حکومت نے صحت کے میدان میں انقلابی اقدامات کیے ہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-08

حکومت نے صحت کے میدان میں انقلابی اقدامات کیے ہیں

اسلامک سنٹر آف انڈیا کے زیر اہترمام عیدگاہ عیش باغ میں 100ویں میڈیکل کیمپ "ڈائمنڈ جوبلی میڈیکل کیمپ" کے نام سے منعقد کیاگیا۔ کیمپ کا افتتاح شنکھ لال مانجھی ریاستی وزیر برائے صحت اور نتن اگروال ریاستی وزیر حکومت اترپردیش نے کیا۔ اس موقع پر پولیو کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ریاستی وزیر شنکھ لال مانجھی نے اس اہم موقع پر منعقد جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اترپردیش حکومت نے صحت کے میدان میں انقلابی اقدامات کئے ہیں اور وزارت صحت و کنبہ بہبود نے عزم کیا ہے کہ پورے صوبے میں ہر آدمی تک صحت سے متعلق تمام تر سہولیات پہنچائی جائیں۔ مفت ایمبولینس اس کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ ریاستی وزیر برائے امام عیدگاہ لکھنو مولانا خالد رشید فرنگی محلی کے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ ان کی وزارت میں جتنی بھی اسکیمیں چل رہی ہیں یا جو شروع ہونے والی ہیں اسے ہندی اور انگریزی زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی شائع کرائی جائیں گی۔ انہوں نے پولیو کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے عوام سے خصوصی اپیل کی اور صحت کے میدان میں اسلامک سینٹر آف انڈیا کی خدمات کی ستائش کی۔ امام عیدگاہ لکھنو مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہاکہ صحت اﷲ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ اچھی صحت ہی انسان کی خوشگوار زندگی کی بنیاد ہے۔ صحت مند آدمی اپنے لئے تو اچھا ہوتا ہی ہے پورے سماج کیلئے بھی ہوتاہے۔ مجاہد اردو محمد احمد ادیب نے کہاکہ انسان کے لئے تعلیم و صحت دو سب سے اہم چیزیں ہیں جوکہ کسی بھی قوم اور معاشرے کیلئے لازم ہے اس لئے اس سلسلے میں ہم سب کو اپنا بھرپور تعاون پیش کرنا چاہئے۔ اس موقع پر طبی میدان میں گراں قدر خدمات پیش کرنے کیلئے "مولانا احمد میاں سوشل سروس ایوارڈ" ڈاکٹر ایس این ایس یادوچیف میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر وجئے شکلا، سی ایم اے ایس رانی لکشمی بائی ہاسپٹل، اجئے سکسینہ سکریٹری روٹری انٹرنیشنل مسلم علماء کمیٹی، ڈاکٹر مرزا اسلم بیگ اور ڈاکٹر شارق حبیب کو ریاستی وزیر سنگھ لال مانجھی اور پروین کمار پرنسپل سکریٹری صحت و کنبہ بہبود کے ہاتھوں دیا گیا۔

U.P Government measures are revolutionary in the field of health

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں