جموں کشمیر کی خوداختیاری کی دفعہ 370 منسوخ کی جائے - اڈوانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

جموں کشمیر کی خوداختیاری کی دفعہ 370 منسوخ کی جائے - اڈوانی

سینئر بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی نے آج دستور کی دفعہ 370 کی تنسیخ پر زور دیتے ہوئے بتایاکہ اس اقدام سے جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ مکمل انضمام میں مدد ملے گی۔ اڈوانی نے پارٹی کے بانی شیام پرساد مکھرجی کی 60ویں برسی کے موقع پر اپنے بلاگ پر تحریر میں بتایاکہ ملک(قوم) اس دن کی منتظر ہے جب دستور کی دفعہ 370 کو منسوخ کیاجائے گا اور دوودھان(دستور) بھی ایک میں تبدیل ہوجائیں گے۔ دستور کی دفعہ 370 سے جموں و کشمیر کو خصوی دستوری موقف حاصل ہے جبکہ بی جے پی کا اہم مطالبہ اس کی تنسیخ رہا ہے۔ پارٹی نے مزید حلیف جماعتوں کو راغب کرنے کیلئے اس مسئلہ کو تعطل کا شکار بنادیا تھاجبکہ ان میں سے بیشتر بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈہ پر محتاط رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اڈوانی نے اپنے بلاگ جس کا عنوان "آزاد ہندوستان کا قومی یکجہتی کیلئے پہلا شہید" میں بتایا کہ متنازعہ حالات میں مکھرجی کی موت سے سلسلہ وار واقعات رونما ہوئے ہیں جن کے نتیجہ میں قومی یکجہتی کی کارروائی کو زبردست فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پرمٹ سسٹم جو اس وقت جموں و کشمیر کے وزیراعظم شیخ عبداﷲ نے ان غیر ریاستی شہریوں کیلئے متعارف کروایا تھا جو ریاست میں داخل ہونا چاہتے تھے اسے منسوخ کردیا گیا جبکہ ریاستی وزیراعظم نے دوسری ریاست کے سربراہ کی طرح چیف منسٹر بن گیا۔ انہوں نے بتایاکہ دو پردھان (سربراہان) ایک میں تبدیل ہوگئے اگرچہ دونوں نشان ہنوز برقرار ہیں۔ قومی ترنگا ایک زیادہ بلند مقام پر لہرانے لگا۔ اڈوانی نے سپریم کورٹ کی ریاست تک رسائی کا سہرا مکھرجی کے سر باندھا۔ مکھرجی نے نعرہ لگایا تھا کہ "ایک دیش میں دو پردھان، دو نشان، نہیں چلیں گے، نہیں چلے گیں"۔ ان کا یہ نعرہ جن سنگھ کی پہلی قومی میٹنگ کے دوران بلند ہوا تھا۔ جموں و کشمیر کی پولیس نے انہیں پرمٹ کے بغیر ریاست میں داخل ہونے کی پاداش میں گرفتار کرلیا تھا۔ بعدازاں ناسازی صحت کے نتیجہ میں ان کا سرینگر میں دوران حراست انتقال ہوگیا۔ تاہم ان کے حامیوں نے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے اسے سازش قرار دیا۔ پٹھان کوٹ سے اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے عملی طورپر 2014ء انتخابات کیلئے پارٹی کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کشمیریوں کے زخموں کے اندمال کی ضرورت اور اس کے امنگوں بھرے نوجوانوں کو ریاستی ترقی کیلئے قومی دھارے سے جوڑدینے کی ضرورت پر اظہار خیال کیا۔ مودی کو ناقدین اکثر تفرقہ پرواز شخصیت قرار دیتے ہیں جبکہ انہوں نے خود کو اتحاد کے علمبردار قائد کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بتایاکہ وہ قلوب اور مختلف پارٹیوں کو متحد کرنے کیلئے کام کریں گے۔ یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایاکہ انہوں نے جو کام ادھورا چھوڑا ہے اگر بی جے پی کو اقتدار سونپ دیا جائے تو وہ اسے روبہ عمل لاتی رہے گی۔ یو این آئی کے بموجب مرکز میںیوپی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی اور وزیراعظم منموہن سنگھ کی دوہری قیادت پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر گجرات اور بی جے پی انتخابی مہم کمیٹی کے سربراہ نریندر مودی نے ملک کو مبینہ تباہ کرنے کے ذمہ دار دونوں پردھانوں(سربراہوں) سے چھٹکارا دلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے جن سنگھ کے بانی شیام پرساد مکھرجی کے 60یوں یوم شہادت کے موقع پر یہاں منعقدہ بی جے پی کی سنکلپ ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے بتایاکہ دہلی کی حکومت کو دو پردھان چلارہے ہیں اور یہ بات واضح نہیں ہے کہ کون حقیقی پردھان ہے۔ ان دونوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے اور ہمیں ملئک کو ان سے آزاد کروانا ہوگا۔ "ہندوستان کو کانگریس سے آزاد کرو" خواب کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ملک کا ممستقبل اور عام آدمی کانگریس کے ہاتھوں محفوظ نہیں جبکہ یوپی اے حکومت کو بیروزگار نوجوانوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ بین الاقوامی مارکٹ میں روپئے کی قدر میں گراوٹ اور ملک میں کانگریس کے احترام میں کمی کا تقابل کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ان دونوں میں اس بات کا مقابلہ ہورہاہے کہ دونوں میں کون زیادہ نچلی سطح تک جائے گا۔ انہوں نے سکیورٹی محاذ پر مبینہ ناکامی اور وزیراعظم پر کڑی تنقید کی۔

Advani calls for Jammu & Kashmir's full integration with India, says repeal Article 370

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں