بی سی سی آئی نے راج کندرا کو معطل کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-11

بی سی سی آئی نے راج کندرا کو معطل کر دیا

کرکٹ کو سٹہ بازی، اسپاٹ فکسنگ اور ہر طرح کی بدعنوانیوں سے پاک کرنے کی مہم میں آج ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے حالیہ اختتام پذیر آئی پی ایل6 میں سٹہ بازی میں ملوث پائے گئے راجستھان رائلس کے شریک مالک راج کندرا کو معطل کردیا۔ بی سی سی آئی نے آج اپنی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں آئی پی ایل فرنچائس ٹیم راجستھان رائلس کے شریک مالک اور بالی ووڈ اداکار شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو معطل کرنے کا فیصلہ لیا۔ اگرچہ کندرا کے خلاف ابھی تک جانچ مکمل نہیں ہوئی ہے لہذا ایسے میں بورڈ کا یہ فیصلہ بے حد اہم مانا جارہا ہے۔ بی سی سی آئی کے کارگزار صدر جگموہن ڈالمیا نے یہ میٹنگ طلب کی تھی۔ بورڈ کے دیگر ارکان نے اس میٹنگ میں آئی پی ایل6 کے دوران فکسنگ اور سٹہ بازی کی وجہ سے کرکٹ کی ساکھ خراب ہونے اور کرکٹ کو مستقبل میں ان برائیوں سے دور رکھنے کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی ایکزیکیٹیو کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈالمیا نے کہا کہ انہوں نے دہلی پولس کمشنر نیرج کمار کے ذریعہ راج کندرا سے 11 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی اور اس کے بعد ہونے والے انکشاف کی بنیاد پر کندرا کو معطل کرنے کافیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے راج کندرا کا بورڈ کے مستقل صدر این سرینواسن کے داماد گروناتھ میاپن سے موازنہ کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ دہلی پولس نے راج کندرا سے 11 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی جس کے بعد پولس نے دعویٰ کیا تھا کہ راج کندرا اپنی ہی ٹیم پر سٹہ لگایا کرتے تھے۔ ڈالمیا نے کہا کہ بی سی سی آئی کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے سربراہ روی سوانی کی رپورٹ بورڈ کو موصول ہوگئی ہے اور اسے بی سی سی آئی کی انضباطی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا جو اس کو بعد میں 2 رکنی تحقیقاتی کمیشن کے حوالے کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس تحقیقاتی کمیشن میں جسٹس آر بالاسبرامنیم اور جسٹس جے رام چاہوٹا شامل ہیں جو اس معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ حالانکہ اس تحقیقاتی کمیشن کو اپنی رپورٹ سپرد کرنے کی کوئی مدت نہیں دی گئی۔ ہنگامی میٹنگ کے بعد ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں ڈالمیا نے کہاکہ بورڈ کو سوانی کی عبوری رپورٹ مل چکی ہے۔ انہوں نے سرینواسن کے نارتھ لابی کے تحت کام کرنے کے الزام کے بارے میں کہا کہ سیاست بہت بری چیز ہے۔

IPL: Raj Kundra suspended by BCCI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں