نریندر مودی - بی۔جے۔پی انتخابی مہم کے سربراہ مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-10

نریندر مودی - بی۔جے۔پی انتخابی مہم کے سربراہ مقرر

پارٹی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی اور دیگر سینئر قائدین کے اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے بی جے پی نے آج چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو اپنی انتخابی مہم کمیٹی برائے 2014ء انتخابات کا چیرمین نامزد کیا ہے۔ اس اقدام سے وزارت عظمی کی امیدواری کیلئے مودی کی راہ آسان ہوگئی ہے۔ گوا میں منعقدہ پارٹی کے دوروزہ قومی عاملہ اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ "میں آپ کو ایک غیر معمولی اطلاع دینا چاہتا ہوں، میں نے قومی عاملہ اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو بی جے پی انتخابی مہم کمیٹی کے چیرمین کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے"۔ 2014ء لوک سبھا انتخابات کے چیالنجس کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور انتخابات میں پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے مودی کا انتخاب کیاگیا۔ جو کچھ ہوا ہے وہ اتفاق رائے کی اساس پر ہی ہوا۔ راج ناتھ سنگھ نے اس سلسلہ میں مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔ 63 سالہ مودی کے تقرر کا فیصلہ اڈوانی کے اعتراضات کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ مودی کو پارٹی کا اہم عہدہ دینے کے شدید مخالف ہیں۔ اڈوانی نے گوا قومی عاملہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ جسونت سنگھ، یشونت سنہا، اوما بھارتی اور شتروگھن سنہا کے بشمول کئی دیگر سینئر قائدین نے بھی یہی کہا تھا کہ نریندر مودی کو انتخابی مہم کمیٹی کا چیرمین بنانے پر انہیں اعتراض ہے۔ ان قائدین نے بھی مودی کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی عاملدہ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ اجلاس میں دوروز غور و خوص و پس و پیش کے بعد پارٹی نے مودی کو اہم رول دینے کا بالآخر فیصلہ کرلیا۔ پارٹی نے اپنے اہم قائدین جیسے ایل کے اڈوانی کو اہمیت نہیں دی۔ اٹل بہاری واجپائی کے بعد اڈوانی موجودہ بی جے پی کے لئے غیر اہم ثابت ہوئے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ تمام پارٹیوں کا خیال ہے کہ آنے والے انتخابات ان کیلئے ایک چیالنج ہیں اس لئے بی جے پی بھی اسی خیال کے ساتھ انتخابات کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی تیاری کررہی ہے۔ نریندر مودی کو پارٹی کا اہم عہدہ اس لئے دیا گیا کیونکہ کامیابی حاصل کرنا یقینی ہوسکے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ کانگریس زیر قیادت یوپی اے حکومت عوام کے اعتماد سے محروم ہوچکی ہے۔ عوام کو اب بی جے پی پر بھروسہ دکھائی دیتا ہے اور 2014ء کے انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار کیلئے ووٹ دیں گے۔ مودی اس وقت ملک کی سیاست میں سب سے پسندیدہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے انتخابات کے بعد اڈوانی جی سے فون پر بات چیت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اڈوانی جی نے انہیں آشیرواد اور کامیابی کیلئے دعا کی۔ مودی نے پارٹی کی تائید پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ بہت جلد کانگریس مکت بھارت نرمان (ہندوستان کو کانگریس سے چھٹکارا دلانے کی مہم) کا آغازکریں گے۔ کل دن بھر میڈیا میں قیاس آرائیاں ہورہی تھی کہ بی جے پی اپنی انتخابات مہم کمیٹی کے چیرمین کے انتخاب کا فیصلہ موخر کرے گی۔ پارٹی ذرائع نے کہاکہ راج ناتھ سنگھ نے اجلاس کے دوران شرکاء سے اتفاق رائے حاصل کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کرلیا۔ قومی عاملہ سیشن کے اختتام پر راج ناتھ سنگھ نے اپنی اختتامی تقریب ختم کرنے کے بعد نریندر مودی کو چیرمین بنانے کا اعلان کیا۔

Narendra Modi appointed Chairman of BJP's Campaign Committee for 2014

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں