اترپردیش کے پرنسپل ہوم سکریٹری سری واستو حراست میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-08

اترپردیش کے پرنسپل ہوم سکریٹری سری واستو حراست میں

اترپردیش کے پرنسپل سکریٹری (ہوم) آر ایم سری واستو کو الہ آباد ہائیکورٹ کی لکھنو بنچ نے ایک سابق وزیر کو سلامتی فراہم کرنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے سلسلہ میں آج صبح حراست میں لے لیا۔ جسٹس ستیس چندر کی بنچ نے پرنسپل سکریٹری(ہوم) کودوپہر 2بجے تک کیلئے تحویل میں لیا جو اس سوال کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے تھے کہ بہو جن سماج پارٹی کے دور اقتدار کے سابق وزیر رام ویر اپادھیائے کو سلامتی فراہم کرنے میں ریاست کی حکومت کیوں ناکام رہی۔ عدالتی حکم پر سی آر پی ایف کے جوانوں نے کورٹ نمبر 7کو اپنے محاصرہ میں لے لیا جہاں مسٹر سریواستو کو تحویل میں رکھا گیا۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق پرنسپل سکریٹری ہوم منسٹر سریواستو کی عدالتی تحویل دن کے دو بجے کے بعد بھی جاری رہی کیونکہ حکمراں سماج وادی پارٹی عدالت کو مناسب جواب پیش کرنے کیلئے اب بھی سرگرم ہے ۔ مسٹر اپادھیائے نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں حکومت سے خاطر خواہ سلامتی کا بندوبست فراہم کرایا جائے ۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ضابطوں کے مطابق سکیورٹی فراہم کرے لیکن اس حکم پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اس کے بعد مسٹر اپادھیائے نے عدالت میں توہین عدالت کی عرضی پیش کی جس پر سماعت منگل تک کیلئے ملتوی کر دی گئی اور جب آج پرنسپل سکریٹری ہوم منسٹر اس کی وضاحت نہیں کر سکے کہ اس حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا تو عدالت نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور یہ کار روائی کی۔ بعد میں ریاستی حکومت کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ظفر یاب جیلانی نے جواب داخل کرنے کیلئے مزید وقت کا مطالبہ کیا جس پر فاضل بنچ نے کل تک جواب داخل کرنے کا وقت دیا۔

Contempt of court: UP Home Secretary held

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں