رامپور شہر میں محکمہ آثار قدیمہ کی کوئی عمارت نہیں - اعظم خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-23

رامپور شہر میں محکمہ آثار قدیمہ کی کوئی عمارت نہیں - اعظم خان

ایک ہزار کروڑ روپئے کی لاگت سے میڈیکل کالج بنائے جانے کی شروعات ہوچکی ہے اور ایک ماہ کے اندر میڈیکل کالج کے آوٹ ڈور کی بلڈنگ تیار ہوجائے گی۔ یہ خوشخبری وزیر شہری ترقیات محمد اعظم خان نے سید عتیق حسین جیلانی کی تصنیف کردہ کتاب "رامپور شناسی" کا رسم اجراء کرتے ہوئے ضلع سہکاری بینک کے آڈیٹوریم میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ اسی سال رامپور شہر میں سیوریج سسٹم شروع ہوجائے گا، شہریوں کو غلاظت سے نجات مل جائے گی۔ دکانوں اور مکانوں کے نالے اور نالیوں سے قبضے ختم ہوتے ہی ڈرینج سسٹم کام کرنے لگے گا اور شہر کی سڑکوں پر ایک انچ پانی نظر نہیں آئے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ رامپور شہر میں محکمہ آثار قدیمہ کی کوئی عمارت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ شہر کے سبھی دروازے اور رضا لائبریری کی عمارت کو محکمہ تعمیرات عامہ 8سال قبل ہی مخدوش قرار دے چکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ 2سال کے اندر پینے کے پانی کے اتنے اوور ہیڈ ٹینک بنادئیے جائیں گے کہ بغیر پریشر کے موٹر سے پانی کئی منزلوں تک پہنچ جائے گا۔ وزیر پارلیمانی امور اعظم خان نے کہاکہ حدیث ہے کہ جو لوگ راستے تنگ کریں گے ان کیلئے جنت کے دروازے بند کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے غریب عوام کو کشادہ ماحول کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوابی دور میں جتنی بھی فیکٹریاں لگیں، کالج اور اسکول بنائے گئے ان کے نام خوشامد کے طورپر نوابین سے منسوب کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کے سرمائے اور جائیداد کی کسٹوڈین ہوتی ہے لیکن صوبہ کی سابقہ حکومت نے عوام پر پیسہ خرچ کرنے کی بجائے مجسمات اور پارکوں پر خرچ کردیاجس کے سبب انقلاب آگیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں