بدھا دیب نندی گرام نیتائی اور سینگور فراموش کر گئے - ترنمول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-08

بدھا دیب نندی گرام نیتائی اور سینگور فراموش کر گئے - ترنمول

مغربی بنگال کے سابق وزیر بدھا دیب بھٹاچاریہ کی طرف سے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کئے جانے کو لے کر ترنمول کانگریس نے ان پر نشانہ لگاتے ہوئے کہاہے کہ وہ اپنے وزیراعلیٰ رہتے ہوئے نندی گرام اور نیتائی میں قتل کے معاملے میں سی بی آئی سے تحقیقات کرانا نہیں چاہتے تھے۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری پارتھ و چٹرجی نے نامہ نگاروں سے کہاکہ کیا آپ (بدھا دیب بھٹاچاریہ) نندی گرام‘ سینگور اور نیتائی بھول گئے ہیں؟ اب آپ کو پتہ چلا کہ سی بی آئی منصفانہ جانچ کرتی ہے۔ نندی گرام اور نیتائی قتل عام کے وقت آپ نے یہ نہیں سوچا تھا۔ بدھا دیب بھٹا چاریہ نے اتوار کو وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پر الزام لگایا کہ وہ شاردا چٹ فنڈ معاملے میں غلط افواہ پھیلارہی ہیں اور صرف سی بی آئی جانچ سے ہی سچائی سامنے آسکے گی۔ پارتھو چٹرجی نے ترنمول بھون میں کہاکہ سی پی ایم کا سیاسی بریک فیل ہوگیا ہے اور اب وہ لوگ صحت مند دماغ سے بات نہیں کرتے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ بدھا دیب بھٹا چاریہ کی طبعیت وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی بات سن کر بگڑ جاتی ہے۔ جنہوں نے بنگال کی صحت بگاڑ دی ہے اب ان کی صحت بگڑ رہی ہے مگر ہم چاہیں کہ وہ صحت یاب رہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر چٹرجی نے کہاکہ بدھا بابو نے کہا تھا کہ وہ ہمیں جڑ سے اکھاڑ دیں گے مگر کون جڑ سے اکھڑگیا یہ سب دیکھ رہے ہیں اور اب وہ جہاں بھی جائیں گے جادو پور کی طرح سیاسی دھکا کھائیں گے۔ ویسے بھی سی پی ایم اتنی جلد بنگال کی حکومت میں نہیں آنے والی ہے اس لئے 50 برس تک وہ لوگ بیٹھیں اس کے بعد راستے میں آئیں گے کیوں کہ ان کا کوئی سیاسی پروگرام نہیں ہے اور ان کی مخالفت سے بنگال کی ترقی نہیں رکے گی۔ سی پی ایم نے 34 برس میں ایک بھی صنعت قائم نہیں کی ‘ صرف تصویر بنائی ہے۔ ترنمول لیڈر نے کہاکہ سی پی ایم ہمیں پولیس کا خوف دکھا رہی ہے اور کہتی ہے کہ وہ ہمارا فائل دیکھ رہی ہے تو ہم بھی ان کی 34 سالہ حکومت کا فائل دیکھ رہے ہیں۔ چٹ فنڈ معاملہ پر کہاکہ 73 میں سے 26 چٹ فنڈ کمپنی بدھا دیب بابو کی حکومت میں کھلی ہے اور اب وہ شاردا معاملہ میں سی بی آئی تفتیش کی مانگ کررہے ہیں جبکہ نندی گرام اور نیتائی کی انہوں نے سی بی آئی سے تفتیش کیوں نہیں کرائی۔ ان لوگوں نے بنگال میں صنعت اور کھیتی سب کچھ برباد کردیا مگر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ریاست پر قرض کا بھاری بوجھ ہونے کے باوجود بنگال کو تیزی سے ترقی کی طرف لے جارہی ہیں۔ یہ ترقی نہیں رکے گی۔

Trinamool Congress ridicules Buddhadeb's call for CBI inquiry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں