھی وعدہ کیا ۔ مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے آج ، اس ملک کے سربراہ افواج عبدالفتاح السیسی اور وزیر داخلہ محمد ابراہیم سے بات چیت کی اور ملک میں سلامتی کو یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات چیت، قصر صدارت (اتحادیہ) میں ہوئی۔ (جنرل السیسی وزیر دفاع بھی ہیں اور ابراہیم، پولیس کے انچارج بھی ہیں)۔ عدلی منصور نے اپنے نئے رفقاء دستوری مشیر و جج علی عوض صالح، سیاسی مشیر مصطفے حجازی اور مشیر امور سلامتی جنرل رفعت شہاطہ سے بھی ملاقات کی۔

Mohamed ElBaradei, Egypt's new prime minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں