Builder arrested of mumbra thane collapsed building
پڑوسی تھانے شہر کی ایک عدالت نے 9افراد بشمول بلڈرس کو جنہیں تھانے میں ایک عمارت کے منہدم ہونے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا 20 اپریل تک پولیس تحویل میں دیدیا ان 9افراد میں تھانے ڈپٹی میونسپل کمشنر دیپک چوہان، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر بابا صاحب اندھالے، کلرک کرن مڑکے، این سی پی کارپوریٹر ہیرا پاٹل اور گشت کا ایک کانسٹبل سعید شامل ہیں۔ چوان بلڈرس کیلئے کام کرنے والے جبار پٹیل، جمیل قریشی اور سلیم شیخ بھی ان میں شامل ہیں۔ تھانے پولیس کمشنر کے پی راگھوونشی نے بتایاکہ ہم نے دونوں بلڈروں قریشی اور شیخ کو حراست میں لے لیا ہے اور اُن کے خلاف 7منزلہ عمارت کے منہدم ہونے کے واقعہ میں جس میں 74افراد ہلاک ہوئے ہیں غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 7منزلہ عمارت غیر قانونی طورپر محکمہ جنگلات کی زمین پر تعمیر کی جارہی تھی اور اس کی 4 منزلیں زیر استعمال تھیں۔ امدادی کارکنوں نے بھاری مشنری سے جمعہ کی رات اور ہفتہ کو سارا دن تلاشی کا کام جاری رکھا جبکہ سونگھنے والے کتوں کی مدد سے بچ جانے والوں کی تلاش کا کام بھی جاری رہا۔ ایک پولیس عہدیدار نے جمعہ کو بتایا تھا کہ جمعرات کی شام کو عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوا اور اس کے نتیجہ میں عمارت کا پورا ڈھانچہ زمین بوس ہوگیا جبکہ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ عمارت بظاہر ناقص تعمیراتی سامان استعمال کرنے کے باعث منہدم ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور رہائشی عمارتوں کی طلب کی وجہہ سے اسی طرح کی کئی غیر قانونی عمارتیں زیر تعمیر ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں