مائیکل کلارک کو مکمل فٹ ہونے میں مزید وقت لگے گا : جارج بیلی
لندن
(ایجنسیاں)
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے جزوقتیکپتان جارج بیلی نے کہا کہ ٹیم کے مستقل کپتان مائیکل کلارک پوری طرح صحتیاب نہیں ہوپائے ہیں، انہیں مکمل فٹنس حاصل کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے، میری ان سے بات ہوئی ہے، وہ پر امید ہیں کہ جلد ایکشن میں لوٹ آئیں گے تاہم اس حوالے سے کوئی مقررہ وقت نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف چمپئنس ٹروفی میاچ میں آسٹریلیائی بیاٹنگ لائن کی خامیوں کو تسلیم کیا اور کہا کہ ان کے پاس ایسی کوئی جادوئی دوا نہیں کہ یہ خامیاں ایشس سیریز سے قبل ایک مہینے کے اندر دور ہوجائیں۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف افتتاحی میاچ ہارنے پر افسوس ہے، اس شکست کی ذمہ داری تمام کھلاڑیوں پر عائد ہوتی ہے تاہم ہماری پوری کوشش ہوگی کہ چہارشنبہ 12 ؍ جون کو کھیلے جانے والے نیوزی لینڈ کے خلاف میاچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں، ہمیں معلوم ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ہمیں ٹورنمنٹ میں رہنے کیلئے نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کو شکست دینا ضروری ہے، کھلاڑیوں کو جان لڑانی ہوگی اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ ایسا ہی کریں گے۔
جسی رائیڈر آئندہ ماہ تک فٹ ہوجائیں گے
آکلینڈ
(ایجنسیاں)
ایک جھگڑے میں شدید زخمی ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیاٹسمن جسی رائیڈر آئندہ ماہ جولائی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والی کرکٹ لیگ میں بھی حصہ لیں گے۔ تشدد کا شکار ہونے کے بعد ان کے سر اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔ علاج کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تاہم ابھی وہ اپنے زخموں کی وجہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔ رائیڈر کے منیجر ارون کلی نے کہا کہ ابھی وہ انتہائی کمزور اور زیادہ کام کرنے کی حالت میں نہیں ہیں، امکان ہے وہ آئندہ ماہ جولائی میں صحتیاب ہوکر کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے حملہ سے پہلے ان سے رابطہ کیا گیا تھا۔ امکان ہے کہ وہ لیگ میں حصہ لیں گے۔
ہندوستان کی طاقتور بیاٹنگ کا توڑ ہمارے پاس موجود ہے: براو
برمنگھم
(ایجنسیاں)
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈوین براو نے اپنے بولرس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہندوستان کے خلاف بھی پاکستان جیسی کارکردگی کو برقرار رکھیں۔ پاکستان کے خلاف میاچ جیتنے سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوا ہے اور ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کھلاڑی منگل 11 ؍ جون کو ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے میاچ میں بھی اسی کارکردگی کو برقرار رکھیں گے اور چمپئنس ٹروفی میں اپنی پوزیشن کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو ایک اور مشکل میاچ کا سامنا ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ اس میاچ میں مخالف ٹیم کی طاقت ان کی بیاٹنگ ہے تاہم ہمارے پاس ایسے بولرس موجود ہیں جو ان کی بیاٹنگ لائن کو قابو کرسکتے ہیں لیکن میں یہاں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ٹیموں کی صلاحیتوں کا تو منگل کو ہی پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ہمارے خلاف بڑا اسکور کرے اور ہمیں دباؤ میں لائے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے اپنا پہلا میاچ پاکستان کے خلاف کھیلا تھا جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کرسٹیانو رونالڈو تنقید برداشت نہیں کر سکتے : جوس مرینو
میڈرڈ
(ایجنسیاں)
ریال میڈرڈ کے سابق کوچ جوس مرینو نے اس خبر کی توثیق کردی ہے کہ وہ انگلش پریمئر لیگ کے کلب چیلسی میں شامل ہورہے ہیں۔ ان کے ریال میڈریڈ کے سوپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے کشیدہ تعلقات کسی سے چھپے نہیں ہیں۔ اس حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرینو نے کہا کہ ریال میڈریڈ میں رونالڈو کی کوچنگ کرتے ہوئے صرف ایک مسئلہ کا سامنا رہا، وہ ہمیشہ ایسا ظاہر کرتے تھے کہ جیسے انہیں سب معلوم ہے، میں بحیثیت تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرسکتا ہوں، میرا کام کسی پر تنقید نہیں بلکہ کھلاڑی کے کھیل میں مزید نکھار پیدا کرنا ہے تاہم جب میں اس تناظر میں رونالڈو سے بات کرتا تھا تو وہ اس پر پوری توجہ نہیں دیتے تھے کیونکہ ان کے خیال میں انہیں کسی مشورے کی ضرورت نہیں، وہ تنقید برداشت نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ کر 2009 ء میں ریال میڈرڈ سے 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا ورلڈ ریکارڈ معاہدہ کیا تھا۔ وہ دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر بن گئے تھے۔ رونالڈو نے مرینو کی کوچنگ میں کلب کیلئے شاندار کارنامے انجام دیئے اور گولس کا ڈھیر لگادیا۔ مرینو نے مزید کہا کہ رونالڈو نے میری کوچنگ میں 3 سیزن کھیلے اور ریکارڈ ساز کارکردگی پیش کی لیکن میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ فٹبالر کی زندگی کا سنہرا دور ہے کیونکہ اس سے قبل وہ انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔
چمپئنس ٹروفی میں ہند ۔ ویسٹ انڈیز آج مقابلہ
لندن
(یو این آئی)
آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کل منگل کو کھیلے جانے والے میاچ میں زبردست مقابلہ کی امید کی جارہی ہے۔ ہندوستان نے گروپ بی کے اپنے پہلے میاچ میں جنوبی آفریقہ کو 26 رن سے شکست دی تھی۔ ہندوستانی ٹیم کے تمام کھلاڑی اس وقت زبردست فام میں ہیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے بھی اپنے پہلے میاچ میں پاکستان کو ہراکر جیت کے ساتھ آغاز کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم میں بیاٹنگ، بولنگ اور فلڈنگ تینوں ہی شعبوں میں تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ پہلے میاچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے اپنی فام کو ثابت کیا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل متعدد کھلاڑی انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔ اپنے پہلے میاچ میں پاکستان کو 2 وکٹ سے شکست دینے والی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ہندوستانی ٹیم کی طاقت اور کمزوری کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ جنوبی آفریقہ کے خلاف مقابلہ میں اوپنر شیکھر دھون نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 114 رن کی اننگز سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ علاوہ ازیں ٹاپ آرڈر میں بھی دیگر بیاٹسمنوں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیا۔ انڈین پریمیر لیگ میں ممبئی کی ٹیم کو چمپئنس ٹروفی دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے بیاٹسمن روہت شرما نے بھی 65 رن کی اہم اننگز کھیلی تھی۔ حالانکہ پریکٹس میاچس میں مڈل آرڈر روہت کی کارکردگی قابل اطمینان نہیں رہی تھی جبکہ دنیش کارتک نے 2 پریکٹس میاچس میں اپنے بہترین فام کا مظاہرہ کیا اور متواتر 2 سنچریاں اسکور کیں تاہم جنوبی آفریقہ کے خلاف پہلے میاچ میں وہ ناکام رہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دنیش کارتک کے ساتھ کپتان ایم ایس دھونی، نوجوان بیاٹسمن ویراٹ کوہلی اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دینا ہوگا۔ چمپئنس ٹروفی میں بیاٹسمنوں کا اہم کردار ہے اور اس بات کا اعتراف کپتان دھونی پہلے ہی کرچکے ہیں۔ ٹیم کے میڈیم پیس گیند بازوں میں بھبنیشور کمار، امیش یادو، ایشان شرما جبکہ اسپنرس میں روی چندرن اشون اور جڈیجہ اس وقت اچھی بولنگ کررہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف انہیں اپنی یہی کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، کیرون پولارڈ، مارلن سیموئلس، اور ڈوین براو جیسے بیاٹسمن کو قابو میں رکھنے کی ان ہی گیند بازوں پر ذمہ داری رہے گی۔ بولرس کو وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ رن بچانے کی بھی کوشش کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف 39 رن کی اننگز کھیلنے والے گیل، چمپئنس ٹروفی میں 700 یا اس سے زائد رن بنانے والے پہلے بیاٹسمن بن گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کا مکمل انحصار گیل پر رہے گا۔ گیل کے علاوہ پولارڈ، سیموئلس، جانسن چارلس، رام نریش سروان کی شکل میں ٹیم کے اچھے بیاٹسمنہیں۔ حالانکہ پاکستان کے خلاف میاچ میں ویسٹ انڈیز کی بیاٹنگ ناقص رہی تھی اور ٹیم نے گیند بازی کے دم پر ہی میاچ جیتا تھا۔ پاکستان کے خلاف میاچ میں ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بیاٹسمن بڑا اسکور نہیں کرسکا تھا لیکن ہندوستان کے خلاف اس طرح کی غلطی نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے۔ گزشتہ میاچ میں ویسٹ انڈیز کے بولرس کیمار روچ اور سنیل نارائن نے فی کس 3 وکٹ حاصل کئے تھے اس لئے ہندوستانی بیاٹسمنوں کو میدان پر ٹھہرکر ان خطرناک گیند بازوں کا سامنا کرنے کیلئے ایک خاص حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔ ان دونوں کے علاوہ ٹیم کے پاس روی رام پال، ڈوین براو، آل راؤنڈ پولارڈ جیسے بولرس موجود ہیں جو ہندوستانی بیاٹسمنوں کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ندال - خاص ریکارڈ کا تنہا رہ کر لطف اندوزہونے کے خواہاں
پیرس
(یو این آئی)
ایک ہی گرانڈ سلام میں 8 مرتبہ چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے ٹینس کھلاڑی رافل ندال نے اپنی کامیابی پر کہا کہ وہ اس خاص ریکارڈ کا تنہا رہ کر مزا اٹھانا چاہتے ہیں۔ میاچ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ندال نے کہاکہ وہ کسی طرح کا جشن منانا نہیں چاہتے اور ایرپورٹ پر صرف کچھ دوستوں یا میڈیا کے لوگوں کے ساتھ بات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے شکرگذار ہیں۔ شائقین کی جانب سے حوصلہ افزائی ان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے لیکن وہ یہ نہیں چاہتے کہ ان کے مداح ان سے ملاقات کیلئے ایرپورٹ تک آئیں۔ ندال نے کہا کہ وہ ٹینس سے بہت زیادہ پیار کرتے ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں 5ویں رینکنگ کے حامل ندال نے امید ظاہر کی کہ وہ اس سال سرفہرست مقام پر پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ وہ دوبارہ یہ اعزاز حاصل کرسکتے ہیں جس کیلئے انہیں اپنی فٹنس پر خاص دھیان دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سرفہرست مقام تک پہنچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس درکار ہیں۔ واضح رہے کہ گھٹنے کی چوٹ کے سبب ندال 7 مہینوں تک عالمی مقابلوں سے دور رہے تھے اور دوبارہ عالمی مقابلوں میں واپسی کے بعد انہوں نے میڈرڈ اوپن اور روم ماسٹرس کے ٹائٹلس بھی جیتے۔ کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ اسپین کے رافل ندال نے اپنے ہم وطن ڈیوڈ فیرر کو کل متواتر سٹوں میں 6-3, 6-3 سے شکست دے کر 8ویں بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے ساتھ نیا گرانڈ سلام ریکارڈ بھی بنایا ہے۔ ندال اس خطابی جیت کے ساتھ ایک ہی گرانڈ سلام 8 بار جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ ان کا یہ 12واں گرانڈ سلام ٹائٹل ہے جس میں 8 فرنچ اوپن، 2 ومبلڈن، ایک آسٹریلین اور ایک یو ایس اوپن شامل ہے۔ ندال بغیر کوئی سٹ گنوائے فائنل میں پہنچے چوتھے۔ ندال نے فیرر کا پہلا گرانڈ سلام خطاب جیتنے کا خواب لگاتار سٹوں میں توڑدیا۔ پہلی بار کیرئر کے پہلے گرانڈ سلام فائنل میں کھیل رہے فیرر، ندال کے سامنے کوئی کرشمہ نہیں کرسکے اور انہیں ندال کے خلاف کلے کورٹ پر مسلسل 17 ویں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ 7 مرتبہ کے چمپئن ندال نے اپنے 8ویں ٹائٹل کے سفر میں سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو 5 سٹوں تک چلے سخت مقابلہ میں ہرایا تھا لیکن اس زبردست مقابلہ کا کوئی اثر فائنل میں ندال پر نظر نہیں آیا۔ دوسری طرف کیرئر میں 42 کوششوں میں پہلا گرانڈ سلام فائنل کھیل رہے فیرر نے سیمی فائنل میں چھٹی سیڈ فرانس کے جو اولفریڈ سونگا کو لگاتار سٹوں میں شکست دی لیکن ٹائٹل مقابلہ میں وہ ندال کے آگے پست ہوتے نظر آئے۔ ندال نے اس جیت سے فیرر کے خلاف اپنی جیت ہار کا ریکارڈ 20-4 کرلیا۔ 11 بار کے گرانڈ سلام چمپئن ندال گزشتہ سال ومبلڈن میں جلد ہی ہارنے کے بعد سے چوٹ کی وجہ سے فروری تک کورٹ سے باہر رہے تھے لیکن جب انہوں نے واپسی کی تو پھر ایک کے بعد ایک 7 ٹائٹلس جیت لئے۔
سباسٹین ویٹل نے کنیڈین گرانڈ پری جیت لی
مونٹریال
(یو این آئی)
جرمن فارمولا ون ڈرائیور سباسٹین ویٹل نے کل مونٹریال میں منعقدہ کنیڈین گرانڈ پری جیت کر شمالی امریکہ کی سر زمین پر پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ فورس انڈیا کے پال ڈی ریسٹا اور ایڈریان سوٹل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹ حاصل کئے۔ فورس انڈیا کے برطانوی ڈرائیور ڈی ریسٹا 7ویں اور ان کی ٹیم کے ساتھی جرمنی کے ایڈریان سوٹل 10ویں مقام پر رہے۔ ریسٹا کو اپنی بہتری کارکردگی کیلئے 6 اور سوٹل کو ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔ ریسٹا اب 34 پوائنٹس کے ساتھ چمپئن شپ ریس میں 8ویں اور سوٹل 17 پوائنٹس کے ساتھ 11ویں مقام پر ہیں۔ ٹیم پوزیشن میں فورس انڈیا 51 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہیں۔ ریڈ بُل ٹیم کے سباسٹین ویٹل ریس کے آغاز سے ہی مقابلہ پر چھائے رہے اور آخر تک کوئی دوسرا کھلاڑی ان کا زور توڑ نہ پایا۔ دوسرے نمبر پر رہے فیراری کے فرنانڈو الانسو بھی ویٹل سے بہت پیچھے تھے۔ ویٹل نے پول پوزیشن سے ریس شروع کی جو ان کا بہترین آغاز تھا تاہم پوری ریس میں ان کے پیچھے ایک ڈرامائی ہلچل جاری رہی۔ آسٹریلیائی ڈرائیور مارک ویبر، ویٹل کا پیچھا کررہے تھے لیکن وہ خود الانسو کا شکار بن گئے۔ الانسو نے چھٹی پوزیشن سے مقابلہ کا آغاز کیا تھا۔ فن لینڈ کے ولٹیری بوٹاس نے تیسری پوزیشن سے ریس شروع کی جس کے بعد وہ 12ویں نمبر پر لڑھکے جبکہ اختتام پر وہ 14ویں نمبر پر رہے۔ بعد ازاں ویٹل نے اپنی ٹیم ریڈیو پر اعلان کیا ہاں! ہم کناڈا میں جیت گئے، میری کار بہت ہی حیرت انگیز تھی، شکریہ ساتھیو! ٹروفی لینے کے بعد ویٹل نے کہا کہ ہمارے لئے پہلے بھی مقابلے اچھے رہے ہیں لیکن ہر مرتبہ ہم جیتے نہیں، یہ آج کے دن کیلئے طے تھا، بہت اچھا احساس ہے۔70 چکروں کی اس ریس میں انہیں 14.9 سیکنڈس کی سبقت حاصل رہی۔ مونٹریال کے 4.361 کلومیٹر طویل سرکٹ گلیز ویلینیووے پر یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 32 منٹ اور 9.143 سیکنڈ جاری رہا۔ مرسڈیز ٹیم کے لیوس ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ ویٹل اور ان کی ٹیم کیلئے کنیڈین گرانڈ پری کا یہ پہلا ٹائٹل ہے۔ اس سے پہلے کناڈا میں 2 مقابلوں میں ویٹل دوسرے اور چوتھے نمبر پر رہے تھے۔ اس سیزن میں یہ ان کی تیسری فتح ہے جس کے نتیجہ میں ڈرائیورس کی اسٹینڈنگ میں ان کی سرفہرست پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ اس وقت وہ 132 پوائنٹس کے ساتھ اس پوزیشن پر ہیں جبکہ اسپین کے الانسو 96 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ لوٹس ٹیم کے فن لینڈ کے ڈرائیور ریمی رائیکونین تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 88 ہیں جبکہ برطانوی ڈرائیور ہملٹن 77 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ رواں سیزن میں ورلڈ چمپئن سباسٹین ویٹل قبل ازیں ملیشیا اور بحرین میں کامیاب رہے تھے۔ اس سیزن میں فارمولا ون کا اگلا پڑاؤ برٹش گرانڈ پری ہے جو 30 ؍ جون کو سلور اسٹون میں ہوگی۔
نئی دہلی
(یو این آئی)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے عبوری صدر جگموہن ڈالمیا نے ہندوستانی کرکٹ کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے اپنے ’’آپریشن کلین اپ‘‘ کے تحت انڈین پریمیر لیگ میں چیرس لیڈر اور رات دیر گئے پارٹیوں کو ختم کرنے کی تجویز پیش کی لیکن مالی رکاوٹوں کے سبب اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔ بورڈ کی ایکزیکیٹیو کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈالمیا نے کہا کہ ہم نے 3 گھنٹے تک کئے گئے تبادلہ خیال میں کچھ ایسے نکات نشان زد کئے ہیں جن پر میڈیا، کھلاڑیوں اور ریاستی کرکٹ اسوسی ایشنوں کے ساتھ باہمی صلاح و مشورہ کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈالمیا نے کہاکہ ہماری تجویز ہے کہ انڈین پریمیر لیگ میں چیئر لیڈرس نہیں رکھی جائیں۔ رات دیر گئے پارٹیاں نہ ہوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ عہدیداران کیلئے سخت ضابطہ60 اخلاق نافذ کئے جائیں۔ انڈین پریمیر لیگ کے چھٹے سیزن میں راجستھان رائلس کے 3 کھلاڑیوں اور ٹیم کے مشترکہ مالک راج کندرا پر سٹہ بازی کے الزامات کے بعد انڈین پریمیر لیگ میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیاں لانے کے مطالبہ ہونے لگے ہیں۔ ڈالمیا نے کہاکہ ہم نے اس سلسلہ میں ایک جامع منصوبہ تیار کرلیا ہے اور اس پر باہمی صلاح و مشورہ کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کے ڈگ آؤٹ اور ڈریسنگ روم کے آس پاس کسی بھی عہدیدار کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کئے جانے کی تجویز ہے اور اس کیلئے فرنچائس مالکوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے سیل فون میاچ کے پہلے لے لئے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو اپنے نمبر بورڈ کو دینے ہوں گے۔ علاوہ ازیں میدان میں سیل فون کو جام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کھلاڑیوں کو اپنے مالی مفادات کو بورڈ کے سامنے ظاہر کرنا ہوگا تاکہ بورڈ کو معلوم رہے کہ وہ کہیں سے ضابطہ60 اخلاق کی خلاف ورزی میں ملوث تو نہیں ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں فرنچائس مالکوں کو بھی یہ واضح کرنا ہوگا کہ وہ کھلاڑیوں اور دیگر عملوں کوجو پیسہ دے رہے ہیں اس کا ذریعہ کیا ہے۔ ڈالمیا نے کہاکہ میدان میں میاچس کے درمیان کھلاڑیو ں کو ایئر پلگ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں یہ بھی تجویز ہے کہ قومی سلیکٹر کسی بھی فرنچائس ٹیم کے ساتھ وابستہ نہیں ہوں گے۔ آئی پی ایل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹوئنٹی 20 کی طرز پر ٹورنمنٹ کرانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے ڈالمیا نے کہاکہ اس سے ٹورنمنٹ کو بدعنوانی سے پاک کرنے میں مدد ملے گی۔ حالانکہ میاچ کے درمیان 2 مرتبہ ہونے والے اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ پر اس ہنگامی میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں لیا جاسکا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے مفادات کے تصادم کے معاملہ میں ڈالمیا نے کہا کہ اس معاملہ میں کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اور تمام معاملات کو بھی مدنظر رکھ کر ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ چونکہ اس وقت ہندوستانی ٹیم انگلینڈ میں چمپئنس ٹروفی کھیل رہی ہے اس لئے ٹورنمنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی انہماک متاثر ہوگی اس لئے اس معاملہ میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات اور منصوبہ تیار ہے اور کپتانوں کی ایک میٹنگ طلب کی جائے گی جس میں تمام امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ ہندوستانی کرکٹ کو بدعنوانی سے کیسے پاک کیا جائے۔
لبنان کے 3 ریفریوں کو سزا
سنگاپور
(یوا ین آئی)
سنگاپور کی ایک عدالت نے فٹبال کا ایک میاچ فکسڈ کرنے کے بدلے سیکس کی رشوت لینے والے لبنان کے 2 ریفریوں کو 3 مہینے کی سزا سنائی ہے جبکہ تیسرے ریفری کے خلاف فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ یورپ کی انسداد بدعنوانی یونٹ نے فروری میں انکشاف کیا تھا کہ دنیا میں سینکڑوں فٹبال میاچس کو فکسڈ کیا جارہا ہے اور اس فکسنگ سرگرمی کا مرکز سنگاپور ہے۔ اس کے بعد ہی سنگاپور اس معاملہ کی عالمی تحقیقات کیلئے تیار ہوگیا تھا۔ اسی کے تحت پولس نے فٹبال کے عالمی تنظیم فیفا سے تسلیم شدہ لبنان کے 3 میاچ ریفریوں کو گذشتہ 4 اپریل کو حراست میں لیا تھا جن میں سے 2 اسسٹنٹ میاچ ریفری علی ایاض اور عبداللہ طالب کو 3 ‘ 3 مہینے قید کی سزا سنائی گئی جبکہ میاچ ریفری علی سباک کی سزا پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں سباک سب سے زیادہ قصوروار ہیں۔ انہوں نے ہی دیگر ریفریوں کو سیکس کی رشوت قبول کرنے کیلئے دباؤ ڈالا تھا۔ پولس نے سباک کو 6 مہینے کی سزا دینے کی سفارش کی۔ پولس کے مطابق سباک نے سب سے پہلے جون 2012 میں بیروت کے ایک کیفے میں سنگاپور کے میاچ فکسر ڈنگسی وان سے رابطہ قائم کیا تھا۔ اس معاملہ میں ڈنگسی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اور اس کے معاملہ پر ابھی سماعت ہونا باقی ہے۔ ڈنگ اس وقت ضمانت پر رہا ہے۔
سوم دیو ورمن کی رینکنگ میں بہتری
نئی دہلی
(یو این آئی)
سال کے دوسرے گرانڈ سلام، فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے مینس سنگلس زمرہ کے دوسرے راؤنڈ میں عالمی نمبر 3 کھلاڑی راجر فیڈرر سے ہارنے کے باوجود ہندوستان کے سوم دیو دیو ورمن نے تازہ عالمی درجہ بندی میں 48 مقام کی چھلانگ لگائی ہے۔ خواتین کے ڈبلس زمرہ میں ہندوستان کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو بھی 2 مقامات کا فائدہ ہوا ہے اور وہ 3700 پوائنٹس کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئیں۔ ثانیہ اس سے قبل ڈبلس زمرہ میں 18ویں پوزیشن پر تھیں۔ سوم دیو کو کندھے کی چوٹ کے سبب کافی عرصے تک عالمی مقابلوں سے دور رہنا پڑا تھا۔ فرنچ اوپن میں انہوں نے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی جہاں وہ فیڈرر سے ہار کر باہر ہوئے۔ انہوں نے تازہ درجہ بندی میں 379 پوائنٹس کے ساتھ 140ویں پوزیشن حاصل کی ہے ہندوستانی ٹینس کھلاڑیوں میں یہ ان کی بہترین رینکنگ ہے۔ اس سے قبل جولائی 2011 میں سوم دیو 62ویں نمبر پر تھے جو ان کے کیریر کی سب سے اچھی رینکنگ تھی۔ دیگر ہندوستانیوں میں لینڈر پیس کو 2 پوائنٹس کا فائدہ حاصل ہوا۔ وہ 13ویں مقام پر آگئے ہیں۔ ان کے اس وقت 4180 پوائنٹس ہیں۔ فرنچ اوپن کا 8ویں مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے والے اسپین کے رافل ندال نے گرانڈ سلام کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا لیکن خطابی جیت کے باوجود کلے کورٹ کنگ کو ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا۔ برطانیہ کے اینڈی مرے کو 360 پوائنٹس کا نقصان ہوا۔ وہ 8310 پوائنٹس کے ساتھ اپنے دوسرے مقام پر برقرار ہیں جبکہ سیمی فائنل میں ندال کو ہرانے والے سربیا کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ کو بھی 480 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن وہ 11830 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر برقرار ہیں۔ راجر فیڈر تیسری پوزیشن پر ہیں۔
Sri Lanka mull strict anti-fixing law
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں