ومبلڈن مقابلوں کا پیر سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

ومبلڈن مقابلوں کا پیر سے آغاز

سال کے تیسرے گرانڈ سلام ٹینس ٹورنمنٹ ومبلڈن اوپن میں راجر فیڈرر کی نظریں18 ویں گرانڈ سلام ٹائٹل پر لگی ہوں گی جبکہ خواتین کے زمرہ میں امریکہ کی سرینا ولیمس کوخطاب کا مضبوط دعویدار مانا جارہا رہا ہے۔ ٹورنمنٹ کا کل پیر سے آغاز ہوگا۔ 16 گرانڈ سلام حاصل کرنے والی سرینا نے حالیہ عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی سے ٹینس پر اپنا دبدبہ قائم کرلیا ہے۔ اب وہ چھٹی مرتبہ ومبلڈن جیتنے کی کوشش کریں گی حالانکہ اس راہ میں روس کی ماریہ شاراپووا اور بیلاروس کی وکٹوریہ ازارینکا ان کے لئے بڑی رکاوٹ بن سکتی ہیں لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کا اعتماد سرینا ولیمس کی حالیہ کارکردگی سے متزلزل ہے۔ سرینا نے فرنچ اوپن میں شاراپووا کو خطابی مقابلہ میں جس طرح سے شکست دی اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ امریکی کھلاڑی اعتماد سے کتنی بھرپور ہے۔ جمعہ کو نکالے گئے مرد سنگلز ڈرا کے مطابق تیسرے سیڈیڈ فیڈرر کا سامنا کوارٹر فائنل میں رافل ندال سے اور پھر سیمی فائنل میں اینڈی مرے سے ہو سکتا ہے۔ فیڈرر نے گزشتہ سال فائنل میں مرے کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اور 2011 کے چمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ کی فائنل تک راہ آسان ہوگی۔ ان کے سامنے سیمی فائنل تک فیڈرر، ندال اور مرے کا چیالنج نہیں رہے گا۔ اگر کوئی نہیں ہوا تو جوکووچ کا کوارٹر فائنل میں ساتویں سیڈیڈ چیک جمہوریہ کے ٹامس برڈچ سے سامنا ہو سکتا ہے۔ ٹینس کی دنیا میں فیڈرر، ندال اور جوکووچ کا کتنا دبدبہ ہے اسے اس بات سے ہی سمجھا جا سکتا ہے کہ گزشتہ33 میں سے31 گرانڈ سلام ان تینوں کھلاڑیوں نے ہی جیتے ہیں۔ اس دوران صرف 2 کھلاڑی ہی اس دبدبے میں نقب لگا پائے ہیں جو مرے اور ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو ہیں۔ ڈیل پوٹرو نے2009 میں یو ایس اوپن کے فائنل میں راجر فیڈرر کو ہرا دیا تھا جبکہ گزشتہ سال جوکووچ کو شکست دے کر یہ خطاب جیتا تھا۔

کارریس کے دوران حادثہ ڈنمارک کاڈرائیور ہلاک
پیرس
(ایجنسیز)
فرانس میں کار ریس کے دوران حادثہ میں ڈنمارک کے ڈرائیور ایلن سیمنسن ہلاک ہوگئے۔ منتظمین نے کہاکہ34سالہ ایلن کی گاڑی ایسٹن مارٹن ریس شروع ہونے کے10 منٹ بعد بے قابو ہوگئی اور اطراف میں لگے حفاظتی بیریئر سے ٹکرا گئی۔ منتظمین کے مطابق ایلن کو ریس کورس کے میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لا سکے۔ یہ ریس 1997 سے ہر سال ہوتی ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب کسی ڈرائیور کی موت واقع ہوئی۔ ایلن کو میڈیکل سنٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاسکے۔ حادثہ کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ایلن اس ریس میں ساتویں بار حصہ لے رہے تھے۔ حادثہ کے بعد ریس ایک گھنٹہ کے لئے روک دی گئی اور بیریئر کی مرمت کی گئی۔ 1986میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جب آسٹریائی ڈرائیور جوگارٹنر کی گاڑی 260 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سیدھے حفاظتی بیریئر سے ٹکراگئی تھی۔

سہ قومی سیریز کیلئےویسٹ انڈیز ٹیم کا اعلان
سنٹ جانس (اینٹیگا)
(آئی اے این ایس)
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ(ڈبلیو آئی سی بی) نے مجوزہ سہ قومی ونڈے سیریز کے پہلے میاچ کیلئے رام نریش سروان اور جیسن ہولڈر کو 13 رکنی ٹیم سے خارج کردیا ہے۔ سیریز کی مابقی دونوں ٹیمیں ہندوستان اور سری لنکا ہیں۔ آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں حصہ لینے والی ویسٹ انڈیز ٹیم میں متذکرہ دونوں کھلاڑیوں کے اخراج کے علاوہ کوئی اور تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ میزبان ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے مابین 28جون کو سبینا پارک پر کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 30جون کو ہند۔ ویسٹ انڈیز میاچ ہوگا اور ہند۔ سری لنکا 2جولائی کو صف آراء ہوں گے اور پھر سیریز ٹرینیڈاڈ منتقل ہوجائے گی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم اس طرح ہے: ڈیان براؤ (کپتان)‘ ٹینو بسٹ‘ ڈارین براؤ‘ جانسن چارلس‘ کرسٹوفر گیل‘ سنیل نارائن‘ کیرون پولارڈ‘ دنیش رام دین‘ روی رامپال‘ کیمار روچ‘ مارلن سیموئیلس‘ ڈارین سامی‘ ڈیان اسمتھ۔

دلشان کی جگہ اپل تھارنگا سری لنکائی ٹیم میں شامل
برج ٹاؤن (بار بیڈوس)
(آئی اے این ایس)
سری لنکا ئی سلکٹرس نے ویسٹ انڈیز میں 28جون سے شروع ہونے والی سہ قومی ونڈے کرکٹ سیریز کیلئے اپل تھارنگا کو زخمی تلک رتنے دلشان کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ اس سیریز کی تیسری ٹیم ہندوستان ہے۔ ہندوستان کے خلاف چمپئنس ٹروفی کے سیمی فائنل کے بعد دلشان کا اسکیان کیا گیا جس میں ان کی پنڈلی میں زخم کا پتہ چلا اور انہیں فٹ ہونے کیلئے 6ہفتے درکار ہوں گے۔ تھارنگا رواں برس کے اوائل سے ٹیم سے باہر ہیں تاہم اس دوران فرسٹ کلاس سطح پر کرکٹ کھیلی اور 14اننگز میں 60سے زائد کے اوسط سے رن بنائے ہیں۔ سری لنکا کو تھسارا پریرا کی بھی خدمات حاصل نہیں رہیں گی جن کی جگہ اسپنر اجنتا مینڈس کو شامل کیا گیا ہے۔ سری لنکائی ٹیم اس طرح ہے۔ اینجیلو میتھوس (کپتان)‘ کوسل پریرا‘ اپل تھارنگا‘ کمارسنگا کارا‘ مہیلا جیا وردھنے‘ دنیش چندی مل‘ لہیرو تھریمانے‘ جیون مینڈس‘ لست مالنگا‘ شمندا ایرنگا‘ نوان کلا شیکھرا‘ دلہارا لوکو ہیٹیگے‘ رنگنا ہیراتھ‘ سچترا سینا نائیکے‘ اجنتا مینڈس۔

ورلڈ لیگ ہاکی : جرمنی کا ٹائٹل پر قبضہ
روٹرڈم
(یو این آئی)
جرمنی نے ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ راؤنڈ3 ہاکی ٹورنمنٹ کے فائنل میں کل شب یہاں میزبان ہالینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت میں 1-1سے اسکور برابر تھا جس کے بعد فاتح ٹیم کے فیصلہ کے لئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا ۔ جرمنی نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے جیت درج کرتے ہوئے خطاب پر قبضہ کرلیا۔ اس سے قبل مقررہ وقت میں ہالینڈ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جرمنی کے خلاف چند اچھے موو بنائے۔ فائنل میں داخلہ کے ساتھ ان دونوں ٹیموں نے آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس دوران جنوبی کوریا نے نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

ہندوستان کو چھٹا مقام
روٹرڈم
(یو این آئی)
ہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم کو آئی ایچ ایف ورلڈ لیگ راؤنڈ3 ٹورنمنٹ کے پانچویں مقام کے مقابلہ میں اسپین کے خلاف ایک سخت مقابلہ میں شوٹ آؤٹ کے بعد 2 گول کے مقابلہ 4 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کو چھٹے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابری کے بعد نتیجہ کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے شیلندر سنگھ اور سردار سنگھ گول کرنے میں کامیاب رہے۔ جبکہ منپریت اور آکاش دیپ کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ اس سے قبل مقررہ وقت کے کھیل میں ہندوستان نے اچھی شروعات کی تھی لیکن اس کے باوجود پہلے ہی منٹ میں وہ ایک گول سے پچھڑ گئی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اس کے بعد 3 منٹ کے وقفہ میں 2 گول کرکے 2-1 سے برتری حاصل کرلی تاہم اسپین کی جانب سے کھیل کے58 ویں منٹ میں گول ہوجانے کے بعد اسکور 2-2 ہوگیا۔ اسپین نے شوٹ آ ؤٹ میں 4-2 سے جیت درج کرکے پانچویں مقام پر قبضہ کرلیا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس نے فرانس کو ہرانے کے بعدپانچویں مقام کیلئے میاچ یقینی کرلیا تھا۔ اسپین نے ہندوستان کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ہندوستانی کھلاڑی اپنے گول کے سامنے آہنی چٹان بنے کھڑے رہے۔ ہندوستانی ٹیم کو پہلے ہاف میں 2-1 سے سبقت حاصل تھی لیکن دوسرے ہاف میں ہسپانوی کھلاڑیوں نے ہندوستانی دفاع پر تابڑ توڑ حملے کئے جس کی بدولت اسپین کو کئی پنالٹی کارنر ملے لیکن وہ گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ کرسکے تاہم58 ویں منٹ میں ڈیوڈ الیکگرو ل نے روپیندر پال سنگھ سے گیند چھین کر ہندوستانی گول میں ڈال دی۔ بعد ازاں ہندوستانی کھلاڑیوں نے برتری حاصل کرنے کے لئے کافی کوشش کی لیکن انہیں گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی۔ مقررہ وقت میں اسکور مساوی رہنے کے بعد نتیجہ کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا جس میں اسپین نے بازی ماری۔

ومبلڈن وارم اپ ٹورنمنٹ فلیسیانو لوپیز نے ٹائٹل جیت لیا
ایسٹ بورن
(یو این آئی)
اسپین کے فلیسیانو لوپیز نے دوسرے سیڈڈ فرانس کے جائلز سائمن کو کل شب یہاں کھیلے گئے ایک سخت مقابلہ میں 6-0, 6-7, 7-5 سے شکست دے کر ومبلڈن کے آخری وارم اپ ٹورنمنٹ میں ایسٹ برن اوپن کے مردوں کے زمرہ کا ٹائٹل جیت لیا۔ لوپیز نے پہلا سٹ 7-5 سے جیتا لیکن دوسرا سٹ ٹائی بریک میں ہار گئے۔ بائیں ہاتھ کے لوپیز کو دوسرے سٹ میں سرویس کرنے میں کافی مشکل پیش آئی تاہم فیصلہ کن سٹ میں انہوں نے اچھی برتری قائم کرلی۔ چوتھے سیڈیڈ سائمن نے 5 بریک پوائنٹس بچائے لیکن اپنی سرویس نہیں بچاپائے۔ اس طرح لوپیز نے یہ سٹ 6-0 سے جیت حاصل کرکے خطاب پر قبضہ کرلیا ۔

سنگاپور اوپن بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ - انڈونیشیاء کے ٹامی سوجیاتو کو مردوں اور چین کی وانگ ویہان کو خواتین کا ٹائٹل
سنگاپور
(یو این آئی)
انڈونیشیا کے ٹامی سوجیارتو اور چین کی وانگ ویہان نے سنگاپور اوپن بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ میں آج یہاں بالترتیب مرد اور خواتین کے زمرہ سے ٹائٹل جیت لئے۔ خواتین کے سنگلس زمرہ کے فائنل مقابلہ میں وانگ نے اپنی ہم وطن اور اولمپک چمپئن لی زیوروئی کو صرف39 منٹ کے کھیل میں 21-18, 21-12 سے شکست دے کر چمپئن شپ جیت لی۔ مردوں کے سنگلس زمرہ میں ٹامی نے تھائی لینڈ کے بون سیک پونسانا کو ایک گھنٹہ 9 منٹ تک چلے مقابلہ میں 21-17, 21-5, 20-22 سے چونکا دینے والی شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ خواتین کے ڈبلس زمرہ میں چینی جوڑی تیان کنگ اور زہاؤ ینلی نے جاپانی جوڑی مساکی مٹسوٹومی اور ایاکا تکاہاشی کو 21-19, 21-16 سے ہرا کر ٹروفی جیت لی۔

گولف : شیو کپور کو 49ویں مقام پر اکتفا کرنا پڑا
(یو این آئی)
ہندوستان کے اسٹار گولف کھلاڑی شیو کپور کو تیسرے راؤنڈ میں3 اوور 75 کے مایوس کن کارڈ کھیلنے کے ساتھ انٹرنیشنل اوپن گولف ٹورنمنٹ میں مشترکہ 49 ویں مقام پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ کپور 2 راؤنڈ کے بعد 7 انڈر137 کے اسکور کے ساتھ مشترکہ16 ویں مقام پر تھے لیکن تیسرے دور میں وہ اپنی یکسوئی برقرار نہ رکھ سکے۔ ان کا 3 راونڈ کا اسکور4 انڈر212 رہا۔ کپور نے پہلے راؤنڈ میں3 انڈر69 اور دوسرے راؤنڈ میں4 انڈر68 کا کارڈ کھیلا تھا۔ اس سے پہلے ہندوستان کے ایک دیگر کھلاڑی جیو ملکھا سنگھ دوسرے راؤنڈ میں 2 اوور 74 کے مایوس کن کارڈ کے ساتھ کٹ پار کرنے میں ناکام رہے تھے۔

خاتون شوٹر سے جنسی زیادتی - خاطیوں کیخلاف سخت کاروائی کرنے وزارت اسپورٹس کا وعدہ
نئی دہلی
(یو این آئی)
ایک خاتون شوٹر کی طرف سے ٹیم کے 2 ارکان کے خلاف جنسی زیادتی کی شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزارت اسپورٹس نے تحقیقات کے بعد قصوروار پائے جانے پر ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا وعدہ کیاہے۔ وزارت کھیل نے ایک بیان میں کہا کہ و زارت ملک میں کھیلوں کو ہرطرح کے تشدد سے پاک رکھنے کی پوری کوشش کرے گی‘ جو کوئی بھی اس کا مجرم پایا گیا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس مہینے کی شروعات میں جرمنی میں ایک ٹریپ جونیر ٹورنمنٹ کے لئے منتخب کی گئی ایک خاتون شوٹر نے10 جون کو وزارت سے اس واقعہ کی شکایت کی تھی۔ وزارت نے کہاکہ شکایت میں شوٹر نے الزام لگایا ہے کہ اس کے 2ساتھیوں نے اس پر ذلت آمیز اور فحش تبصرے کئے۔

شعیب ملک ‘ کامران اکمل اور عمران فرحت کو امکانی کھلاڑیوں میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ
کراچی
(یو این آئی)
پاکستانی سلیکٹرس نے شعیب ملک، کامران اکمل اور عمران فرحت کو ویسٹ انڈیز کے دورہ کے لئے امکانی کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معتبر ذرائع نے بتایا کہ20رکنی امکانی کھلاڑیوں کی فہرست بورڈ کو موصول ہوچکی ہے۔ پاکستانی ٹیم‘ ویسٹ انڈیز کے دورہ کے لئے 7 جولائی کو روانہ ہوگی۔ جارحانہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور سینئر بیاٹسمن یونس خان ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے دوروں پر ٹیم میں واپسی کے مضبوط دعویداروں کے طور پر ابھرے ہیں۔ سلیکٹرس نے چمپئنس ٹروفی کے لئے ان دونوں کو ٹیم سے باہر کر دیا تھا۔ آفریدی نے حال ہی میں گیند سے خراب فام کے باوجود اپنا ارادہ ظاہر کر دیا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے دورہ کے لئے تیار ہیں۔

شطرنج: آنند کی آٹھویں بازی بھی ڈراء
ماسکو
(یو این آئی)
ہندوستان کے عالمی چمپئن وشواناتھن آنند نے تال میموریل شطرنج ٹورنمنٹ کے آٹھویں دور میں بھی روس کے ولادیمیر کرامنک کے ساتھ ڈرا کھیلا ہے۔ دنیا کے 10سرفہرست کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ میں اب صرف ایک بازی باقی ہے اور آنند 3پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر ہیں۔ انہوں نے ٹورنمنٹ میں 3 بازیاں ہاری ہیں‘ ایک میں جیت اور 4 ڈرا کھیلے ہیں۔ اسرائیل کے بورس گلفینڈ نے آٹھویں دور میں آذربائیجان کے شخر یاروف محمد یاروف کے ساتھ ڈرا کھیلا اور وہ 5.5 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ جبکہ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی ناروے کے میگنس کارلسن امریکہ کے ہیکاناکامورا کو شکست دے کر 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ اٹلی کے فیبیو کاروانا نے روس کے الیکزینڈر مووجیوچ کو شکست دے کر اپنے مقام میں سدھار کیا ہے۔ ان کے اب ناکامورا ، روس کے دیمتری آندرے کن اور محمد یاروف کے برابر 4.5پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی مشترکہ تیسرے مقام پر ہیں۔ روس کے سرگئی کارجیکن نے اپنے ہموطن آندرے کن کے ساتھ ڈرا کھیلا اور وہ 3.5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں مقام پر ہیں۔ اس ٹورنمنٹ کے دفاعی چمپئن کرامنک اور موورو جیوچ 2.5 پوائنٹس کے ساتھ نویں مقام پر ہیں۔

کنفیڈریشن کپ : برازیل کی اٹلی پر جیت
سلواڈور
(یو این آئی)
سرکردہ اسٹرائکر فریڈکے بہترین 2گول کی بدولت میزبان برازیل نے آج یہاں ایک دلچسپ مقابلہ میں اٹلی کو 2 گول کے مقابلے 4 گول سے شکست دے کر کنفڈریشن کپ فٹبال ٹورنمنٹ کے گروپ اے میں سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔ مقامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میاچ میں میزبان ٹیم کے لئے فریڈ نے کھیل کے66 ویں اور89 میں گول کئے۔ جبکہ فاتح ٹیم کیلئے دانتے نے45 ویں اور نیمار نے55 ویں منٹ میں گول کئے۔ اٹلی کے لئے ایمانول گیا ویلی نے کھیل کے51 ویں اور چیلی نی نے71 ویں منٹ میں گول کئے۔ برازیل کو اس مقابلہ کے پہلے ہاف میں 1-0 سے برتری حاصل تھی۔ اس جیت کے ساتھ برازیل نے گروپ اے میں سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔ برازیل نے9 پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ اٹلی کے6 پوائنٹس ہیں۔ اٹلی کے خلاف برازیل کو سرفہرست مقام حاصل کرنے کے لئے ڈرا کی ضرورت تھی تاکہ سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ گروپ بی کے ممکنہ فاتح اسپین سے نہ ہو۔ کنفڈریشن کپ کو آئندہ برس منعقد ہونے والے ورلڈ کپ فٹبال کا وارم اپ ٹورنمنٹ مانا جارہا ہے۔ برازیل اور اٹلی کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی ہوچکی ہیں۔ اسی بناء پر اٹلی نے اس میاچ میں اپنی سرکردہ کھلاڑیوں کی ٹیم کو میدان میں نہیں اتارا تھا۔

The battle for Wimbledon-2013 crown begins today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں