مسلم تحفظات پر سپریم کورٹ میں مثبت فیصلہ متوقع - سلمان خورشید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

مسلم تحفظات پر سپریم کورٹ میں مثبت فیصلہ متوقع - سلمان خورشید

وزیر خارجہ سلمان خورشید نے امید ظاہر کی کہ مسلمانوں کو4.5 فیصد تحفظات فراہم کرنے مرکز کے فیصلے کو سپریم کورٹ برقرار رکھے گا۔ پسماندہ اقلیتوں کو حکومت نے تعلیم اور ملازمتوں میں کوٹہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے دستوری بنچ پر یہ مسئلہ زیر غور ہے۔ امید ہے کہ بہت جلد اس مسئلہ کی یکسوئی ہوجائے گی۔ مرکزی حکومت کا یہ فصیلہ قانونی دائرہ سے باہر نہیں ہے بلکہ انصاف پر مبنی ہے۔ ممبئی میں "سچر کے بعد 7سال" کے زیر عنوان سمینار سے خطاب کرتے ہوئے سلمان خورشید نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ سچر کمیٹی نے مسلمانوں کی معاشی، سماجی اور تعلیمی پسماندگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہیں تحفظات فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔ سلمان خورشید نے کہاکہ 14فیصد اقلیتوں میں9فیصد آبادی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتی ہے۔ حج کوٹہ میں تخفیف سے متعلق سوال کے جواب میں مرکزی وزیر خارجہ نے کہاکہ حرم شریف میں مطاف کی توسیع کے لئے حکومت سعودی عرب نے جاریہ سال اپنے شہریوں کیلئے50 فیصد اور بیرونی عازمین کی تعداد میں20فیصد تخفیف کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ سنٹرل حج کمیٹی خانگی ٹور آپریٹرس یا حج کمیٹیوں کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہونے والے عازمین کی تعداد میں تخفیف سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ آئندہ سال حکومت ہند، سعودی عرب سے درخواست کرے گی کہ حج کوٹہ میں اضافہ کیاجائے۔ سمینارسے منصوبہ بندی کمیشن کی رکن سیدہ حمید نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ مشمولیاتی ترقی پر پر تمام ریاستیں منصوبہ بندی کمیشن کو نہ صرف جوابدہ رہیں گے بلکہ ان کا مواخذہ بھی کیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ ہند سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے سلمان خورشید نے کہاکہ ان کے اس دورہ کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ گجرات فسادات کو درگذر یا فراموش کرنے صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ کی التجا سے متعلق استفسار پر مرکزی وزیر خارجہ نے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ مسلمان ماضی کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ فریق ثانی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرے کہ فسادات میں حکومت کا رول تھا۔

Salman Khurshid hopeful of SC relief to Centre's quota for minorities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں