اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے کافی دکھی ہوں - سچن ٹنڈولکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-31

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے کافی دکھی ہوں - سچن ٹنڈولکر

حالیہ اختتام پذیر آئی پی ایل سیزن 6 میں اسپاٹ فکسگ اسکینڈل پر اپنی خاموشی ختم کرتے ہوئے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ وہ ان تمام معاملات سے کرکٹ کو جو نقصان ہوا ہے اس سے وہ کافی دُکھی ہیں۔ سچن نے آج یہاں اپنے ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ 2 ہفتو ں کے دوران ہندوستانی کرکٹ میں جو کچھ بھی ہوا وہ اس سے کافی حیران ہیں اور انہیں بہت مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل سے کروڑہا شائقین کے جذبات وابستہ ہیں، انتظامیہ کو اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ آئی پی ایل 6 میں ممبئی انڈینس کے ٹائٹل حاصل کرنے کے بعد ٹورنمنٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ اسپاٹ فکسنگ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ سچن نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے کیریر میں کھیل جذبہ کو بنائے رکھنے کو ترجیح دی، مجھے ہمیشہ اس بات سے دُکھ پہنچتا ہے جب کرکٹ کو غلط وجوہات کی وجہ سے سرخیوں میں لایا جاتا ہے، مجھے گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ہوئے واقعات سے کافی دُکھ پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ ہر کرکٹر کو سکھایا جاتا ہے کہ ہر میاچ میں ایمانداری اور محنت کے ساتھ کھیلیں۔ اسپاٹ فکسنگ کے معاملہ میں ابھی تک کئی کھلاڑی ردعمل سے گریز کرتے رہے ہیں ایسے میں ہندوستانی کرکٹ کے سرکردہ بیاٹسمن ٹنڈولکر کا ردعمل اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ ملک بھر میں کھیل رہے کھلاڑیوں اور ریاستوں کے ساتھ ہیں جو انتظامیہ پر شفافیت اور تحقیقات کیلئے بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں لاکھوں کروڑوں کرکٹ شائقین ہیں جن کے جذبات اور بھروسہ کی ذمہ داری ہم سب پر ہے کیونکہ کرکٹ جنون اور فخر کا کھیل ہے۔ سچن کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے کہ جب ہندوستانی کرکٹ کو اسپاٹ فکسنگ کے سبب ورلڈ کرکٹ میں شرمندگی کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ میں منعقد ہونے والی چمپئنس ٹروفی سے قبل اخباری نمائندوں سے بات چیت میں اسپاٹ فکسنگ سے متعلق سوالوں کے جواب سے انکار کردیا۔ اس سے قبل بھی وہ ملک میں صحافیوں کے سامنے نہیں آئے تھے۔

Tendulkar says he is shocked and disappointed by IPL spot-fixing

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں