رافل ندال کو ومبلڈن کے پہلے ہی دور میں شکست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-26

رافل ندال کو ومبلڈن کے پہلے ہی دور میں شکست

بارہ مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن اسپین کے رافل ندال کو کسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے پہلے راؤنڈ میں پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جس کے ساتھ ان کے روایتی حریف راجر فیڈرر کے سیمی فائنل میں داخلے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ندال نے پہلے راؤنڈ کے میاچ میں شکست کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ پہلے راؤنڈ کے میاچ میں ہی شکست کے لئے کسی طرح کا بہانہ نہیں بنانا چاہتے۔ ندال کی شکست کے بعد دفاعی چمپئن راجر فیڈرر کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید بہتر ہو گئے ہیں۔ فیڈرر اور رافل ندال کا آمنا سامنا کوارٹر فائنل میں متوقع تھا۔ فیڈرر نے اپنا پہلے راؤنڈ کا میاچ با آسانی جیت لیا۔ 12گرانڈ سلام جیتنے والے ندال نے میاچ کے بعد ایک انٹریو میں کہا کہ وہ ٹخنے کی تکلیف کو میاچ کی ہار کے لیے عذر نہیں بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہار ایک ٹریجڈی نہیں تھی اور یہ کہ وہ مزید پر عزم ہو کر میدان میں دوبارہ اتریں گے۔ ہسپانوی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافل ندال ومبلڈن گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں بلجیم کے کھلاڑی اسٹیو ڈارکس سے راست سٹوں میں شکست کھا کر ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ گزشتہ برس ندال لندن میں کھیلے جانے والے سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں چیک کھلاڑی لوکاس روسول سے ہار گئے تھے۔ ہار کی وجہ ان کے ٹخنے کی چوٹ تھی جس کے باعث وہ قریب ایک برس تک میدان سے باہر رہے۔ وہ چند ماہ قبل ہی ٹینس کورٹ میں دوبارہ اترے تھے۔ واپسی کے بعد انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ دکھایا اور کلے یا مٹی پر کھیلے جانے والے گرانڈ سلام فرنچ اوپن میں کامیابی حاصل کی۔ یہ ٹورنمنٹ انہوں نے آٹھویں مرتبہ جیت کر ایک ریکارڈ بھی قائم کر دیا تھا۔ تاہم ندال گھاس پر کھیلے جانے والے ومبلڈن کے لئے فیورٹ کھلاڑی تصور نہیں کیے جا رہے تھے۔ لیکن کسی کو یہ گمان بھی نہیں تھا کہ وہ پہلے ہی راؤنڈ میں ایک غیر معروف کھلاڑی سے ہار جائیں گے۔ یہ رافل ندال کی کسی بھی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں بد ترین شکست تھی۔ رینکنگ کے اعتبار سے 135ویں نمبر کے کھلاڑی ڈارکس نے رافل ندال کو 7-6, 7-6, 6-4 سے شکست دی۔ رافل ندال کی یہ شکست اس لئے بھی بد ترین تھی کہ وہ گزشتہ برس روسول سے 5سٹوں میں ہارے تھے۔ رافل ندال کو کلے کورٹ کا بادشاہ قرار دیا جاتا ہے تاہم گھاس پر کھیلے جانے والے مقابلوں کے لیے وہ بہترین نہیں سمجھے جاتے۔ اس کے باوجود ندال 2 مرتبہ ومبلڈن جیت کر گھاس پر بھی اپنا سکہ منوا چکے ہیں۔اگست کے مہینے میں سال کا آخری گرانڈ سلام امریکا میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی محمد عامر کے خلاف پابندی کے فیصلہ پر نظرثانی کرے : نجم سیٹھی
کراچی ۔ (ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قائم مقام چیرمین نجم سیٹھی چہارشنبہ کو چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے ساتھ آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے لندن روانہ ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ میں کوشش کروں گاکہ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کی پابندی کے سلسلہ میںآ ئی سی سی اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے۔ عامر کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں 5 سال کی پابندی کا سامنا ہے اور یہ پابندی 2015 میں ختم ہوگی۔ عامر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں آئی سی سی حکام کو قائل کرنے کی کوشش کروں گا کہ عامر نوجوان کھلاڑی ہیں اور وہ ڈھائی سال کی پابندی گزار چکے ہیں اس لئے ان کی پابندی ختم کرکے انھیں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔

آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ بنگلہ دیش سے منتقل ہونے کا امکان
ڈھاکہ ۔ (ایجنسیاں) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش میں آئندہ برس منعقدہ ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کیلئے سہولتوں پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔ مردوں اور خواتین کے ٹورنمنٹس 16 مارچ تا 6 ؍ اپریل تک 4 مقامات پر منعقد ہوں گے۔ گذشتہ دنوںآ ئی سی سی کی تحقیقاتی ٹیم نے سہلٹ، میرپور، چٹاگانگ اور کاکس بازار کے اسٹیڈیمس کامعائنہ کیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سہلٹ اور میرپور میں موجود سہولتوں سے آئی سی سی حکام مطمئن ہیں لیکن سلہٹ کے نوتعمیر شدہ اسٹیڈیم میں ابھی بہت کام باقی ہے جبکہ کاکس بازار کا نیا اسٹیڈیم تاحال تکمیل کے مراحل میں ہے۔ اس ضمن میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ میگا ایونٹ بنگلہ دیش سے منتقل کیا جاسکتا ہے۔

زخمی عرفان پٹھان دورہ60 ویسٹ انڈیز سے باہر
نئی دہلی ۔ (ایجنسیاں) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈ عرفان پٹھان زخمی ہونے کے سبب ویسٹ انڈیم میں کھیلی جانے والی سہ قومی سیریز سے باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ سمیع احمد کو طلب کرلیا گیا۔ ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم 30 جون کو جمائیکا میں اپنا پہلا میاچ کھیلے گی۔ ایونٹ میں ہندوستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

سرینا ولیمس نے شاراپووا سے معافی مانگ لی
لندن ۔ (ایجنسیاں) دنیا کے قدیم اور مقبول ترین ٹینس گرانڈ سلام ٹورنمنٹ ومبلڈن کے آغاز سے قبل امریکی اسٹار سرینا ولیمس اور روسی ماریا شاراپووا کے درمیان گرما گرمی نے چمپئن شپ کی فضا میں تناؤ کی کیفیت پیدا کردی۔ سرینا نے ایک انٹرویو میں شاراپووا کی ذاتی زندگی پر جملے بازی کی جس پر روسی کھلاڑی نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا لیکن اب سرینا نے اپنے انٹرویو پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے شاراپووا سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ ختم کردیا۔

آسٹریلیا نے فواد احمد کو واپس طلب کرلیا
سڈنی ۔ (ایجنسیاں) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے پاکستانی نژاد اسپن بولر فواد احمد کو انگلینڈ سے وطن واپس طلب کرلیا ہے۔ ان کے پہلے ایشس ٹسٹ میں حصہ لینے پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے جبکہ لگ اسپنر اسٹیون اسمتھ نے آسٹریلیائی ٹیم سے رجوع کرلیا ہے۔ چیف سلیکٹر جان انویریرٹی کا کہنا ہے کہ فواد کو ان کی آسٹریلین شہریت کے حوالے سے قانونی کارروائی مکمل کرنے کی غرض سے طلب کیا گیا ہے۔

لاہور۔(یو این آئی)پاکستانی کرکٹ بورڈ کے کارگذار چیرمین نجم سیٹھی نے پاکستانی کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں جگہ کو میدان میں ان کی کارکردگی سے مشروط کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ مقابلوں میں ٹیم کی جیت اور شکست کے لئے سلیکٹرس بھی ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سلیکٹرس کواختیار دیا ہے مگر ناکامی کی صورت میں انہیں ذمہ داری بھی لینی پڑے گی۔ میں سلیکشن میں بالکل مداخلت نہیں کروں گا اور نہ ہی سفارش کی گنجائش ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نئے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے اصرار پر یہ عہدہ قبول کیا ہے۔ چیرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ جب انہیں اس عہدے کی پیشکش کی گئی تو وہ اپنی میڈیا کی ذمہ داریوں کی وجہ سے رضامند نہ تھے۔ انہوں نے کہا‘ نواز شریف کا اصرار تھا کہ آپ ڈسپلن قائم کر سکتے ہیں اور کرپشن روک سکتے ہیں۔ نواز شریف کا کرکٹ کے لیے جنون دیکھتے ہوئے میں نے یہ ذمہ داری نبھانے کی حامی بھرلی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ بورڈ کے خلاف عدالتوں میں جاری مقدمات کو نمٹانا اور آئین کے مطابق الیکشن کرانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ پی سی بی کے تمام معاملات کو شفاف بنایا جائے گا اور ان کا لمبی اننگز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ نجم سیٹھی نے یہ عہدہ ذکا ء اشرف کی جگہ سنبھالا ہے‘ جنہیں مبینہ طور پرمرضی کا آئین تشکیل دینے اوراس کے تحت منتخب ہونے کی پاداش میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے گز شتہ ماہ معطل کر دیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس سال کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور اسے جنوبی آفریقہ میں کلین سویپ ہونے کے بعد حالیہ آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں بھی منہ کی کھانا پڑی۔ نجم سیٹھی نے پاکستانی سلیکٹرس اور کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ ان کی بقاء کا دار و مدار صرف کارکردگی اورمیرٹ پر ہوگا۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ وہ رواں ہفتہ شروع ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں اسپاٹ فکسنگ کی پاداش میں سزا یافتہ فاسٹ بالرمحمد عامر کی 5سالہ سزا کم کرانے کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے تاہم سیٹھی نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہوگی۔ نجم سیٹھی چہارشنبہ کو لندن روانہ ہو رہے ہیں‘ جہاں وہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

نیویارک۔(یواین آئی)امریکی بازی گر نِک ولینڈا نے تنی ہوئی رسی پر چل کر گرانڈ کینئن کی عظیم وادی کو عبور کرتے ہوئے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔اس سے پہلے انہوں نے گزشتہ سال دنیا کے انتہائی خوبصورت آبشار نیاگرا فال کے اطراف باندھی گئی رسی کو عبور کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ نک ولینڈا دریائے کولوراڈو کے اوپر باندھی گئی تنی ہوئی رسی پر چل کر بغیر کسی سہارے کے اس دریا کو عبور کرنے والی پہلی شخصیت بن گئے ہیں۔ اس 34 سالہ امریکی مہم جو نے مشرقی ایریزونا میں دریائے کولوراڈو کے اوپر 15سو فٹ کی بلندی پر تانی گئی رسی کو بغیر کسی سہارے کے کامیابی کے ساتھ چل کر پار کیا۔ اس نے 14سو فٹ کا فاصلہ 23 منٹ میں طے کیا۔ اس مہم کو سر کرنے کے بعد نک ولینڈا کا کہنا تھا کہ رسی پار کرتے وقت ہوا کا دباؤ توقع سے زیادہ تھا اور اس دوران اپنا توازن برقرار رکھنے کے لئے اسے اپنے بازو مسلسل پھیلائے رکھنا پڑے‘ جس کی وجہ سے اس کے بازو سخت درد کر رہے تھے۔ اس دوران اسے 2 مرتبہ رسی پر بیٹھنا بھی پڑا۔ ولینڈا جس وقت رسی پر چل رہا تھا‘ اس وقت اس علاقہ میں 56کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی۔ اس سے پہلے نک ولینڈا نے گزشتہ سال دنیا کے انتہائی خوبصورت آبشار نیاگرا فال کے اطراف باندھی گئی رسی پر ایک سرے سے دوسرے سرے تک چل کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ اس نے 2انچ موٹی رسی پر نیاگرا فال عبور کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ یہ منظردیکھنے کے لئے امریکا اور کنیڈا میں نیاگر افال کے دونوں جانب ہزاروں افراد جمع تھے۔ اس دوران 1800 فٹ لمبی کیبل کو دونوں جانب سے کرینز کے ذریعے بلند کیا گیا تھا‘ جو کہ نیاگرا فال سے 150 فٹ اونچی تھی۔اپنی جان خطرے میں ڈال کر کرتب دکھانے والے اس شخص کو جب یہ کہا گیا کہ وہ خود کوممکنہ طور پر گرنے سے بچانے کے لیے کھونٹی استعمال کرے تو نک کا کہنا تھا کہ اگر اسے ذرا بھی ڈر ہوتا‘ تو وہ یہ مظاہرہ کرنے کا ارادہ ہی نہ کرتا۔ نک ولینڈا نے نیاگرا فال کی امریکی جانب سے سفر شروع کرتے ہوئے کنیڈا تک کا فاصلہ 30منٹ سے بھی کم وقت میں طے کیا تھا۔ دریائے کولوراڈو کو عبور کرتے ہوئے نک ولینڈا زیادہ پر اعتماد دکھائی دے رہا تھا۔ اس ورلڈ ریکارڈ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اس مہم جو نے اندازوں سے بہت پہلے ہی مقررہ فاصلہ طے کر لیا اور اس کے اعتماد کا عالم یہ تھا کہ اس نے کئی میٹر پہلے ہی فاتحانہ انداز میں ہاتھ بلند کر دیے تھے۔ ولینڈا کے اس کارنامے نے اسے ٹوئٹر پر سب سے زیادہ زیر بحث رہنے والے دس عالمی نوعیت کے موضوعات میں شامل کر دیا تھا۔ منتظمین کے مطابق اس کی اس 23منٹ کی مہم کے دوران اس کے حوالے سے سات لاکھ سے زائد ٹویٹس کی گئیں۔ اس امریکی بازی گر ولینڈا کے دادا بھی اس طرح کا ایک کرتب دکھاتے ہوئے1978ء میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اپنی کامیابی کے وقت ولینڈا نے اپنے دادا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ نیویارک کی بلند و بالا عمارات کے درمیان رسے پر چلنا چاہتا ہے۔

دھونی- چمپئنس ٹروفی ٹیم کے کپتان ہندوستان کے دیگر 4کھلاڑی بھی شامل
لندن۔(یو این آئی)انگلینڈ میں حالیہ اختتام پذیر چمپئنس ٹروفی کرکٹ ٹورنمنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر خطاب حاصل کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو چمپئنس ٹروفی کی ٹیم کا کپتا ن بنایا گیا ہے جبکہ اس ٹیم میں ہندوستان کے دیگر 4 کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ہندستان نے کل انگلینڈ کو 5 رن سے شکست دے کر چمپئنس ٹروفی کا آخری مرحلہ کا خطاب حاصل کیا۔ آئی سی سی ٹیم میں ہندستان کے 5 اور رنر اپ انگلینڈ کے 2کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیم میں ہندستان کے دھونی‘ شکھر دھون‘ ویراٹ کوہلی‘ رویندر جڈیجہ اور بھوونیشور کمار جبکہ انگلینڈ سے جوناتھن ٹراٹ اور جیمس اینڈرسن شامل ہیں۔ان کے علاوہ پاکستان کے مصباح الحق‘ سری لنکا کے کمار سنگاکارا‘ جنوبی افریقہ کے ریان می لارن اور نیوزی لینڈ کے مائیکل می لن گھان بھی اس میں چنے گئے ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ کو12 واں کھلاڑی مقرر کیا گیا ہے۔ دھونی نے فائنل میں ٹیم کو خطاب دلایا‘ انہیں ٹورنمنٹ کی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ وہ کھیل کی تاریخ میں ٹیم کو 3اہم آئی سی سی ٹروفیاں ورلڈ ٹوئنٹی-20 2007‘ کرکٹ ورلڈ کپ2011 اور چمپئنس ٹروفی 2013 دلانے والے پہلے کپتان بن گئے۔ آئی سی سی ریلیز کے مطابق‘ دھونی کو بیاٹ سے اپنی صلاحیت دکھانے کا کم موقع ملا لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کی بہترین قیادت کی۔ انہوں نے اسٹمپ کے پیچھے 9 بیاٹسمنوں کو شکار(5کیاچ اور 4اسٹمپ) بنایا۔ ٹورنمنٹ کی ٹیم کا انتخاب 5 افراد کے منتخب پینل نے کیا۔ ان میں جیف الاڈاس(آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ اور ٹورنمنٹ کی تکنیکی کمیٹی کے صدر)‘ جواگل سریناتھ(ہندستان کے سابق تیز بولر اور آئی سی سی کے ایمرٹس ایلیٹ پینل میاچ ریفری)‘ علیم دار(آئی سی سی ایمرٹس ایلیٹ پینل امپائر)‘ س یلڈ بیری (2008-2011 تک وزڈن ایڈیٹر اور سنڈے ٹیلیگراف کے صحافی) اور اسٹیفن بری لی(دی انڈیپنڈنٹ اور انڈیپنڈنٹ آن سنڈے کے صحافی) شامل ہیں۔ ٹورنمنٹ کی ٹیم:شکھر دھون‘ جوناتھن ٹراٹ‘ کمار سنگاکارا‘ وراٹ کوہلی‘ مصباح الحق‘ مہندر سنگھ دھونی‘ رویندر جڈیجہ‘ ریان می لارن‘ بھوونیشور کمار‘ جیمس اینڈرسن‘ مائیکل می لین گھان اور جو روٹ۔

ڈراویڈ نے سینئرکھلاڑیوں کی حمایت کی
نئی دہلی۔(یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے وقت کے سرکردہ بیاٹسمن راہول دراویڈ نے موجودہ ٹیم سے باہر رہنے والے سینئر کھلاڑیوں کی حمایت کرتے ہوئے آج یہاں کہا ہے کہ بائیں ہاتھ کے سرکردہ تیز بولر ظہیر خان اگر پوری طرح فٹ ہوں تو وہ میدان پر ٹیم انڈیا کے لئے بیش قیمت کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔ انگلینڈ میں میزبان ٹیم کو شکست دے کر چمپئنس ٹروفی حاصل کرنے کے بعد ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے بجائے نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ٹیم انڈیا نے چمپئنس ٹروفی ٹورنمنٹ ‘ سرکردہ اوپننگ بیاٹسمن ویریندر سہواگ ‘ گوتم گمبھیر‘ یوراج سنگھ‘ ہربھجن سنگھ اور ظہیر خان جیسے سرکردہ اور تجربہ کھلاڑیوں کے بغیر جیتا ہے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے دراویڈ نے کہاکہ سال کے آخری میں ٹیم جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں ظہیر خان اہم تیز بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ظہیر خان اگر پورے طرح فٹ ہیں تو انہیں جنوبی افریقہ کے دورہ کے لئے ٹیم میں ضرور شامل کیا جانا چاہئے۔ 40 سالہ دراویڈ نے کہاکہ ظہیر خان ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں انہوں نے اس سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حالانکہ جنوبی افریقہ کے دورہ کے لئے ہندوستانی ٹیم کے انتخاب سے قبل ظہیر خان کو گھریلو میاچس میں اپنی صلاحیت ثابت کرنی ہوگی۔ دراویڈ نے چمپئنس ٹروفی جیتنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک پرفیکٹ ٹیم ہے۔ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے بخوبی انجام دیا۔ انہوں نے کہاکہ سال 2015 میں عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد ہونا ہے لیکن موجودہ ٹیم کے انتخاب کے لئے ابھی سے اس عالمی کپ کو ذہن میں رکھنا مناسب بات نہیں ہے۔

ریوڈی جنیرو۔(یو این آئی)فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے برازیل میں سال 2014ء میں منعقد ہونے والے عالمی کپ فٹبال ٹورنمنٹ سے متعلق خدشات کا ازالہ کرتے ہوئے کہا ہیکہ اس کے پاس عالمی کپ کے انعقاد کے لئے کوئی متبادل انتظام نہیں ہے۔ فیفا کے جنرل سکریٹری جیروم بالکے نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی کپ فٹبال ٹورنمنٹ کے میاچوں کا انعقاد برازیل کے بارہ مختلف شہروں میں کیا جائے گا اور فیفا کے پاس اس کی کوئی متبادل اسکیم نہیں ہے۔ بالکے کا بیان ایک ایسے وقت پر منظر عام پر آیا ہے کہ عالمی کپ کے وارم اپ ٹورنمنٹ کنفیڈریشن کپ کے خلاف برازیل میں قومی سطح پر مظاہرے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی کپ اور اولمپک جیسے عالمی مقابلوں کا انعقاد فضول خرچی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو سماجی زمرے میں پیسے کو خرچ کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ برازیل میں سال2016ء میں اولمپک کھیلوں کا بھی انعقاد ہونا ہے۔ فیفا کے جنرل سکریٹری کے ساتھ برازیل کے وزیر کھیل آلدروری بیلو بھی اس پریس کانفرنس کے درمیان موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ اگر برازیل عالمی کپ کے انعقاد سے پیچھے ہٹتا ہے تو دیگر ممالک اس کے انعقاد کے لئے تیار بیٹھیں ہیں۔ ری بیلو نے کہاکہ انہیں میڈیا کے ذریعے جانکاری ملی ہے کہ امریکہ‘ انگلینڈ‘ جرمنی اور جاپان نے عالمی کپ کے انعقاد میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ بالکے نے ری بیلو کے بیان کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سال2014ء کے عالمی کپ کی میزبانی کے لئے دنیا کے کسی بھی ملک کی جانب سے باضابطہ میزبانی کی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی کپ کی میزبانی سے پیچھے ہٹنے والا ملک کولمبیا تھا۔ ری بیلو نے کہاکہ تعلیم اور صحت عامہ کے لئے مختص بجٹ میں سے ایک پیسہ بھی عالمی کپ کے اسٹیڈیمس کی تعمیر کیلئے نہیں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں شعبوں کے لئے سرکار نے177 ارب ریئل کا بجٹ رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے لئے اس بجٹ کا ایک فیصد مختص کیا گیا ہے۔ بالکے نیکہاکہ فیفا بھی4ارب ریئل حاصل کرکے کسی بڑی مرسیڈیز بینز میں بھاگ نہیں جارہی ہے۔ ہم اس پیسے کو کھیل کی فروخت پر ہی خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ فیفا دنیا کی سب سے ساتھ ستھری تنظیم ہے۔

چینائی۔(یواین آئی)انڈین پریمئر لیگ کی چھٹے ایڈیشن میں اپنے داماد گروناتھ میاپن کے سٹہ بازی میں ملوث ہونے کے سبب عارضی طور پر عہدے صدارت چھوڑنے والے بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی لندن میں منعقد ہونے والے سالانہ اجلاس میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تامل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن کے مطابق این سرینواسن نے فی الحال لندن میں آج سے شروع ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سرینواسن ذیلی کمیٹیوں کی میٹنگ سے پہلے اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔ یہ سالانہ اجلاس29 جون تک جاری رہے گا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے این سرینواسن کی جگہ کارگذار صدر جگموہن ڈالمیا ملک کی نمائندگی کریں گے۔

لندن۔(یو این آئی)اولمپک مقابلوں میں ٹینس کے زمرے سے تمغہ حاصل کرنے والے برطانیہ کے اینڈی مرے نے اپنے گھریلو کورٹ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کے بنجامن بیکر کو اسٹریٹ سٹوں میں 6-2, 6-3, 6-4 سے شکست دے کر ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ برطانیہ کے لئے76 برسوں کے بعد گرانڈ سلام کا خطاب حاصل کرنے والے مرے نے گزشتہ ستمبر میں یو ایس اوپن گرانڈ سلام کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ سیکنڈ سیڈیڈ مرے اپنے کیرئر میں 4 گرانڈ سلام فائنل میں ہار کا سامنا کرچکے ہیں لیکن برطانوی کھلاڑی نے اپنے کیرئر کی دوسرے گرانڈ سلام کو حاصل کرنے کی مہم ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ تک پہنچادی ہے جہاں ان کا مقابلہ برطانیہ ہی کے جیمس وارن یا تائیوان کے لوین سون سے ہوگا۔ مرے نے 32سالہ بیکر کو پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں شکست دینے کے ساتھ ہی سابق برطانوی ٹینس اسٹار گریف پیری کے106 میاچ جیتنے کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔اگر مرے ومبلڈن کا خطاب جیت جاتے ہیں تو وہ1936ء کے پیری کے گرانڈ سلام جیتنے کے بعد برطانیہ کے پہلے ومبلڈن چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔ 12 مرتبہ کے گرانڈ سلام فاتح اسپین کے رافل ندال کے پہلے راؤنڈ میں ہارنے کے ساتھ ہی سیڈیڈ کھلاڑیوں کے ہارنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ایک دیگر مقابلہ میں سوئٹزرلینڈ کے اسٹین سلاس واؤ رنکا کو دنیا کے 17ویں نمبر کے کھلاڑی آسٹریلیا کے لیٹن ہیویٹ کے ہاتھوں 4-6, 5-7, 3-6 کی شکست کا سامناکرنا پڑا۔ ان کے علاوہ ومبلڈن میں رافل ندال کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں داخل ہونے والے 35ویں نمبر کے کھلاڑی لوکاس رسل کو اس سال پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جرمنی کی جولیان رسٹر نے ایک سخت مقابلہ میں رسل کو 6-3, 4-6, 7-6, 6-7, 6-4 سے شکست دے کر دوسرے دور میں داخلہ حاصل کیا۔

ہاکی انڈیا کا اتر اکھنڈ متاثرین کیلئے عطیہ
نئی دہلی۔ (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے اترکھنڈ کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری نریندر باترا نے ایک بیان میں کہا کہ اترکھنڈ المیہ کے متاثرہ عوام کے لئے ہاکی انڈیا اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے اور قومی اسپورٹس باڈی ہونے کے ناتے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ادا کریں۔ مصیبت کی اس گھڑی کے دوران ہم اپنا حقیر سا عطیہ پیش کرتے ہیں۔ ہاکی انڈیا مستقبل میں بھی اگر کبھی ایسی صورتحال پیش آئی تو مدد کے لئے آگے آئے گی۔

جڈیجہ کو تازہ رینکنگ میں تیسرا مقام
دوبئی۔ (یو این آئی) ہندوستان کے روندر جڈیجہ نے آئی سی سی کی جانب سے ونڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں آل راؤنڈرس کی تازہ ترین فہرست میں اپنے کریئر کا بہترین‘ تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ جڈیجہ نے ایجبسٹن میں چمپئنس ٹروفی فائنل میں انگلینڈ پر ہندوستان کی 5 رن سے کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے 25 گیندوں میں 33 رن کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی اور اپنے کوٹے کے 4 اوورس میں 24 رن دے کر 2 وکٹیں لیں۔ جڈیجہ 12 وکٹوں کے ساتھ ٹورنمنٹ میں سے زیادہ کامیاب بولر رہے جس کی بدولت انہیں دونوں زمروں میں جگہ ملی۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ہندوستان کے آر اشون‘ بولرس کی فہرست میں 9ویں مقام پر ہیں۔

امپائرس اسد رؤف اور بلی باؤڈن آئی سی سی ایلائٹ پیانل سے خارج
نئی دہلی۔ (یو این آئی)انڈین پریمئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں سٹے بازی اور اسپاٹ فکسنگ معاملے میں ملوث پاکستانی امپائر اسد رؤف اور میدان پر اپنے خاص انداز کے لئے معروف نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے امپائروں کے اپنے ایلٹ پینل سے خارج کردیا ہے۔ انٹرنیشل کرکٹ کونسل کے امپائروں کی اس سالانہ کارکردگی کے جائزے کے بعد یہ جانکاری دی ہے۔ آئی سی سی کے 12 رکنی ایلٹ پینل میں انگلینڈ کے رچرڈ ایلنگورتھ اور آسٹریلیا کے پال رافل کو اسد رؤف اور بوڈ ن کی جگہ پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ یکم جولائی سے شروع ہونے والے 2013-14 سیزن سے اپنی ذمہ داریاں شروع کریں گے۔

نئی دہلی۔ (یو این آئی)ہالی ووڈ کے سپرہیرو سپرمین کی نئی فلم ’’مین آف دی اسٹیل‘‘ نے اس وقت دنیا میں دھوم مچاررکھی ہیں وہیں دنیائے کرکٹ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ہنگامہ برپا کررکھا ہے۔ اس اعتبار سے اگر کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ’’مین آف دی اسٹیل‘‘ کہا جائے تو کوئی مبالغہ آرائی نہیں ہوگی۔ دھونی نے اپنی سرکردہ قائدانہ صلاحیتوں سے انگلینڈ میں جس طرح نامساعد حالات میں اپنی ٹیم کو آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کا فاتح بنایا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی ہندوستانی کرکٹ کے سپرمین ’’دی مین آف دی اسٹیل‘ ‘ ہیں۔ دھونی اس وقت کامیابی کے گھوڑوں پر سوار ہیں۔ انہوں نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو اب تک دنیا کا کوئی کپتان انجام نہیں دے سکا ہے۔ وہ انٹرنیشل کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے تینوں بڑے عالمی مقابلوں میں ٹی20عالمی کپ ، ونڈے عالمی کپ اور چمپئنس ٹروفی جیتنے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔ حالانکہ کچھ مہینے پہلے تک کپتان مہندر سنگھ دھونی کو نہ صرف ملک بلکہ دیگر ممالک میں بھی تنقید کا سامنا تھا۔ سابق کھلاڑی اور سلیکٹر مہندر امرناتھ نے انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد یہاں تک کہہ دیا تھا کہ دھونی کپتانی تو کپتانی ٹیم میں کھلاڑی کے طورپر شامل ہونے کے لائق نہیں ہیں۔ ان کے علاوہ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر نے بھی دھونی پر سخت تنقید کی تھی۔ انہیں کپتانی سے ہٹاکر ان کی جگہ وراٹ کوہلی کو کپتان بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی طرح سے سابق کپتان بشن سنگھ بیدی سمیت کئی سرکردہ سابق کرکٹ کھلاڑیوں نے بہت زیادہ غوروخوص کے بعد ہندوستان کے سرکردہ کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم کا انتخاب کیا گیا تھا جس میں دھونی کو شامل ہی نہیں کیا گیا تھا۔ ان تمام سرکردہ اور عظیم کھلاڑیوں کی تنقیدکے باوجود دھونی نے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو گھریلو سیریز میں 4-0کی شرمناک شکست سے دوچار کیا تو سب حیران رہ گئے۔ دھونی نے چمپئنس ٹروفی میں بھی اپنے نوجوان کھلاڑیوں کے دم پر ٹیم کو اسٹاربنادیا۔اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ چمپئنس ٹروفی میں شرکت کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار کتنا بلند ہے۔ اس کے علاوہ مہندر سنگھ دھونی نے چمپئنس ٹروفی میں خطابی جیت حاصل کرکے بی سی سی آئی میں ایک نئی زندگی ڈالنے کا بھی کام کیا ہے۔ انڈین پریمئر لیگ کی چھٹے ایڈیش میں سٹے بازوں اور اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں ہندوستانی کرکٹ کی معتبریت کو ختم کردیا تھا۔ لیکن دھونی نے نہ صرف معتبریت کو کچھ حد تک بحال کیا بلکہ شرمشار اور پشیمان بورڈ کو بھی سراٹھانے کا ایک بار موقع دے دیا۔ چمپئنس ٹروفی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار جیت سے دنیائے کھیل اور کرکٹ شائقین نے اس تنازعہ کو فراموش کرنا شروع کردیا ہے۔ چمپئنس ٹروفی نے جیت کے بعد مہندر سنگھ دھونی کی تعریف کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

لندن۔(یوا ین آئی)اپنا پہلا گرانڈ سلام کھیلنے والے ہندوستان کے نوجوان ٹینس کھلاڑی دیوج شرن اور پورب راجاکو پرمزاحمت مقابلہ کے باوجود ومبلڈن میں مردوں کے ڈبلز زمرے کے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کے ساتھ باہر ہونا پڑا ہے۔ پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کھیلنے والے ہندوستانی کوالیفائر کھلاڑیوں میں تجربے کا فقدان واضح طور پر نظر آیا۔ لیکن انہوں نے جیت کے لئے ہر ممکن کوشش کی۔ ہندوستانی جوڑی کو مردوں کے زمرہ کے پہلے راؤنڈ میں امریکہ کے نکولس مونوروئے اور جرمنی کے سیمون اسٹیڈلرکی جوڑی کے ہاتھوں 5سٹوں تک چلنے والے مقابلے میں 7-6, 6-2, 3-6, 4-6, 4-6 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے 2 سٹ جیتنے کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں کے پاس واپسی کا سنہری موقع تھا۔ لیکن وہ 19 میں سے 15 مرتبہ بریک پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

دھونی سے تقابل نا مناسب: گنگولی
نئی دہلی۔(یواین آئی)ہندوستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں شامل سورو گنگولی نے آج یہاں کہا ہے کہ موجودہ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ ان کا موزانہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ سابق ہندوستانی کپتان گنگولی نے دھونی کے ساتھ موازنے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ وقت کے ساتھ نئے کپتان اور نئے کھلاڑی آتے رہتے ہیں۔ تمام کی الگ الگ اہمیت ہوتی ہے۔لیکن ہمیشہ ایک دوسرے سے موازنہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ موازنے کے حق میں نہیں ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ہندوستانی کرکٹ کے بارے میں زیادہ دھیان دیں۔ دھونی نے ایک چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہاکہ وقت کے ساتھ حالات بدلتے رہتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے اہم یہ ہونا چاہئے کہ کرکٹ کو کس طرح سے مضبوط بنایا جا ئے۔ کرکٹ ہمیشہ ٹیم کی ششوں سے ہی کھیلی جاتی ہے۔

نئی دہلی۔(یواین آئی)انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی(آئی او سی)کی ایک رپورٹ کے مطابق سال2020ء میں منعقد ہونے والے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی دور حالانکہ آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ لیکن اس دور میں شامل تینوں شہر میڈرڈ، ٹوکیو اور استنبول میں سے کوئی بھی شہر اس کے لئے مضبوط دعویدار نہیں سمجھا جارہا ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ان شہروں کی کھیلوں کی میزبانی کی اہلیت کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل دی تھی۔ جس میں سال کے ابتدا میں ان شہروں کا دورہ کرنے کے بعد منگل کو اپنی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں شہروں کی صورت حال یکساں ہے۔ اور ان میں سے کسی کو بھی مضبوط دعویدار نہیں مانا جاسکتا۔ رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ اسپین کی کمزور معیشت سے اس کی دعویداری متاثر نہیں ہوگی۔ اسی طرح سے ترکی کا دعوی بھی سلامتی پہلوؤں سے کمزور نہیں ہوگا۔ جبکہ جاپان نے عوام کی کم حمایت ٹوکیو کی راہ میں حائل نہیں ہوگی۔ سال2020ء کے اولمپک کی میزبانی حاصل کرنے والے شہر کا انتخاب ارجنٹینا کی بیونس آئرس میں ستمبر میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں کیا جائے گا۔ لوسان میں3 اور4 جولائی کو ہونے والی میٹنگ میں یہ شہر میزبانی کا دعوی پیش کریں گے۔

Rafael Nadal bounced from Wimbledon in first round

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں