10 بیرونی سیاحوں کی ہلاکت - گلگت بلتستان کے چیف سکریٹری معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-24

10 بیرونی سیاحوں کی ہلاکت - گلگت بلتستان کے چیف سکریٹری معطل

شمالی پاکستان کے سب سے اونچے پہاڑی مقام پر واقع ایک ہوٹل پر انتہا پسندوں کے حملہ میں10 بیرونی سیاح ہلاک ہوگئے۔ ان سیاحوں میں چین، روس اور یوکرین کے سیاح شامل ہیں۔ مہلوکین میں پاکستانی گائیڈ بھی شامل ہے۔ حملہ آور پولیس وردی میں تھے۔ گلگت۔ بلتستان کی فیری میڈوز ہوٹل پر حملہ کردیاگیا۔ یہ مقام کوہ پیمائی کرنے والوں کے ابتدائی کیمپ کے طورپر کام کرتا ہے۔ یہاں سے کوہ پیما ننگا پربت پر چڑھائی کرتے ہیں۔ ننگا پربت دنیا کی 9ویں سب سے اونچی پہاڑی چوٹی ہے۔ یہ حملہ رات کے وقت میں کیا گیا جبکہ صرف صبح میں ہی حکام حرکت میں آئے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہاکہ 3چینی سیاح، ایک روسی، 5یوکرین سیاح اور ایک پاکستانی گائیڈ ہلاک ہوگیا۔ ایک چینی سیاح کو بچالیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے گلگت۔ بلتستان کے چیف سکریٹری اور پولیس چیف کو معطل کردیا۔ وزیراعظم نے بیرونی سیاحوں پر حملہ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کو بیرونی سیاحوں کیلئے محفوظ مقام بنایاجائے گا۔ پاکستان اس تشدد کو برداشت نہیں کرے گا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس علی شیر نے گلگت میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مسلح افراد ہوٹل میں داخل ہوئے اور سیاحوں کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے مقام کا محاصرہ کرلیا اور خاطیوں کی تلاش شروع کردی۔ گلگت۔ بلتستان کے چیف منسٹر سید مہدی شاہ نے کہاکہ حکام نے فوج سے مدد طلب کی ہے۔ فوج نے فضائی نگرانی کیلئے ایک ہیلی کاپٹر فراہم کایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ مقام دور افتادہ پہاڑی مقام پر ہونے اور سڑکوں کا مناسب راستہ نہ ہونے پر فوری جوابی کارروائی میں رکاوٹ ہوئی۔ گلگت۔ بلتستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہے۔ اس حملہ کے بعد یہاں سیاحوں کے محفوظ ہونے کے تعلق سے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

Gilgit Baltistan chief secretary, IG suspended following killing of 10 foreign tourists

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں