حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کاسالانہ جلسہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-18

حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کاسالانہ جلسہ

حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے ) کا سالانہ تقسیم انعامات کا جلسہ اتوار کو 10:30 بجے صبح راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں ایچ سی اے کی مختلف لیگ اور ناک آوٹ ٹورنمنٹس کی فاتح ٹیموں کو ایوارڈ عطا کیا گیا ۔ ہندوستان کے سابق ٹسٹ اسٹارس وی وی ایس لکشمن ، ایس ایل وینکٹ پتی راجو نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور انعامات تقسیم کئے ۔ ڈاکٹر ایم وی سریدھر اعزازی سکریٹری نے حاضرین اور مہمانانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا ۔ لکشمن اور وینکٹ پٹی راو نے فاتح اور رنرس اپ ٹیموں کو مبارکباددی ۔ آخر میں ڈاکٹر ایم وی سریدھر نے شکریہ ادا کیا ۔ فاتح ٹیموں کی فہرست اس طرح ہے : اے ڈویژن سہ روزہ لیگ میں آندھرا بینک، اے ڈیویژن 2 روزہ ایلیٹ گروپ میں اے او سی سنٹر، پول اے میں گوڑس الیون اور پول بی میں ایم سی سی ؍ وشاکھا فاتح رہیں ۔ اے ڈویژن ایک روزہ چمپئن شپ میں اے فور ڈیویژن میں سدرن اسٹار، اے فائیو عنبرپیٹ، اے 6ریڈہلز، اے سیون وجئے بھارت، اے 8 سوپر اسٹار ، اے 9سینٹ اینڈریوس ، اے 10 منی کمار، اے الیون بھرت۔ اے انسٹیٹیوشن ایک روزہ لیگ میں پول اے میں پوسٹل، پول بی میں اے پی ایس ای بی، پول سی میں اے پی ایس آرٹی سی ؍ ایچ اے ایل، پول ڈی میں آئی اے ایف۔ ناک آوٹ ٹورنمنٹس : سینئر اے ڈیویژن ونڈے میں اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد۔ اے تھری ڈیویژن ونڈے چارمینار سی سی۔ کشن پرساد ونڈے بوائز ٹاون، ایڈی آئی بارا انڈر 19 ’ بھونس اے ، برادر جان آف گاڈ ، انڈر 14میں گوتم ماڈل اسکول۔ انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16 میں کریم نگر کی ٹیم فاتح رہیں ۔ بی سی سی آئی ٹورنمنٹس میں شاندار مظاہرہ پر خواتین کے انڈر 16 اور 19 میں شریمتی اسنیہا موری اور سینئر ویمنس میں شریمتی ڈیانا ڈیوڈ کو ایوارڈ حاصل ہوا ۔ مردوں میں انڈر 14 میں ماسٹر ورون گوڑ،انڈر 16 راکیش کمار، انڈر 19 راہول سنگھ۔ حیدرآباد اے کے سمنت، رانجی ٹروفی پی اکشت ریڈی کے علاوہ سی وی ملند کو سال کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا ۔

دھونی اور ٹنڈولکر کے بشمول 8 ہندوستانی کرکٹرس پر مقدمہ
نئی دہلی
(ایجنسیز)
ٹنڈولکر اور دھونی کے بشمول ہندوستان کے 8 سرکردہ کرکٹرس کے خلاف خراب اور مضر پراڈکٹ کے اشتہار میں کام کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ہندوستانی ریاست اترکھنڈ کے ریاستی فوڈز سیفٹی محکمہ کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمہ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دھونی، ٹنڈولکر، ویراٹ کوہلی، سریش رائنا، یوراج سنگھ، گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ اور ظہیر خان کے علاوہ بالی ووڈ اسٹار رتہک روشن اور پرینکا چوپڑا نے ایسی اشیا کی تشہیری مہم میں حصہ لیا جو مضر صحت ثابت ہوئی ہیں۔ ان میں جام، تیل، مختلف دالوں کے آٹا وغیرہ شامل ہیں۔

ٹینس سے سبکدوشی کا فی الحال ارادہ نہیں: شاراپووا
دبئی
(ایجنسیز)
روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپووا نے کہا کہ ان کا ابھی ٹینس سے سبکدوشی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کریں گی اس بارے میں اپنے شائقین کو پہلے سے آگاہ کریں گی تاہم وہ ابھی اپنے کھیل سے بھر پور طریقہ سے لطف اندوز ہورہی ہیں اور ٹینس میں مزید اوپر جانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور اس میں مزید بہتری کیلئے سخت محنت کرتی ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینس سے ان کو جنون کی حد تک پیار ہے اور جب وہ یہ سمجھیں گی کہ اب ان کا جسم مزید ساتھ نہیں دے گا تو وہ ٹینس کو خیرباد کہ دیں گی۔

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کار ریس میں سب سے پیچھے
اوسلو
(ایجنسیز)
جمائیکا کے اتھلیٹ یوسین بولٹ چاہے دنیا کے تیز ترین انسان ہوں تاہم ان کی یہ تیزی صرف ٹریک پر ہی نظر آتی ہے کیونکہ گاڑی چلانے کے معاملہ میں وہ بے حد سست ہیں۔ انہوں نے دنیا کی تیز رفتار فارمولا ون گاڑی کو اناڑیوں کی طرح اتنی سست رفتار سے چلایا کہ اس موقع پر موجود فراری گاڑی کے انجینئرس اپنا سر پیٹتے رہ گئے۔ گاڑی کو ٹریک پر لاتے ہوئے بولٹ اس کے فنکشنس کو لے کر اتنے پریشان ہوئے کہ تیز رفتار گاڑی سے 100 میٹر فاصلہ طے کرتے کرتے اسے سست رفتار بنادیا۔ اس لئے کہتے ہیں کہ جس کا کام اُسی کو ساجھے۔

آئی سی سی اجلاس میں ڈی آر ایس معاملہ پر مخالفت کی جائے گی: سنجے پٹیل
نئی دہلی
(ایجنسیز)
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری سنجے پٹیل نے کہا کہ ڈی آر ایس کے نفاذکے بارے میں ہندوستانی موقف تبدیل نہیں ہوا لہذا آئی سی سی اجلاس میں اس کی مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام پر ہمارا موقف واضح ہے کہ ڈی آر ایس نظام مکمل طور پر خامیوں سے پاک نہیں ہے، جب تک نظام مکمل نہ بنالیا جائے بی سی سی آئی، ٹسٹ میاچس میں اس نظام کے نفاذ کی مخالفت کرتا رہے گا۔ آئی سی سی سالانہ کانفرنس میں بھی اس حوالے سے ہمارے موقف میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی متفقہ طور پر اس کی مخالفت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نیتھن میکلم ، انگلش ٹوئنٹی 20 میں گلیمورگن کی نمائندگی کریں گے
آکلینڈ
(ایجنسیز)
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر نیتھن میکلم نے توثیق کی کہ وہ رواں سال انگلینڈ میں کھیلی جانے والی فرینڈس لائف ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں گلیمورگن کی ٹیم کی طرف سے کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گلیمورگن ٹیم سے رواں ماہ کے اختتام پر رجوع کرلیں گے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اس ٹیم کی جیت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ٹیم انتظامیہ کی امیدوں پر پورا اتریں۔

کنفیڈریشن کپ فٹبال ٹورنمنٹ اسپین اور اٹلی کی کامیابی
ریسائف (برازیل)
(یو این آئی)
پیٹرو اور ریبارٹا سول ڈاہی کے بہترین گول کی بدولت عالمی اور یوروپی چمپئن اسپین نے یوروگوئے کو 2-1 گول سے اور اٹلی نے میکسیکو کو بھی 2-1 سے شکست دے کر کنفیڈریشن کپ فٹبال ٹورنمنٹ میں اپنی ٹائٹل مہم کا شاندار آغاز کیا۔ گزشتہ ورلڈکپ فٹبال ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل تک داخلہ حاصل کرنے والی یوروگوئے کیلئے واحد گول لوئی سواریز نے کیا۔ پورے میاچ کے دوران اسپین نے اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔ حالانکہ اس دوران انہوں نے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کئے۔ اس جیت کے ساتھ ہی اسپین نے اپنی ناقابل شکست مہم کو 23ویں میاچ تک پہنچادیا۔ مقامی ایرینا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ پہلا انٹرنیشنل میاچ ہے۔ سولڈارو نے ان موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہاف سے قبل گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-0 کی برتری دلادی۔ اسپین کے کھلاڑیوں نے 2-0 سے برتری حاصل کرنے کے بعد زیادہ حملے نہیں کئے۔ کھیل کے 49ویں منٹ میں تیسرا گول کرنے کا موقع ملا تھا لیکن فیبرو بہت معمولی فرق سے نشانہ چوک گئے۔ کھیل ختم ہونے سے عین قبل سواریز نے گول کرکے اپنی ہارکے فرق کو کم کیا۔ دوسرے میاچ میں اٹلی اور میکسیکو کے درمیان میاچ میں ابتدائی 30 منٹ تک زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن اٹلی کی جانب سے پیرلو نے 27 ویں منٹ میں 30 میٹر کی دوری سے شاندار گول کیا لیکن 7 منٹ بعد ہی میکسیکو نے برابری کا گول کرکے اسکور 1-1 سے مساوی کردیا۔ کھیل کے 78 ویں منٹ میں ماریو بالوتیلی نے جیت کا گول کیا۔

کنگسٹن
(یو این آئی)
اولمپک چمپئن یوسین بولٹ کے کوچ گلین ملس نے جمائیکا کے عالمی اتھلیٹس کو ممنوعہ ادویہ کے استعمال سے روکنے کیلئے ملک میں ایک اینٹی ڈوپنگ ایجنسی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اولمپک مقابلوں کے 6 گولڈ میڈلس کے فاتح بولٹ اور 100 میٹر چمپئن یوہان بلیک کے کوچ ملس نے کہاکہ انہیں لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت ملک میں اتھلیٹس کو ممنوعہ ادویات کے استعمال سے روکنے کیلئے مناسب اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا یقینی بنانے کیلئے ملک میں اینٹی ڈوپنگ ایجنسی لازمی ہے کیونکہ جمائیکا کی ایک خاتون اتھلیٹ 2 مرتبہ کی اولمپک میڈلسٹ ویرونیکا کیمپ بیل براؤن کو گزشتہ مہینے کنگسٹن میں جمائیکا انٹرنیشنل انویٹیشنل ٹورنمنٹ میں ڈوپنگ کا قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ بولٹ کے کوچ نے کہاکہ اس وقت ضروری ہے کہ جمائیکا میں تسلیم شدہ لیباریٹری قائم ہونی چاہئے تاکہ اتھلیٹس کو ممنوعہ ادویات کے استعمال کے مضر اثرات سے مکمل جانکاری مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی لیباریٹری سے اتھلیٹ کسی دوا کے استعمال سے پہلے اس کی مکمل جانکاری حاصل کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ 12 تا 13 اتھلیٹس ممنوعہ ادویات کے استعمال میں ملوث ہونے کے سبب 3 مہینے سے تاحیات پابندی کا سامنا کررہے ہیں۔ حال ہی میں جمائیکا کی 400 میٹر کی اتھلیٹ ڈومنیکا بلیک کو دوسری مرتبہ ڈوپ ٹسٹ میں مثبت پائے جانے کے بعد عالمی اتھلیٹکس سے 6 سال کیلئے دور کردیا گیا۔

وارنر کا ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں جگہ بنانا مشکل ہوگیا ہے : کلارک
سڈنی
(یو این آئی)
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ ان کی ٹیم کے جارح اوپنر ڈیوڈ وارنر کا انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیاٹسمن جو روٹ کے ساتھ مارپیٹ کے بعد آئندہ مہینے منعقد ہونے والی ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں جگہ حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ سڈنی کے ڈیلی ٹیلی گراف میں شائع اپنے ایک مضمون میں کلارک نے کہا کہ وارنر کی جو روٹ کے ساتھ مارپیٹ کا واقعہ واقع میں شرمناک اور قابل افسوس ہے۔ اسے کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ وارنر کو اب ٹیم میں مقام حاصل کرنے کیلئے اب بہت زیادہ محنت کرنی ہوگی۔ آسٹریلیائی اوپنر وارنر کو انگلینڈ میں رواں چمپئنس ٹروفی کے ایک میاچ سے پہلے انگلش بیاٹسمن جو روٹ کے ساتھ مارپیٹ کے الزام میں گزشتہ جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا نے 11 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا اور انہیں ایشس سیریز شروع ہونے تک ٹیم سے معطل کردیا تھا۔ ایسے میں کپتان کلارک کا وارنر کے متعلق منفی بیان وارنر کیلئے مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔ وارنر چمپئنس ٹروفی کے مابقی میاچس میں آسٹریلیا کی جانب سے نہیں کھیل سکے۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کے خلاف 10 جولائی سے ناٹنگھم میں شروع ہونے والے ایشس سیریز کے پہلے ٹسٹ سے قبل کھیلے جانے والے 2 پریکٹس میاچس میں بھی وارنر ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کلارک نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اس پورے واقعہ کے بعد وارنر کیلئے ٹیم میں واپسی بہت مشکل ہوگئی ہے، ڈیوڈ نے غلطی کی ہے اب وہ اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

کوئنس کلب ٹائٹل جیتنے سے ومبلڈن میں کامیابی کی راہ ہموار ہوگئی: مرے
لندن
(یو این آئی)
عالمی نمبر 2 ٹینس کھلاڑی برطانیہ کے اینڈی مرے نے کہا ہے کہ تیسری مرتبہ کوئنس کلب ٹائٹل جیتنے سے ان کیلئے آئندہ گرانڈ سلام ٹورنمنٹ ومبلڈن میں خطاب حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ مرے نے اتوار کو کروشیا کے میرین سلچ کو ومبلڈن سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ ٹورنمنٹ میں 7-5, 7-5, 6-3 سے شکست دے کر تیسری مرتبہ کوئنس کلب کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس ہفتے مرے، کوئنس کلب ٹورنمنٹ میں آنے سے پہلے اپنی فٹنس سے متعلق تشویش میں مبتلا تھے لیکن یہاں پر ٹائٹل جیت سے ان کی یہ تشویش ختم ہوگئی ہے۔ مرے نے اس ٹورنمنٹ میں جس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سے واضح ہوگیا ہے کہ وہ اب ذہنی اور جسمانی طور پر گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ 29 سالہ برطانوی کھلاڑی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ دنوں میں جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ ان کیلئے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے اس دوران 2 مضبوط کھلاڑیوں جواولفریڈ سونگا اور میرین سلچ کو ہراکر اپنا حوصلہ بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انگلش کھلاڑیوں کے خلاف برتر ثابت ہوئے اور جیت حاصل کرنے میں کامیا ب رہے۔ دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی مرے نے کہاکہ وہ اب ایک دن کا آرام کرنے کے بعد منگل سے ایک مرتبہ پھر کورٹ پر پریکٹس کیلئے اتریں گے تاکہ ومبلڈن کیلئے اپنی تیاریاں پوری طرح سے مکمل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ ہفتہ ان کیلئے بہت زیادہ اہم ہے اور انہیں امید ہے کہ ومبلڈن میں اس جیت سے انہیں خطاب حاصل کرنے کی تحریک ملے گی۔

نئی دہلی
(یو این آئی)
ہندوستان کے جونیر ریسلرس نے تھائی لینڈ کے پھکیٹ شہر میں اتوار کو اختتام پذیر جونیر ریسلنگ چمپئن شپ میں مجموعی طور پر 17 میڈلس حاصل کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ان 17 تمغوں میں 3 گولڈ میڈلس بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی کشتی فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ نے جونیر ریسلرس کو ان کی اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشتی کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب جونیر ٹیمیں 24 تمغوں میں سے 17 اپنے نام کئے ہیں۔ یہ ہندوستانی جونیر کشتی ٹیم کا اب تک کا سب سے بہترین مظاہرہ ہے۔ چمپئن شپ میں فری اسٹائل ٹیم میں 3 گولڈ، 2 سلور اور 2 برانز میڈلس جیت کر چمپئن شپ جیتی جبکہ خاتون ٹیم نے 2 سلور اور 3 برانز میڈلس جیت کر رنرس اپ کا اعزاز حاصل کیا۔ گریکو رومن ٹیم ایا نقرئی اور 4 کانسہ کے تمغے جیت کر 5ویں مقام پر رہی۔ جونیر ایشیائی چمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والے ہندوستانی ریسلرس کی فہرست درج ذیل ہے: فری اسٹائل : منگل قادیان (50 کے جی ۔ گولڈ)، پردیپ کمار (60 کے جی ۔ سلور)، سمت (96 کے جی ۔ گولڈ)، ویکاس (66 کے جی ۔ سلور)، پردیپ کمار (74 کے جی ۔ سلور)، مندیپ (60 کے جی ۔ برانز)، سرجیت (120 کے جی ۔ برانز)، گریکو رومن: مہر سنگھ (120 کے جی ۔ سلور)، سنتوش کمار یادو (50 کے جی ۔ برانز)، نتن (55 کے جی ۔ برانز)، پربھو پال سنگھ (64 کے جی ۔ برانز)، پروین ڈاگر (96 کے جی ۔ برانز)۔ خاتون ریسلرس: ممتا رانی (48 کے جی ۔ سلور)، منیشا مہادیو (72 کے جی ۔ سلور)، شیتل تومر (44 کے جی ۔ برانز)، دیوانشی تیاگی (51 کے جی ۔ برانز)، سیما (67 کے جی ۔ برانز)۔

شکست پر نیوزی لینڈ کپتان کا اظہار مایوسی
کارڈف
(یو این آئی)
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برنڈن میکلم نے چمپئنس ٹروفی میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 رن سے ملنے والی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی شکست کیلئے ٹاپ آرڈر بیاٹسمن ذمہ دار ہیں۔ میاچ کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ٹیم کے پاس جیت حاصل کرنے کا سنہری موقع تھا لیکن ٹاپ آرڈر بیاٹسمنوں نے اپنی غیر ذمہ دارانہ کارکردگی سے اسے گنوادیا۔ بارش سے متاثرہ میاچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 62 رن کے مجموعی اسکور پر اپنے 5 سرفہرست بیاٹسمن گنوادیئے تھے۔ ٹیم کی جانب سے کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 67 رن کی اننگز کھیلی جبکہ ٹیم کے 5 بیاٹسمن دُہرے ہندسہ کے اسکور تک نہیں پہنچ سکے۔ میکلم نے کہا ہے کہ ٹیم کی بیاٹنگ میں اصلاح کی سخت ضرورت ہے۔ انگلینڈ کے خلاف میاچ میں جلد ہی وکٹ گنوانے کے سبب ٹیم زبردست دباؤ میں آگئی۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کے گیند بازوں نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان میکلم نے کہاکہ ولیمسن کو اس بات پر کافی افسوس تھا کہ ٹیم نے اہم موقعوں پر جیت کا موقع گنوادیا۔ انہو ں نے کہاکہ ٹیم کیلئے شرم کی بات ہے کہ عالمی مقابلوں میں اس طرح کی کارکردگی کی امید نہیں کی جاسکتی۔ چمپئنس ٹروفی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے اپنے میاچس سے گروپ اے میں 3 پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ سری لنکا اور آسٹریلیا اور کے درمیان کھیلے جانے والے میاچ کے بعد ہی نیوزی لینڈ کی صورتحال واضح ہوگی۔ آسٹریلیا کی جیت ہی اب نیوزی لینڈ کو ٹورنمنٹ میں واپسی دلاسکتی ہے۔

نئی دہلی
(یو این آئی)
اولمپک انفرادی مقابلوں میں تمغہ حاصل کرنے والے واحد شوٹر ابھینو بندرا سنگاپور میں 27 تا 29 جون منعقد ہونے والے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چھٹے انٹرنیشنل اتھلیٹ فورم میں انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن کی نمائندگی کریں گے۔ شوٹنگ کی عالمی تنظیم نے اس باوقار فورم میں اپنی نمائندگی کیلئے بندرا کا انتخاب کیا ہے۔ بندرا نے سال 2008 کے بیجنگ اولمپک میں ائر رائفل ایونٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ بندرا میں حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کے لوسانے شہر میں کھیلوں کے مرکزی وزیر جتندر سنگھ کی آئی او سی عہدیدان کے ساتھ میٹنگ کے بعد ہندوستانی نمائندوں کی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

نئی دہلی
(یو این آئی)
گزشتہ برس کے رنرس اپ اسپورٹنگ کلب نے آج یہاں فیروزشاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں ٹاس کی بنیاد پر فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایس سی آئی )کو شکست دے کر 40واں گوسوامی گنیش دت میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ جیت لیا۔ اتوار کو منعقد ہونے والا فائنل مقابلہ بارش کے سبب متاثر رہا۔ جس سے امپائرس نے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اس فائنل مقابلے میں ٹورنمنٹ کے چمپئن کا فیصلہ سکہ اچھال کر کیا گیا۔ صبح بارش کے سبب میاچ کا آغاز تاخیر سے 9:30 بجے ہوا ۔ ایف سی آئی کے کپتان پارس ڈوگر نے ٹاس جیت کر اسپورٹنگ کلب کو بیاٹنگ کی دعوت دی جس نے 35.5 اوورس میں 5 وکٹ پر 190 رن بنائے تھے۔ پھر دوبارہ بارش کے سبب کھیل روکنا پڑا۔ اس کے بعد کھیل ممکن نہیں ہوسکا۔

Hyderabad Cricket Association annual meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں