سعودی عرب - گرین کمپنی کارکنان کے اقاموں کی مدت 2 سال زیرغور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-07

سعودی عرب - گرین کمپنی کارکنان کے اقاموں کی مدت 2 سال زیرغور

وزارت محنت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ کے ساتھ مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں کی مدت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ وزارت محنت نے تجویز پیش کی ہے کہ ایسی کمپنیاں جو گرین یا ممتاز کٹیگری میں ہیں ان کے کارکنوں کے اقاموں کی تجدید ایک برس کے بجائے دو برس کر دی جائے تاکہ ان کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے جو نطاقات پروگرام پر درست طور پر کام کر رہی ہیں۔
وزارت محنت کے سکریٹری برائے افرادی قوت احمد الحمیدان نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے امور سے متعلق وزارت اقاموں کی تجدید کے حوالے سے مروجہ قوانین پر نظرثانی کر رہی ہے جس کے تحت ایسی کمپنیوں کو جو نطاقات کے پروگرام میں حکومت کے ساتھ معاونت کر رہی ہیں انہیں مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔ ایسی کمپنیوں کو جو نطاقات پروگرام میں گرین یا پلاٹینم کٹیگری میں شمار ہوتی ہیں ان کے کارکنوں کے اقاموں کی تجدید ایک برس کے بجائے دو برس کر دی جائے۔
الحمیدان نے مزید کہا کہ گرین یا ممتاز کٹیگری والی کمپنیاں جن میں سعودائزیشن کی شرح پوری ہے انہیں بہتر سہولیات دینے کے لیے وزارت محنت کوشاں ہے اور اسی مد میں وزارت محنت نے محکمہ پاسپورٹ کے ذمہ داروں کو تجویز پیش کی ہے کہ ان کمپنیوں کو مزید سہولت فراہم کرے۔ واضح رہے کہ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے گذشتہ دو برس سے غیر ملکیوں کے اقاموں کی معیاد ایک برس کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے کافی مشکلات درپیش تھیں۔ اس حوالے سے محکمہ پاسپورٹ کے ذمہ داروں کا کہنا تھا کہ وزارت محنت کی جانب سے قانون سازی کی گئی ہے۔

2-year iqamas likely for expats in 'green' firms

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں