جگن ریڈی کیس - سبیتا اندرا ریڈی اور دھرمنا پرساد مستعفی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-20

جگن ریڈی کیس - سبیتا اندرا ریڈی اور دھرمنا پرساد مستعفی

کانگریس کی مرکزی قیادت کے احکامات پر 2 ریاستی وزراء دھرمنا پرسادراؤ اور سبیتا اندرا ریڈی نے آج رات چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ دونوں وزراء کا نام وائی ایس جگن موہن ریڈی غیر محسوب اثاثہ جات کمیس میں سی بی آئی کی چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر عمارت و شوارع دھرما پرساد راؤ اور وزیرداخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنا مکتوب استعفیٰ حوالے کردیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایاکہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی 4دن تک نئی دہلی میں مرکزی قائدین کے ساتھ داغدار وزراء اور دیگر مسائل پر بات چیت کے بعد کل حیدرآباد واپس ہوئے اور انہوں نے دھرمنا پرساد راؤ کو ان کے آبائی ضلع سریکاکولم سے فوری حیدرآباد طلب کرلیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایاکہ چیف منسٹر نے ہائی کمان کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران مبینہ طورپر ریاستی وزراء کی مدافعت کی۔ بتایا گیا ہے کہ مرکزی قیادت نے اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ پارٹی کے بعض قائدین کی جانب سے 2وزراء کو کابینہ سے ہٹانے کیلئے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر ان 2وزراء کو کابینہ سے ہٹانے کی چیف منسٹر کو ہدایت دی۔ سی بی آئی کی چارج شیٹ میں نام شامل ہونے پر دھرمنا پرساد راؤ نے گذشتہ سال اگست میں استعفیٰ پیش کردیا تھا لیکن چیف منسٹر کی جانب سے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا۔ اسی طرح گذشتہ ماہ سی بی آئی کی پانچویں چارج شیٹ میں نام شامل ہونے کے بعد وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی نے بھی استعفیٰ پیش کردیا تھا لیکن چیف منسٹر اور کابینی رفقاء نے انہیں ایسا نہ کرنے کی ترغیب دی تھی۔ یہ دونوں ہی وزراء 2004ء سے 2009ء کے دوران جگن موہن ریڈی کے والد آنجہانی چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی کابینہ میں تھے اور ان پر جگن موہن ریڈی کی کمپنیوں کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے پر بعض کمپنیوں کو مراعات دینے کا الزام ہے۔

Jagan Reddy case: Accused Andhra ministers Sabitha, Dharmana Rao resign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں