مصری صدر کے انتخاب کو چیلنج - الیکشن کمیشن کا دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

مصری صدر کے انتخاب کو چیلنج - الیکشن کمیشن کا دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ

مصر میں ایوان صدر اور اپوزیشن کے درمیان جاری حالیہ سیاسی کشیدگی کے جلو میں الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات میں شکست خوردہ امیدوار احمد شفیق کے ان الزامات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے، جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ صدر محمد مرسی دھاندلی کے ذریعہ کامیاب ہوئے۔ مصر کے الیکشن نے ان الزامات کی ازسر نو تحقیقات کیلئے 25 جون کوخصوصی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے صدر مرسی کی کامیابی کے حوالے سے عائد الزامات کی چھان بین کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب اپوزیشن رہنما 30 جون کو صدر سے استعفیٰ کیلئے ملک گیر احتجاج کی تیاری کررہے ہیں۔ صدارتی انتخابات میں ہارنے والے امیدوار احمد شفیق کے وکیل ڈاکٹر شوقی السید نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے صدر محمد مرسی کی دھاندلی کے ذریعے کامیابی کے بارے میں الیکشن کمیشن کو نئے اور ٹھوس شواہد فراہم کئے ہیں۔ یہ شواہد پبلک پراسیکیوٹر جنرل کے ہاں زیر التوا مقدمہ مجریہ 2012ء نمبر 504 کی بنیاد پر پیش کئے ہیں۔ جن میں ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دے کر ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ احمد شفیق کے وکیل سے جب پوچھا گیا کہ آیا الیکشن کمیشن کے سابقہ فیصلوں کو آئینی تحفظ حاصل ہونے کے باوجود الزامات کی دوبارہ چھان بین کییس ہوگی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کا قانونی اختیار ہے۔ کمیشن ماضی میں اپنے ہی فیصلوں پر نظر ثانی کرتا رہا ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال بعض سیاست دانوں کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی نااہلی اور بعدازاں اجازت دینا بھی شامل ہے۔

Presidential Election Committee to consider Shafiq's appeal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں