دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستان کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-18

دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستان کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان

ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چمپئنس ٹروفی کے بعد دورہ60 ویسٹ انڈیز کیلئے اپنی 15 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں ایک بار پھر آل راؤنڈر یوراج سنگھ، اوپنرس وریندر سہواگ اور گوتم گھمبیر کے علاوہ سرکردہ تیز گیند باز ظہیر خان کو شامل نہیں کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی سہ قومی سیریز میں ہندوستان تیسری ٹیم ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹیم انڈیا 28 جون سے 11 جولائی تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں وہ اینٹیگا، جمائیکا اور ٹرینیڈاڈ میں میاچس کھیلے گی۔ گزشتہ ماہ چمپئنس ٹروفی میں ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے وقت بورڈ نے ویسٹ انڈیز میں کھیلی جانے والی سہ قومی سیریز کیلئے ہندوستان کے 21 امکانی کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا تھا۔ اس فہرست میں چمپئنس ٹروفی میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کے علاوہ منوج تیواری، پروین کمار، محمد سمیع، امباٹی رائیڈو، راہول شرما اور گوتم گمبھیر کا نام بھی شامل تھا۔ بورڈ نے سہ قومی سیریز کیلئے موجودہ 15 رکنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جس سے واضح ہے کہ آل راؤنڈر یوراج کی ٹیم میں واپسی کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ سہواگ، گمبھیر اور ظہیر خان کیلئے فی الحال قومی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ٹیم انڈیا کے جارحانہ اوپنر سہواگ نے سال کے ابتداء میں پاکستان کے خلاف اپنا آخری ونڈے کھیلا تھا لیکن مسلسل ناقص کارکردگی کی وجہ سے انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔ یوراج نے آخری مرتبہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی تھی لیکن اس کے بعد انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ اسی طرح سرکردہ تیز گیند باز ظہیر خان بھی زخمی ہونے کے سبب کافی عرصہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ انہوں نے گذشتہ برس اگست میں ونڈے سیریز میں آخری مرتبہ حصہ لیا تھا۔ انڈین پریمئر لیگ کے حالیہ اختتام پذیر چھٹے سیزن میں اپنی ٹیم رائل چیالنجرس بنگلور کیلئے ظہیر خان نے چند میاچس ضرور کھیلے تھے اور ان میاچس میں انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن انگلینڈ میں ہندوستانی تیز گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے سبب ظہیر خان کی ٹیم میں واپسی نہیں ہوپائی۔ چمپئنس ٹروفی میں حصہ لے رہی ہندوستانی ٹیم میں گمبھیر کی شمولیت کی امید کی جارہی تھی لیکن سلیکٹرس نے موجودہ اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شیکھر دھون کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔ دھون اور روہت نے انگلینڈ میں رواں چمپنس ٹروفی میاچس میں بہترین بیاٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم اس طرح ہے: مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، شکھر دھون، مرلی وجے، روہت شرما، ویراٹ کوہلی، دنیش کارتک، سریش رائنا، رویندر جڈیجہ، روی چندر اشون، بھبنیشور کمار، ایشانت شرما، امیش یادو، عرفان پٹھان، امیت مشرا اور ونئے کمار

Indian squad for Westindies tour -2013

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں