ہندوستان - چمپئنز ٹرافی کا چمپئن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

ہندوستان - چمپئنز ٹرافی کا چمپئن

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اتوار کی دیر رات ہوئے فائنل میں ہندوستان نے میزبان انگلینڈ کو 5رن سے شکست دے کر ونڈے کرکٹ میں مسلسل دوسرا بڑا خطاب جیت لیا۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں گذشتہ عالمی چمپئن ٹیم انڈیا نے آخری بار منعقد ہوئے اس منی ورلڈکپ میں اپنے تمام چاروں میچ آسانی سے جیت کر فائنل میں داخلہ لیا تھا۔ جیت کے ہدف 130 رن کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر محض 124 رنز بناسکی۔ اس سے پہلے وراٹ کوہلی(43) رویندر جڈیجہ (ناٹ آوٹ33) اور شیکھر دھون (31) کی عمدہ اننگز سے ہندوستان نے کئی رکاوٹوں کے درمیان مقررہ 20 اوورس میں 7وکٹ پر 129 رن بنائے۔ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بارش سے بری طرح متاثر رہا۔ میچ کے آغاز میں کئی گھنٹے کی تاخیر ہونے کے بعد کھیل جب شروع ہوا تو میچ کو20-20 اوورس کردیاگیا۔ انگلینڈ میچ میں پہلے ہی ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرچکا تھا۔ ہندوستانی اننگز کی شروعات سے رکاوٹ پڑی اور کھیل ایک دوبار رکا جس کا اثر ہندوستانی بلے بازوں کی یکسوئی پر بھی پڑا۔ ہندوستان نے ایک وقت ایک وکٹ پر 50 رن کی بہتر حالت میں رہنے کے باوجود اپنے 4وکٹ 16 رن کے وقفہ میں گنوادئیے جس سے اس کا اسکور5وکٹ پر 66رن ہوگیا۔ اس کے بعد وارٹ اور جڈیجہ نے مورچہ سنبھالا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 47 رن جوڑے۔ وارٹ کو جیمز اینڈرسن نے بوپارا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ وراٹ نے 34گیندوں پر 43رنز میں 4چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جڈیجہ نے 25 گیندوں میں 2چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 33رن کی جارحانہ اننگز کھیل کر ہندوستان کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچایا۔ انگلینڈ کی طرف سے بوپارا نے 20رن پر 3وکٹ لئے جبکہ اینڈرسن، اسٹیورٹ براڈ اور ٹریڈ ویل کو ایک ایک وکٹ ملا۔ ٹاس ہونے کے بعد تقریباً 7:30 تک ہوئی بارش کی وجہہ سے میچ شروع ہونے میں کافی تاخیر ہوئی اور امپائرس نے 24-24 اوور کا میاچ کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد بارش پھر شروع ہوئی تو میچ کم کرکے 20-20 اوورکردیا گیا۔

India beat England by 5 runs, wins Champions Trophy 2013

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں