ممبرا میں جدید آئی ٹی آئی پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کا عنقریب قیام - شردپوار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-20

ممبرا میں جدید آئی ٹی آئی پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کا عنقریب قیام - شردپوار

اتوار کو ممبرا کوسہ کے دورے پر آنے والے مرکزی وزیر زراعت اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شردپوار نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ ممبرا میں جدید آلات سے آراستہ سلاٹر ہاؤس، آئی ٹی آئی پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ تعمیر کروائیں گے۔ ممبرا کوسہ میں بجلی کٹوتی کے مسئلہ کے تعلق سے بھی انہوں نے کہاکہ وہ متعلقہ وزیر اور بجلی سپلائی کمپنی کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرکے کوشش کریں گے جو صارفین بجلی کا بل ادا کرتے ہیں ان کی بجلی سپلائی میں کٹوتی نہ کی جائے۔ معتبر ذرائع کے مطابق ممبرا کے شہریوں نے شرد پوار کا انتہائی جوش و خروش سے استقبال کیا اور جگہ جگہ ان کے قافلے کو روک روک کر انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ شرد پوار کا قافلہ سخت پولیس بندوبست میں تقریباً 5:15 بجے ممبرا فلائی اوور سے گذرتا ہوا شملہ پارک پہنچا اور وہاں شرد پوار کے ہاتھوں "اوپن ہاکرس پلازہ" کا افتتاح عمل میں آیا۔ بعدازاں مقامی افراد سے خطاب کے دوران شرد پوار نے کہاکہ "ممبراکے شہریوں کی سہولت کیلئے یہاں جدید آلات سے آراستہ ایک سلاٹر ہاوس تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک آئی ٹی آئی پالی ٹیکنک بھی قائم کیا جائے گا۔ البتہ اس کیلئے شہریوں کو چاہئے کہ وہ علاقے کے رکن پارلیمان اور رکن اسمبلی کا ساتھ دیتے ہیں"۔ شملہ پارک میں عوام سے خطاب کے بعد شرد پوار کا قافلہ ممبرا ریلوے اسٹیشن کی جانب روانہ ہوا ہے۔ تقریباً 7بجے ممبرا ریلوے اسٹیشن کی تزئین کاری کا جائزہ لیتے ہوئے "ایم گیٹ" اور تاریخی فوجی ٹینک، کا افتتاح کیا۔ یہاں رکن اسمبلی جتیندرا وہاڑ نے ممبرا میں بجلی کٹوتی کے سنگین مسئلہ کی جانب شردپوار کی توجہ مبذول کرائی۔ یہاں بھی شرد پوار نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے رکن اسمبلی کی تعریف کی اور کہاکہ ریلوے اسٹیشن کا احاطہ اس طرح گندہ رہا کرتا تھا کہ لوگ بدبو سے منہ پر رومال رکھ کر گذرتے تھے لیکن رکن اسمبلی کی کوششوں سے یہ اس قدر خوبصورت ہوگیا ہے اس کی مثال دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ جس طرح ممبرا ریلوے اسٹیشن کی ترقی ہوئی ہے اسی طرح اس علاقے میں دیگر سہولتیں مہیا کروانے کیلئے بھی کام کیا جائے گا اور کچھ برسوں میں ممبرا کے مسائل حل کرلئے جائیں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں