پاکستانی انتخابات - مسلم لیگ سربراہ نواز شریف کے وزیر اعظم بننے کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-13

پاکستانی انتخابات - مسلم لیگ سربراہ نواز شریف کے وزیر اعظم بننے کا امکان

اسلام آباد/لاہور
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ مسٹر نواز شریف امکان ہے کہ تیسری مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم بن جائیں گے جبکہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ہندوستان نے پاکستان میں انتخابات کا خیرمقدم کرتے ہوئے نواز شریف کو مبارکباد بھی دی ہے۔ پاکستان میں جملہ 272 نشستوں کیلئے انتخابات منعقد ہوئے تھے جن کے منجملہ جو رجحانات ملے ہیں ان کے مطابق نواز شریف کی پارٹی کو 125 سے زائد نشستیں ملنی یقینی ہیں۔ نواز شریف کو سادہ اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دینے 137 نشستوں پر کامیابی درکار ہوگی تاہم وہ کچھ آزاد امیدواروں اور کچھ مقامی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے حکومت تشکیل دے سکتے ہیں۔ کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان کی تحریک انصاف پاکستان کو توقعات کے مطابق کامیابی نہیں ملی سکتی ہے اور ان کی پارٹی کو 34نشستیں ملنے کی امید کی جارہی ہے۔ عمران خان کی پارٹی کو انتخابی مہم کے دوران زبردست مقبولیت دکھائی جارہی تھی اور یہ ادعا بھی کیا گیا تھا کہ ایک انتخابی جلسہ عام میں اسٹیج گرپڑنے کے بعد ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم ان کی پارٹی اقتدار حاصل کرنے کے موقف میں نہیں ہے اور اس کی کامیابی توقعات سے کم رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 2008ء میں ہوئے انتخابات میں 124 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور ملک پر 5 سال تک حکومت کی تھی تاہم اب اسے زبردست ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسے صرف 32 نشستیں مل سکتی ہیں۔ پیپلز پارٹی کو اقتدار میں ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی کی تائید حاصل تھی۔ نواز شریف نے انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم زور و شور سے چلائی تھی۔ اب انتخابی رجحانات کو دیکھتے ہوئے یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل ہوگا اور وہ تیسری مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔ نواز شریف کو ایسے وقت میں اقتدار حاصل ہورہا ہے جب کہ پاکستان کو کئی بڑے چیلنجس کا سامنا ہے۔ خاص طورپر بڑھتی ہوئی تخریب کاری ملک کے شمال مغربی حصوں میں طالبان کی موجودگی‘ انتہا کو پہونچا ہوا کرپشن‘ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں ابتری اور انتہائی بگڑی ہوئی معشیت ایسے امور ہیں جن پر نواز شریف کی آزمائش ہوسکتی ہے۔ نواز شریف نے 1990-93 اور 1997-1999 میں دو مرتبہ وزارت عظمی سنبھالی تھی تاہم دونوں مرتبہ بھی انہیں اپنی معیاد مکمل کرنے سے قبل ہی اقتدار سے معزول کردیا گیاتھا۔ پہلی مرتبہ ان پر کرپشن کے الزامات عائد کئے گئے تھے جبکہ دوسری مرتبہ پرویز مشرف کی قیادت میں فوجی بغاوت کی وجہہ سے وہ اقتدار سے محروم ہوئے تھے۔ پاکستان کے انتخابات اس بار کافی اہمیت کے حامل رہے کیونکہ لاکھوں پاکستانیوں نے طالبان کی دھمکیوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے۔ انتخابات سے متعلق تشدد میں 50افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔ ملک کی 66 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جبکہ ایک سیویلین حکومت سے اقتدار دوسری سیویلین حکومت کو منتقل ہورہا ہے۔

لندن/اسلام آباد
پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی اورموجودہ سیاستداں عمران خان کی سابق اہلیہ جمیمہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ تحریک انصاف پارٹی شورش زدہ صوبہ خیبر پختون خوا میں حکومت سازی کے موقف میں ہے۔ خوشیوں سے سرشار جمیمہ خان نے کہاکہ یہ ایسی جماعت کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے جسے کبھی پارلیمنٹ میں صرف ایک ہی نشست حاصل تھی۔ عمران خان کی پارٹی نے آج صبح بتایاکہ صوبہ خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف پارٹی کی ہی حکومت قائم ہوگی۔ پارٹی کی تاریخ میں آج کا دن انتہائی اہم اور سنہرا ہے۔

Pakistan election: Nawaz Sharif's Muslim League claims victory

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں