وینزولا اور نکارگوا کی طرف سے اسنوڈن کو پناہ کی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-07

وینزولا اور نکارگوا کی طرف سے اسنوڈن کو پناہ کی پیشکش

امریکی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے لاطینی امریکہ کے 2ممالک وینزولا اور نکار گوا نے امریکی خفیہ پروگرام کا افشاء کرنے والے سابق ایجنٹ ایڈورڈ اسنوڈن کو پناہ دینے کی پیشکش کی ہے۔ اسنوڈن فی الحال ایک ہفتہ سے ماسکو ایرپورٹ پر بین الاقوامی زون میں قیام پذیر ہیں اور اس دوران انہوں نے متعدد ممالک سے پناہ کی درخواست کی ہے جن میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ امریکہ نے اسنوڈن کو پنا ہ دینے کے خلاف تمام ممالک کو انتباہ دیتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ اس پر جاسوسی اور متفرق خفیہ اطلاعات کے افشاء کا الزام ہے جس کیلئے امریکہ کو مطلوب ہے۔ ہندوستان کے علاوہ ان ممالک میں بیشتر نے اسنوڈن کو پناہ فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ نکارگوا اور وینزولا کی جانب سے بیک وقت پناہ کی فراہمی کی پیشکش امریکہ کیلئے انتہائی مایوس کن ہے جو ایک ایک ملک سے اسنوڈن کو پناہ نہ دینے اور اسے امریکہ کے حوالے کردینے کی درخواست کررہا ہے۔ صدر نکولس مدورو نے وینزولا کی یوم آزادی کے موقع پر ایک فوجی پریڈ کے دوران کہاکہ بولیو ارین جمہوریہ وینزولا نے امریکی نوجوان ایڈورڈ اسنوڈن کو انسانی بنیادوں پر پناہ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ وہ ایذا رسانیوں اور آزاد کے خطرہ سے آزاد بے فکری سے زندگی گذار سکیں۔ صدر نکار گوا ڈینیل اورٹیگا نے بھی اس کی مماثل پیشکش تو کی مگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ تاہم ان کی پیشکش سے یہ واضح ہے کہ اگر حالات موافق رہے تو نکار گوا ایڈورڈ اسنوڈن کو خیرمقدم یقینی طورپر ہوگا اور انہیں مکمل پناہ فراہم کی جائے گی۔ اور ٹپگا نے کہاکہ ہمارے اقتدار اعلیٰ کو کسی بھی ایسے شخص کو پناہ فراہم کرنے کا حق ہے جس نے امریکہ کی جانب سے پوری دنیا کے خفیہ معلومات حاصل کرنے کیلئے مخصوص ٹکنالوجی استعمال کئے جانے کا راز افشا کیا ہو۔ امریکہ نے سارے عالم کے علاوہ خود اپنے یورپی حلیفوں کی جاسوسی کی ہے۔ نکارگوا اور وینزویلا کی جانب سے اسنوڈن کو پناہ کی پیشکش پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے وائٹ ہاوز نے معاملہ کو محکمہ انصاف سے رجوع کردیا کیونکہ پناہ سے متعلق تمام معلومات اسی محکمہ کی زیر نگرانی ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان جنیفر پساکی نے رواں ہفتہ کے اوائل میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ اس کے خلاف 3سنگین جرائم کا الزام ہے اور اسے فوراً امریکہ کے حوالے کردیا جائے۔ وینزویلا اور نکار گوا کی جانب سے اسنوڈن کو پناہ کی پیشکش صدر بولیویا ایووا مرالیس کے ساتھ حالیہ بدسلوکی کے خلاف غم و غصہ سے مربوط ہے۔

Venezuela, Nicaragua offer Snowden asylum

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں