مستقبل کی نسلیں مجھے منصفانہ نظروں سے دیکھیں گی - حسنی مبارک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-13

مستقبل کی نسلیں مجھے منصفانہ نظروں سے دیکھیں گی - حسنی مبارک

مصر میں اقتدار سے بیدخلی کے 2سال بعد پہلی مرتبہ زبان کھولتے ہوئے سابق صدر حسنی مبارک نے کہاکہ آنے والی نسلیں مجھے منصفانہ نظروں سے دیکھیں گی۔ 85 سالہ حسنی مبارک کو ملک میں مقدمات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ تاریخ گواہ رہے گی اور ان کے تعلق سے فیصلہ کرے گی اور اب بھی وہ یہی کہتے ہیں کہ مستقبل کی نسلیں مجھ سے انصاف کریں گی۔ الوطن اخبار کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ابھی ان کے جانشین صدر محمد مرسی کے تعلق سے کوئی فیصلہ کرناقبل ازوقت ہوگا کیونکہ محمد مرسی کو مشکل کام درپیش ہے۔ مبارک نے آج شائع ہوئے اپنے ریمارکس میں کہاکہ مرسی ایک نئے صدر ہیں اور وہ پہلی مرتبہ مشکل کام کا بوجھ اٹھارہے ہیں۔ ہمیں ان کے تعلق سے ابھی سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔ الوطن اخبار محمد مرسی اور اخوان المسلمین کا نقاد اخبار سمجھا جاتا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اس کے صحافی نے حسنی مبارک سے کل عدالت میں بات چیت کی تھی جب وہ ایک مقدمہ کی سماعت کے سلسلہ میں وہاں لائے گئے تھے۔ مبارک نے مصر پر تقریباً30 سال تک حکومت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں غریبوں اور مصر کی معیشت کو درپیش صورتحال پر انہیں افسوس ہے۔ ملک کی معیشت سیاسی عدم استحکام کی وجہہ سے متاثر ہوئی ہے اور یہاں سیاح اور سرمایہ کار آتے ہوئے ڈر رہے ہیں۔ مبارک نے کہاکہ ان کے غم کی وجہہ ہی یہی ہے کہ آج غریب ان حالات میں ہیں۔ اس دوران حسنی مبارک کے وکیل نے احرام آن لائن سے کہاکہ یہ سارا انٹرویو فرضی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سارا انٹرویو جھوٹ ہے۔ انہوں نے حسنی مبارک سے بات چیت کی ہے اور انہوں نے یہ توثیق کی کہ انہوں نے کسی بھی صحافی سے بات چیت نہیں کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی استدلال پیش کیا کہ جو تصاویر شائع کی گئی ہیں ان کا انٹرویو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Future generations will judge me fairly: Mubarak

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں