ڈی ڈی اردو کی ترقی اور فروغ ترجیحات میں شامل - پرسار بھارتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

ڈی ڈی اردو کی ترقی اور فروغ ترجیحات میں شامل - پرسار بھارتی

ڈی ڈی اردو کو مزید نکھارنا سنوارنا اور اس کی ترقی، فروغ اور استحکام کیلئے مثبت اقدامات کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم دل سے ڈی ڈی اردو کی خامیوں اور اس سے متعلقہ مسائل کا اعتراف کرتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ ایک سال میں کچھ نمایاں تبدیلیوں کے ساتھ آپ کے روبرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) جوہر سرکار نے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں منعقد ڈی ڈی اردو کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی ڈی اردو کے مسائل کی تفہیم و ادراک اور ان کے حل اور تجاویز کے حصول کیلئے بلائی گئی اس میٹنگ میں سی ای او جوہر سرکار، دوردرشن کے ڈائرکٹر جنرل تریپوراری شرن، ڈی ڈی نیوز کے ڈی جی ایس ایم خان، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل دیپا چندرا، وی کے جین، ڈی ڈی اردو کے ایڈوائزرس آصف اعظمی اور انور جمال کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے تشریف لائے اردو داں، میڈیا اور بیورو کریسی سے وابستہ معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں احمد سعید ملیح آبادی، مولانا محمد ولی رحمانی، تریناتھ مشرا، سید شاہد مہدی، ڈاکٹر محمود الرحمن، ڈاکٹر انیس انصاری، پروفیسر مشیر الحسن، آر پی سنگھ، صدا، میم افصل، وید بھیسن، پروفیسر اخترالواسع، پروفیسر آلوک رائے، ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین، سید محمد فضل، ڈاکٹر ظہیر قاضی، حسن کمال، ظہیر الدین علی خان، شفیع مشہدی، گوہر رضا، جمیل منظر، ڈاکٹر عزیز احمد، شائستہ یوسف اور عازم گرویندر سنگھ کوہلی شامل ہیں۔ میٹنگ میں ابتدائی کلمات اور تعارف ڈی ڈی اردو کے ایڈوائزر آصف اعظمی اور کلمات تشکر انور جمال نے پیش کئے، جبکہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل دیپا چندرا نے استقبال کے فرائض انجام دئیے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دوردرشن کے ڈائرکٹر جنرل تریپوراری شرن نے کہاکہ حال ہی میں ڈی ڈی اردو کو سنوارنے اور نکھارنے کے لئے کئی مثبت اقدامات کئے گئے ہیں، آج کی یہ میٹنگ بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میٹنگ میں دئیے گئے مشوروں کی رہنمائی میں ڈی ڈی اردو چینل میں اصلاحات ار ترقی کا ہمارا پرعزم سفر جاری رہے گا۔ معزز شرکاء نے نہ صرف میٹنگ کے انعقاد کو خوش آئند بتایا بلکہ ڈی ڈی اردو کے فروغ و استحکام کے لئے مفید مشوروں سے نوازا، جن میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، درست اردو جاننے والوں کی شمولیت، اردو اخبارات سے بہتر تال میل، ملک بھر سے اردو کی سرگرمیوں کی کوریج، حالات حاضرہ، سماجی مسائل و سائنسی و دیگر معلوماتی شوز کے علاوہ اردو سکھانے کے پروگرام کا دکھایا جانا وغیرہ شامل ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں