Union min seeks corporate help in progress of minorities
اقلیتوں کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے کارپوریٹ سیکٹر کی سرگرم شراکت داری پر زور دیتے ہوئے وزیر اقلیتی امور کے رحمن خان نے بزنس چیمبرس‘ وزارت لیبر اور عہدیدار پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی پرزور وکالت کی ۔ سرکاری‘ خانگی شعبہ جات میں اقلیتوں کو ہنر مند بنانے کی غرض سے یہ تجویز پیش کی گئی ہے ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور نے سرکاری اداروں ‘ محکمہ جات اور خانگی شعبہ میں اقلتیوں کے تقررات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ کو ہدایت دی کہ سرکاری اور خانگی شعبہ میں تقررات کمیٹیوں اور سلکشن بورڈ میں اقلیتوں کے ارکان شامل کئے جائیں ۔ انہوں نے تمام سرکاری محکمہ جات کو اس سلسلہ میں موقف رپورٹ پیش کرنے کیلئے ہدایت دی ہے ۔ سی آئی آئی‘ ایف آئی سی سی آئی اور پی ایچ ڈی سی سی آئی سے تعاون کی خواہش کرتے ہوئے کے رحمن خان نے کہاکہ وہ اقلیتوں میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزارت اقلیتی امور سے تعاون کی بھی خواہش ظاہر کی۔ ہمہ شعبہ جاتی ترقیاتی پروگرام (ایم ایس ڈی پی) کا حوالہ دیتے ہوئے کے رحمن خان نے کہاکہ اقلیتی غلبہ والے علاقوں میں آئی آئی ٹیز‘ پالی ٹکنک اور دیگر کالجوں کے قیام کیلئے چیمبر آف کامرس کو وزارت اقلیتی امور سے تعاون کرنا چاہئے ۔ مرکزی وزیر نے خانگی اور سرکاری شعبہ جات میں وزارت کی پیش قدمیوں کو اجاگر کرنے کیلئے منظم مہم چلانے پر بھی زور دیا۔ مولانا آزاد ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کے رحمن خان نے کہاکہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اس ادارہ کے تحت مختلف منصوبوں پر عمل آوری جاری ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں