موہالی تحفظ مساجد کانفرنس- 66 سال بعد بھی پنجاب کی ہزاروں مساجد غیر آباد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-20

موہالی تحفظ مساجد کانفرنس- 66 سال بعد بھی پنجاب کی ہزاروں مساجد غیر آباد

پنجاب کے شہر موہالی بلوپور میں منعقد ہونے والی "تحفظ مساجد کانفرنس" میں علماء و دانشوران قوم نے ملکی تقسیم کو ایک عظیم سانحہ سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ 1947ء میں ملک کی تقسیم کے نتیجہ میں جہاں لاکھوں خاندان برباد ہوئے وہیں پنجاب میں ہزاروں کی تعداد میں مساجد ویران اور غیر آباد ہوگئیں۔ مولانا سید سلمان حسینی ندوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان بھر میں پھیلی قدیم اور غیر آباد مساجد صرف اسلامی ورنہ ہی نہیں بلکہ یہ عظیم قیمتی ملکی سرمایہ بھی ہیں جس کی قومی میرات اور ملکی سرمایہ کی طرح حفاظت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ غیر آباد مساجد کے تحفظ ان کی بازیابی کے لئے مسلمانوں کے ساتھ حکومت کو بھی بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عظیم ملکی سرمایہ کی حفاظت ممکن ہوسکے۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کے رحمن خان نے اپنے ارسال کردہ مکتوب میں کانفرنس کے منتظمین کو یقین دلایا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں غیر آباد مساجدکو آباد کرنے اور ان کو بازیاب کرانے کیلئے وزارت برائے اقلیتی امور حکومت ہند ہر ممکن تعاون دے گی۔ خانقاہ کریمی بوڑیہ کے روح رواں پیرجی حافظ حسین احمد قادری نے کہاکہ تقسیم ہند کے نتیجہ میں پنجاب میں خاص طورپر مسلمانوں کو جہاں ناقابل تلافی نقصان پہنچا وہیں کثیر تعداد میں مساجد غیر آباد ہوگئیں جو تقسیم کے 66سال گذر جانے کے بعد آج بھی ویران حالات میں موجود ہیں۔ پیرجی حسین احمد نے کہاکہ آج بھی بیشتر مساجد میں لوگوں نے رہائش اختیار کررکھی ہے یا ان میں جانور باندھے جارہے ہیں، اس طرح ان مساجد کی بڑے پیمانے پر بے حرمتی کی جارہی ہے اس لئے ان مساجد کو آباد اور ان کا تحفظ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا آزاد ٹرسٹ کے صدر حافظ محمد مرتضی تیاگی نے کہاکہ آج کی یہ عظیم کانفرنس اس لئے منعقد کی گئی ہے تاکہ علماء، قوم و ملت کے دردمند اور دانشوران آپس میں مل بیٹھ کر پنجاب اور ملک بھر میں غیر آباد مساجد کی بازیابی کیلئے متفقہ طورپر ایک لائحہ عمل اور طریقہ کار پر غور و خوص کریں۔ حافظ محمد مرتضی تیاگی نے کہاکہ اس عظیم کام کو سر انجام دینے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بڑے سرمایہ اور افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

Tahaffuz Masajid conference at mohali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں