ہاکی میں ہندوستان کا آسٹریلیا سے آج مقابلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-19

ہاکی میں ہندوستان کا آسٹریلیا سے آج مقابلہ

ہندوستان نے ہاکی ٹیم کو چہارشنبہ کو کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ راؤنڈ ۔تین ہاکی ٹورنمنٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں داخلہ کے لئے یقینی جیت حاصل کرنی ہوگی۔ گروپ بی میں ہندوستان کی ہاکی ٹیم تیسرے مقام پر ہے اور چہارشنبہ کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل مقابلے میں اسے دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ نبردآزما ہونا ہے۔ اس میاچ میں جیت ہی اسے سیمی فائنل میں پہنچاسکتی ہے۔ ٹورنمنٹ کے دیگر کوارٹر فائنل مقابلوں میں ہالینڈ کا مقابلہ فرانس سے، نیوزی لینڈ کا اسپین سے اور بلجیم کا ہالینڈ سے ہوگا۔ سال 2014 میں منعقد ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے لئے اگر ہندوستانی ہاکی ٹیم کو راست کوالیفائی کرنا ہے تو اسے نہ صرف سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرنا ہوگا بلکہ تین سرفہرست ٹیموں میں بھی جگہ بنانی ہوگی۔ اس ٹورنمنٹ کی تین سرفہرست ٹیمیں از خود عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کرلیں گی۔ اگر ہندوستانی ہاکی ٹیم ایسا نہیں کرپاتی ہے تو اسے عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے ایشیا کپ میں خطابی جیت حاصل کرنی ہوگی۔ جو اس کے لئے کافی مشکل ثابت ہوسکتی ہے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم گروپ میں تین میاچوں کے بعد دو پوائنٹ حاصل کرکے تیسرے مقام پر ہے۔ ٹیم کی جانب سے اسٹار ملڈفیلڈر سردار سنگھ کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں وی آر رگھوناتھ ، سندیپ سنگھ اور روپندر پال سنگھ بہترین ڈریگ فلیکر ہیں۔ لیکن ابھی تک کھیلے گئے میاچوں میں وہ اپنی صد فیصد کارکردگی نہیں دکھا پائے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑی اپنے سابقہ میاچوں میں جہاں پنالٹی کارنر کے ساتھ ساتھ میدان میں گول کرنے میں ناکام رہے ہیں وہیں ہندوستانی ٹیم کی دفاع میں بھی کئی خامیاں سامنے آئی ہیں۔

فیڈرر اور مرے ومبلڈن کے طاقتور دعویدار
لندن
(یو این آئی)
سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن گراس کورٹ ٹینس چمپئن شپ میں گزشتہ برس خطابی مقابلے میں اترے سوئزرلینڈکے روجر فیڈرر اور برطانیہ کے اینڈی مرے نے اس ٹورنمنٹ سے قبل وارم اپ ٹورنمنٹ میں خطابی جیت درج کرکے اپنی دعویداری مضبوط کرلی ہے۔ ومبلڈن 24 جون سے شروع ہورہا ہے۔ عالمی نمبر تین کھلاڑی فیڈرر نے جہاں جرمنی کے ہیل میں روس کے میخائل یوزنی کو 7۔6، 3۔6، 4۔6 سے شکست دیکر سال کا اپنا پہلا خطاب جیتا ہے ، وہیں عالمی نمبر دو کھلاڑی مرے نے پانچویں سیڈ کروئشیا کے مارن سلچ کو 7۔5، 5۔7، 3۔6 سے شکست دیکر کوئنس کلب اوپن کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔فیڈرر نے چھٹی مرتبہ ہیل اوپن کا خطاب جیتا ہے جبکہ یو ایس اوپن چمپئن مرے تیسری مرتبہ کوئنس اوپن کا خطاب جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ گزشتہ برس ان دونوں کھلاڑیوں کے مابین ومبلڈن کا خطابی مقابلہ ہوا تھا اور فیڈرر نے مرے کو 6۔4، 5۔7، 3۔6، 4۔6 سے ہراکر اپنا 17 واں گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا تھا۔ سوئس ماسٹر ومبلڈن میں فتح حاصل کرنے کے بعد لندن اولمپک کے فائنل میں مرے کو شکست ملی تھی۔ فیڈرر کا 2013 میں خطاب حاصل کرنے کا خواب آخر ہیل میں شرمندہ تعبیر ہوا جہاں وہ جرمنی کے ٹامی ہاس سے شکست ملنے کے بعد دوسرے نمبر پر رہے تھے لیکن فیڈرر نے اس مرتبہ ہاس کو سیمی فائنل میں شکست دی۔ مرے چوٹ کے سبب اس برس فرنچ اوپن میں نہیں کھیل سکے تھے لیکن انہوں نے صحتیاب ہونے کے بعد کوئنس کلب میں شاندار واپسی کی اور ثابت کردیا کہ وہ ومبلڈن کے مکمل طورپر فٹ ہیں۔ فیڈرر اور مرے کو اس مرتبہ ومبلڈن میں کلے کورٹ کے کنگ رافیل ندال سے سخت چیلنج ملے گا۔ نڈا ل اس سیزن میں فرنچ اوپن سمیت سات خطاب حاصل کرچکے ہیں۔ ندال گزشتہ برس ومبلڈن کے دوسرے دور میں الٹ پھیر کا شکار ہوکر باہر ہوگئے تھے اور پھر گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے سات مہینے تک وہ کلے کورٹ سے دور رہے ۔ ندال سے فرنچ اوپن میں شکست کھانے والے اور ومبلڈن میں 2011 چمپئن رہ چکے سربیا کے نوواک جوکووچ کی دعویداری کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ آسٹریلین اوپن چمپئن جوکووچ نے فرنچ اوپن کا سیمی فائنل ندال سے پانچ سیٹوں کی میراتھن جدوجہد میں گنوایا تھا۔ ان چار وں بڑے کھلاڑیوں کے علاوہ سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور سیمی فائنل تک پہنچے آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ، فرنچ اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچنے والے کیجو ولفریڈ سونگا ، زبردست سروس کرنے والے سلچ اور فرنچ اوپن کے سیمی فائنلسٹ فیررر بھی سخت چیلنج دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ خطاب کے لئے اصل مقابلہ تو فیڈرر، مرے،ندال اور جوکووچ کے درمیان ہی رہے گا۔ فیڈرر نے جہاں17 گرانڈ سلام خطاب حاصل کئے ہیں ، وہیں ندال کے پاس12 گرانڈ سلام ہیں۔مرے نے صرف ایک گرانڈ سلام جیتا ہے اور عالمی نمبر ایک کھلاڑی جوکووچ6 گرانڈ سلام اپنے کھاتے میں ڈال چکے ہیں۔

سچن کا ریکارڈ توڑنے والے سرفراز کی انڈر 19 ٹیم میں شمولیت
لکھنؤ
(یو این آئی)
ہندوستانی کرکٹ کے سرکردہ بیاٹسمن ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑنے والے اعظم گڑھ کے نوجوان باصلاحیت کرکٹ کھلاڑی سرفراز نے ہندوستان کی انیس برس سے کم عمر کے کھلاڑیوں کی ٹیم میں اپنی جگہ یقینی کرلی۔ اعظم گڑھ ضلع کے سگڑی تحصیل کے باسوپار گاؤں کے رہنے والے سرفراز نے سولہ برس کے کم عمر کھلاڑیوں کے باوقار ہیرس شیلڈ ٹورنمنٹ میں سال 2009 میں سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑا تھا۔ جہاں سچن تندولکر نے 346 رن بنائے تھے جبکہ سرفراز نے 439 رن کی عظیم اننگز کھیلی تھی۔ سرفراز کے والد نوشاد ہی اس کے کوچ ہیں۔ 22 جون کو آسٹریلیا جانے والی 19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کی ٹیم کے رکن سرفراز کے والد اپنے بیٹے کی ٹیم میں شمولیت پر بہت خوش ہیں۔ نوشاد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہیکہ اعظم گڑھ کو دہشت گردی کی نرسری کہا جاتا ہے تو انہیں بہت برا لگتا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ شعبہ ہائے زندگی میں اعظم گڑھ نے راہل سانس کرتیان اجودھیا سے اپادھیائے ہری اودھ کیفی اعظمی اور شبانہ اعظمی جیسی اہم شخصیت دی ہیں جنہو ں نے ملک میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی ملک کا نام روشن کیا ہے۔ نوشاد کے مطابق عبداللہ اقبال نامی نوجوان بھی ہندوستان کے اندر 19 ٹیم کا رکن رہا ہے۔ اس کے بعد ہی سرفراز کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ان دونوں نوجوان کھلاڑیوں کی ہندوستانی ٹیم میں شمولیت کے بعد انہیں پورا یقین ہے کہ اعظم گڑھ سے دہشت گردوں کی نرسری جیسا بدنما داغ ختم ہوجائے گا اور اعظم گڑھ اپنی ایک نئی پہچان بنائے گا۔ سرفراز کی تعلیم ممبئی میں ہورہی ہے لیکن کرکٹ کے متعلق انہو ں نے اپنی کوچنگ اعظم گڑھ میں ہی حاصل کی۔ سرفراز کے انتخاب سے مسرور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب کے انعقاد کے موقع پر سرفراز کے والد اور اس کے کوچ کو استقبالیہ دیا۔ سرفراز 22 جون کو آسٹریلیا جائیں گے۔ آسٹریلیا سے ہندوستان کا میاچ 30 جون کو ہونا ہے۔ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری ستین کا کہنا ہیکہ سرفراز کی ٹیم میں شمولیت علاقے کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ سرفراز ضلع کے ایسے دوسرے کھلاڑی ہیں جن کا ہندوستانی ٹیم میں انتخاب ہوا ہے۔ اس سے قبل عبداللہ اقبال کو منتخب کیا گیا تھا۔

سنگاپور
(یو این آئی)
ہندوستان کی بی سائی پرنیت ، پی سی تلسی اور اروندھتی پنت وانے نے منگل کو ایک دن میں کوالی فیکیشن دوڑ میں دو مقابلے جیت کر سنگاپور اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ جیت کر اصل ڈرا میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ سائی پرنیت نے پہلے راؤنڈ میں ملیشیا کے محمد حافظ ہاشم کو26منٹ میں ، 21-13, 21-15 سے اور دوسرے راؤنڈ میں جاپان کے رچی تاکے شیکا کو چھتیس منٹ میں 21-12, 22-20سے ہرایا۔ پنت وانے نے روس کی اینینا آسترا کھاتے سیوا کو صرف 17 منٹ میں 21-5, 21-10 سے اور سنگاپور کی جیالیاؤ کو 30 منٹ میں 21-14, 21-16 سے شکست دی۔ تلسی نے ویتنام کی تھی ٹرینگ وو کو 38 منٹ میں 21-18, 21-17 سے اور تھائی لینڈ کی سی پورن پاوی کو51 منٹ میں 18-21,21-13, 21-8 سے ہرایا۔مردوں کے کوالی فیکیشن میں اروند بھٹ اور ایچ ایس پرنے کو پہلے دور میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین کے ڈبلز زمرے میں جوالا گٹا اور پراجیکتا ساونت، مردوں کے ڈبلز زمرے میں منیش گپتا اور گورو وینکٹ اور مکسڈ ڈبلز میں پراجیکتا ساونت ا ور ملیشیا کے محمد لطیف کی جوڑی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹورنمنٹ میں پیر کو شروع ہونے والے اصل مقابلے میں تلسی کا مقابلہ انڈونیشیا کی لنڈا سیناترسی اور پتوانے کے بلغاریہ کے نیدل چیوا سے ہوگا۔ سائت پرنیت کے سامنے سیکنڈ سیڈ ہانگ کانگ کے یون ہون کا چیلنج ہوگا۔ اصل ڈرا میں ہندوستان کی سب سے بڑی امید سائنا نہوال ہے جن کا مقابلہ جاپان کی جوسے ہوگا۔ سائنا کو تھائی لینڈ اوپن کوارٹر فائنل میں جاپانی کھلاڑی سے غیر متوقع شکست کے بعد باہر ہونا پڑا تھا۔

لندن
(یو این آئی)
کرکٹ کی چمپئنس ٹروفی کے آخری لیگ میاچ میں آسٹریلیا کی سری لنکا کے ہاتھوں بیس رن کی شکست کے ساتھ چمپئنس ٹروفی کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔کرکٹ مبصرین کا کہنا ہیکہ فائنل مقابلے میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جنگ آرائی ہوسکتی ہے۔ گروپ اے سے انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اسی گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹورنمنٹ سے خارج ہو گئی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کا اخراج اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ واحد ٹیم ہے جس نے دو مرتبہ چمپئنس ٹروفی کو جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلوی ٹیم کی آخری پوزیشن ہے۔ پہلی پوزیشن انگلینڈ کی اور سری لنکا کی دوسری پوزیشن تھی۔ نیوزی لینڈ تیسرے مقام پر رہا۔ گروپ بی سے ہندستان کی ٹیم نے اپنے گروپ کے تینوں میاچ جیتے اور اس کے 6پوائنٹس تھے۔ ہندستان کے ساتھ سیمی فائنل کے مرحلے میں داخل ہونے والی دوسری ٹیم جنوبی آفریقہ کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی تیسری اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چوتھی پوزیشن رہی۔ چمپئنس ٹروفی میں تمام میاچ جیتنے والی واحد ٹیم ہندستان اور سبھی میاچ ہارنے والی اکلوتی ٹیم پاکستان کی تھی۔ گروپ بی سے ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں ٹورنمنٹ سے باہر ہوئی ہیں۔ چمپئنس ٹروفی کا پہلا سیمی فائنل 19جون کو لندن شہر کے اوول میدان پر کھیلا جائے گا۔ یہ میاچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی آفریقہ کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ دوسرا سیمی فائنل میاچ جمعرات 20جون کو کھیلا جائے گا۔ اس میاچ میں ہندستان کو سری لنکا کا سامنا ہے۔ کرکٹ کے ماہرین کے مطابق چمپئنس ٹروفی کا فائنل میاچ امکاناً ہندستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہو سکتا ہے کیونکہ اب تک کے میاچوں میں یہی متوازن ٹیمیں بن کر ابھری ہیں۔ گروپ بی سے پاکستان کی ٹیم پہلے ہی ٹورنمنٹ سے خارج ہو چکی ہے۔ اور یہ واحد ٹیم ہے جسے کوئی پوائنٹ حاصل نہیں ہوا۔ گو آسٹریلوی ٹیم بھی بظاہر کوئی ایک میاچ بھی جیت نہیں پائی تھی لیکن ایک میاچ بارش کے باعث برابری پر ختم کر دیا گیا تھا اور اس طرح اسے ایک پوائنٹ حاصل ہو گیا تھا۔ یہ دونوں ٹیمیں ایک لاکھ ڈالر حاصل کر سکی ہیں۔ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو چار چار لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے جبکہ فائنل جیتنے والی ٹیم کو 2 ملین ڈالر اور ہارنے والی ایک ملین ڈالر کے انعام کی حقدار ہو گی۔ چمپئنس ٹروفی کا آخری میاچ پیر17 جون کو کھیلا گیا۔ یہ میاچ سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان تھا۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں آٹھ وکٹوں پر258رن بنائے اور جواب میں آسٹریلوی ٹیم43 ویں اوور میں233 رن پر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے تیز بالر کلاشیکھرانے 3 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ سری لنکا کی اننگز میں مہیلا جیا وردھنے اور لاہیرُو تھیریمانے نے تیز رفتار نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

شطرنج - آنند کی چوتھی بازی ڈرا
ماسکو
(یو این آئی)
ہندوستان کے عالمی چمپئن وشوناتھن آنند اور اسرائیل کے بورس گیل فینڈ کے درمیان تال میموریل شطرنج ٹورنمنٹ میں چوتھے دور کی بازی پیر کو ڈرا پر ختم ہوئی۔ آنند اس ڈرا کے بعد دو پوائنٹ کے ساتھ مشترکہ چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ لیکن ہندوستانی سوپر گرانڈ ماسٹر نے ابتدائی مرحلے پر کمزور دکھانے کے بعد اپنی فارم واپس حاصل کرلی ہے۔ انہو ں نے تیسرے دور میں مقامی کھلاڑی الیکزینڈر مورو جے وچ کو شکست دی تھی۔ ٹورنمنٹ میں ایک دن کے ریسٹ کے بعد آنند نے چوتھے دور میں گیل فینڈ کے ساتھ ڈرا کھیلا۔ دنیا کے دس کھلاڑیوں کے درمیان راؤنڈ رابن بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ کے اگلے دور میں وشوناتھن آنند کا مقابلہ ناروے کے نمبر ایک کھلاڑی میگنس کارلنس سے ہوگا۔ جنہو ں نے چوتھے دور میں روس کے دیمتری آندرے کن کے ساتھ ڈرا کھیلا تھا۔

جبراً اقبالی بیان لیا گیا- سٹہ بازوں کا الزام
نئی دہلی
(پی ٹی آئی )
آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار شدہ 3 سٹہ بازوں نے آج عدالت میں دہلی پولیس پر الزام عائد کیا کہ کیس میں ایذارسانی اور جبر کے ساتھ ان سے اقبالی بیان لیا گیا ہے۔ عدالت نے سٹہ بازوں سنیل بھاٹیہ ، رمیش ویاس اور فیروز انصاری کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات پرپولیس سے جواب طلب کیا ہے۔ ان سٹہ بازوں نے دعویٰ کیا کہ تحقیقاتی عہدیداروں نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان سے اقبالی بیان حاصل کیا۔ اڈیشنل سیشن جج اجئے کمار جین نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ 22 جون تک اپنا جواب داخل کرے۔ 3 ملزمین کی جانب سے الزامات عائد کئے جانے کے بعد اسپاٹ فکسنگ کیس میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں جیسا کہ امیش گوئنکا جو راجستھان رائلس کے مالک راج کندرا کے کروباری رفیق ہیں، نے عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ دہلی پولیس کے عہدیداروں کی ہدایت پر انہوں نے مجبوراً کندرا کا نام گھسیٹا تھا۔ پولیس نے انہیں 5 دن تک غیر قانونی تحویل میں رکھتے ہوئے جسمانی طور پر ازیت پہونچائی۔ گوئنکا جس کا بیان اس کیس میں گواہ کی حیثیت سے ریکارڈ کیا گیا ہے نے یہ بھی کہا کہ جسمانی اذیت اور مکوکا کے تحت مقدمہ سے بچنے کی خاطر اس نے راج کندرا کا نام لیا تھا۔ سماعت کے دوران عدالت نے 3 سٹہ بازوں اور دیگر 2 افراد بشمول سٹہ باز دیپک کمار اور سابق راجنی کھلاڑی بابو راؤ یادو کو 14 دنوں کے لئے یعنی 2 جولائی تک عدالتی تحویل میں دینے کی اپیل کو منظوری دی۔

آسٹریلیا ،فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی
سڈنی
(رائٹر)
آسٹریلیاء نے آج یہاں اولمپک اسٹیڈیم پر پرجوش شائقین جن کی تعداد 80 ہزار تھی کے روبرو عراق کو 1-0 سے ہراکر 2014ء فیفا ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا۔ متبادل اسٹرائکر جوش کینڈی نے میاچ ختم ہونے سے 7 منٹ پہلے خوبصورت ہیڈر کے ساتھ گول بنادیا اور آسٹریلیاء کو ورلڈ کپ کھیلنے کا اہل بنادیا۔ ایشیائی کوالیفائنگ گروپ بی میں دوسرا مقام حاصل کرنے کے لئے اور برازیل کا ٹکٹ پانے کے لئے آسٹریلیاء کو اس میاچ میں کامیابی کی ضرورت تھی۔ ورلڈ کپ فائنلس میں پہنچنے کی عراق کی امیدیں گذشتہ ہفتہ کی گروپ کی فاتح جاپان کے ہاتھوں شکست کے بعد اور اب آسٹریلیاء کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ختم ہوگئیں۔ آسٹریلیائی ٹیم کو بھی آج کامیابی کے لئے کافی پسینہ بہانہ پڑا اور میاچ کے اختتام سے 7 منٹ قبل جوش کنیڈی کے ہیڈر نے فیصلہ کن کردار ادا کیا جس کے ساتھ ہی آسٹریلیائی ٹیم لگاتار تیسری بار ورلڈ کپ فائنلس کے لئے کوالیفائی ہوگئی۔ آسٹریلیاء 2006ء اور 2010ء سے قبل 1974ء میں بھی ورلڈ کپ فائنلس کے لئے کوالیفائی ہوئی تھی۔

سائیکلنگ کوچ روما چٹرجی کا سڑک حادثہ میں انتقال
کولکتہ
(یو ائن آئی)
ہندوستان کی سابق انٹرنیشنل اور قومی سائیکلنگ کے موجود کوچ روما چٹرجی منگل کو دہلی۔نوئڈا ہائی وے پرسڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ یہاں موصولہ اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی۔ سوٹزر لینڈ کے لئے ہندوستانی ٹیم کی روانگی سے قبل قومی ٹریننگ کیمپ میں حصہ لینے کے بعد وہ واپس ہورہی تھیں۔ 4 رکنی ہندوستانی ٹیم اسکاٹ لینڈ میں ورلڈ چمپئن شپ میں حصہ لینے والی تھی۔ روما چٹرجی کا کولکتہ سے تعلق ہے اور ان کی عمر 51 سال تھی۔ ٹریننگ سیشن کے دوران سڑک پر تیز رفتار کار سے ٹکر کے باعث تھوڑی دیر میں ان کا انتقال ہوگیا۔ روما چٹرجی کی نعش کو نوئڈا میں دواخانہ لے جایا گیا تھا ۔ پولیس نے کیس درج کرنے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شام خصوصی پرواز کے ذریعہ راما کی نعش یہاں لائی جائے گی۔ روما چٹرجی کے پسماندگان میں 77 سالہ والدہ اور 5 بہنیں ہیں۔ وہ ، بی ایس این ایل کولکتہ سرکل میں سینئر اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے کام کرتی تھیں۔ روما چٹرجی نے بین الاقوامی مقابلوں میں 3 مرتبہ ہندوستان کی نمائندگی کی اور کوچ کی حیثیت سے انہوں نے 7 مرتبہ خدمت انجام دی۔ وہ نئی دہلی میں منعقدہ کامن ویلت گیمس، ایشین گیمس، اور ایشین چمپئن شپس میں بھی ہندوستانی ٹیم کی کوچ رہ چکی تھیں۔

کراچی
(یو این آئی)
چمپئنس ٹروفی میں اپنے تمام میاچ ہارنے کے بعد ناقدین کے نشانے پر آنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹ مور نے کہا ہے کہ ان کی سال2015 ء میں منعقد والے عالمی کپ پر نظر ہے۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم پر تنقید کرنے والے ماہرین کا کہنا ہیکہ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے لئے صرف کھلاڑیوں کو ہی قربانی کا بکرانہیں بنانا چاہئے بلکہ منتظمین اور حکام پر بھی کارروائی ہونی چاہئے۔واٹ مور نے کہاکہ چمپئنس ٹروفی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق وہ اپنی رپورٹ جلد پیش کریں گے۔59سالہ آسٹریلیائی کرکٹ کھلاڑی واٹ مور محمد عرفان، عمران فرحت، کامران اکمل، وہاب ریاض، سعید اجمل،ناصر جمشید اور احسان عادل کے ساتھ پاکستان واپس آئے ہیں۔جبکہ کپتان مصباح الحق اور نائب کپتان محمد حفیظ آئندہ ہفتے برطانیہ سے لوٹیں گے۔ چمپئنس ٹروفی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلے مرحلے میں ہی ہتھیار ڈال دیے جس کے بعد کئی نامور کھلاڑیوں کے ستارے گردش میں ہیں اور انہیں ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ 2007ء کے ویسٹ انڈیز عالمی کپ کے بعد پاکستانی ٹیم کے کسی آئی سی سی ٹورنمنٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے کا یہ پہلا موقع ہے۔ سابق چیف سلیکٹرعبدالقادر نے جرمنی کی ایک کھیل ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناکام کھلاڑیوں کے ساتھ دوسروں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے کوچ رکھے گئے ہیں مگر کھلاڑی پھر بھی سیکھنے کو تیار نہیں۔ سلیکٹروں سے پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے پانچ پانچ اوپننگ بیاٹسمن کس طرح بھیجے اور ایک ون ڈے ٹورنمنٹ میں ٹسٹ کھیلنے والی ٹیم کا انتخاب کیوں کیا گیا۔ ٹیم میں کوئی ہٹر ہی نہیں تھا۔ عبدالقادر کہتے ہیں ناصر جمشید جیسے کھلاڑیوں نے خود غرضی کا مظاہرہ کیا اور وہ صرف ٹیم میں جگہ کے لیے کھیلتے رہے ایسے کھلاڑیوں کو سزا ملنی چاہیے۔ عبدالقادر کے بقول پاکستانی کرکٹر کی توجہ کھیل سے زیادہ اشتہاروں میں کام کرنے پر رہی ہے۔ اس پر پابندی لگا دی جائے۔ اس ٹورنمنٹ نے عرصہ دراز سے پاکستانی ٹیم پر بوجھ بننے والے کئی کرکٹر کو بے نقاب کر دیا۔ ٹورنمنٹ میں محمد حفیظ اڑتیس، شعیب ملک پچیس، کامران اکمل تیس اورعمران فرحت چار رن بنا سکے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ شعیب ملک کی عالمی رینکنگ اس وقت 76، عمران فرحت کی 77 اور کامران کی79 ہے جو کینیا کے کولن اوبایو، زمبابوے کے ووزی سبانڈا اور آئر لینڈ کے گیری ولسن جیسے غیر معروف کھلاڑیوں سے بھی گئی گزری ہے۔ عبدالقادر کہتے ہیں کہ حنیف، ظہیر، انضمام اور میانداد کے دیس میں بیٹنگ کا فن اب بھی زندہ ہے بس پرکھنے والی آنکھ چاہیے۔ احمد شہزاد میں سچن کی جھلک ہے اور بھی بیاٹسمن ہیں مگر منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔ سینئر صحافی اور پاکستانی روزنامہ ایکسپریس کے اسپورٹس ایڈیٹر زاہد مقصود کہتے ہیں کہ صرف کھلاڑیوں کو اس شکست پر قصور وار ٹھہرانا جائز نہیں۔ مقصود کے مطابق جب ٹیم ہندستان سے جیت کر آئی تھی تو ذکا اشرف ایئرپورٹ پر ٹروفی کے ساتھ باہر آئے تھے چیئرمین جب سلیکشن میں مداخلت کرتا ہے اور جیت کا کریڈٹ لیتا ہے تو ہار سے بھی وہ بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔ سابق کرکٹرس کپتان مصباح الحق اور انکے نائب محمد حفیظ کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر عبدالقادر کہتے ہیں مصباح کو کپتان برقرار رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ واحد کھلاڑی جو جان مارتا ہے نئی ٹیم دے کر مصباح کو با اختیار کپتان بنایا جائے۔ حفیظ کو اب کم ازکم دوسال باہر کر دینا چاہیے اور کہہ دیا جائے کہ جا کر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلو اور فارم بحال کرو۔زاہد مقصود کہتے ہیں کہ فی الحال کرکٹ حکومت کی ترجیحات میں کہیں نیچے ہے اور وہ دیگر ضروری امور نمٹانے کے بعد اس جانب توجہ کرے گی۔

بیلو ہوری زینٹ
(یو این آئی)
فٹبال کے عالمی مقابلوں میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی تاہیتی کو کنفیڈریشن کپ کے اپنے پہلے مقابلے میں نائیجریا کے ہاتھوں 6-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹورنمنٹ کے دوران ٹکٹوں کی بڑھتی شرح پر شائقین نے آج احتجاج کیا ۔ کنفیڈریشن کپ جیسے انٹرنیشنل ٹورنمنٹ صرف ایک پروفیشنل کھلاڑی کے ساتھ میدان میں اترنے والی تاہیتی کی ٹیم کو بے شک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی سے اسٹیڈیم میں موجود بیس ہزار شائقین کے دلوں کو جیت لیا۔ تاہیتی کی جانب سے جوناتھن ٹی ہاؤ نے واحد گول کیا۔ جبکہ نائجریا کی جانب سے نامدی اوڈ مادی نے تین گول کئے۔ برازیل میں فٹ بال کے مہنگے ٹکٹوں کیخلاف شروع ہونے والے مظاہروں میں شدت آگئی ہے، ہزاروں مظاہرین پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر نعرے لگاتے رہے۔ مہنگی ٹکٹوں کیخلاف ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین کے مطالبات میں پبلک سروسز کی کمی، پولیس کا تشدد اور حکومتی بد عنوانی شامل ہے۔ گذشتہ رات ساؤپالو، برازیلیا اور ریوڈی جنیرو میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کئے اور سڑکیں مسدود کردیں۔ برازیلیا میں ہزاروں افراد پارلیمنٹ کی عمارت پر چڑھ گئے اور ساؤ پالو میں صدارتی محل کو بھی نہ چھوڑا۔ ان مظاہروں کو برازیل کی تاریخ میں سب سے بڑے مظاہرے قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور
(یو این آئی)
دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ثمینہ بیگ کا کہنا ہے کہ ان کی پاکستانی عوام اور حکومت سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوئی ہیں۔ اکیس سالہ ثمینہ نے اپنے بھائی علی بیگ کے ہمراہ 19 مئی کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی ۔ دونوں بہن بھائیوں کا تعلق پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی وادء ہنزہ کے گاؤں شمشال سے ہے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں ثمینہ بیگ نے کہا کہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ان کے لیے ایسا ہی تھا جیسے کہ ایک خواب حقیت کا روپ دھار لے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم سے قبل وہ ایک لمبے عرصے تک تیاری کرتی رہی تھیں ۔ ثمینہ کا کہنا تھا کہ ان کی اس مہم کا مقصد صرف اپنی ذات کے لیے کچھ حاصل کرنا نہیں بلکہ دنیا کو پاکستانی خواتین کی ہمت اور عزم وحوصلے سے آگاہ کرنا تھا۔تاہم ثمینہ کو گلہ ہے کہ اس کامیابی پر جس پذیرائی کی انہیں توقع تھی وہ پوری نہیں ہو سکی۔ ثمینہ کے بھائی انتیس سالہ علی بیگ کا کہنا ہے کہ کہ انہوں نے اپنی بہن کے ہمراہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے منصوبے پر سات سال کام کیا۔ ایک پسماندہ علاقے سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں بے شمار مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ لیکن علی بیگ کے مطابق مقصد کے حصول کی دھن اور جنون نے کوئی مشکل آڑے نہ آنے دی اوربالآخر انہوں نے اپنی منزل پا لی۔ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی ہماری مہم پر ایک کروڑ روپے پاکستانی خرچ ہوئے ہیں۔ اور یہ رقم ہمیں پاکستانی حکومت سے نہیں ملی۔اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے ثمینہ بیگ کا کہنا ہے کہ اب ان کا ہدف اپنے بھائی کے ہمراہ سات براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنا ہے جسے سیون سمٹ بھی کہا جاتا ہے۔ تاہم ثمینہ کے بقول ان کے سامنے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مالی وسائل کی دستیابی ہی ہے۔

FIH World League India v Australia, Quarter-finals, today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں