سری لنکا نے مزید 30 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-08

سری لنکا نے مزید 30 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا

سری لنکا کی بحریہ نے ملک کے آبی حدود میں مبینہ طورپر غیر قانونی شکار کیلئے گھس آئے 30 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے جس کے ساتھ ہی گذشتہ 2یوم میں گرفتار کردہ ہندوستانی ماہی گیروں کی تعداد بڑھ کر 56 ہوگئی ہے۔ جمعہ کو 26 ہندوستانی ماہی گیروں کی گرفتاری اور ان کی 6کشتیوں کی ضبطی کے بعد 30 ہندوستانی ماہی گیروں کے ایک اور بیاچ کو کل رات سری لنکا کی بحریہ کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا اور ان کی 6کشتیوں کو ضبط کرلیا گیا۔ عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ بحریہ کے ترجمان کمانڈر کوسالہ ورنکلا سوریا نے کہاکہ 30 ہندوستانی ماہی گیراوران کی کشتیوںکے آبی حدود میں داخلہ کیلئے شمالی جزیرہ نما جا فنا میں تلائی منار کے ساحل کے قریب کل رات پکڑلیا گیا۔ انہیں ضروری کارروائی کیلئے تلائی منار پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ اس دوران بحریہ نے کہاکہ جمعہ کو گرفتار کردہ 26 ہندوستانی ماہی گیروں کو پوائنٹ پیڈرو مجسٹریٹ کی عدالت کی جانب سے 11اپریل تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ قبل ازیں بحریہ نے کہا تھا کہ 24 ہندوستانی ماہی گیروں کو جمعہ کو گرفتار کیا گیا لیکن بعدازاں تعداد کی اصلاح کی گئی اور بتایا گیا کہ 26ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور سری لنکا دونوں کے ماہی گیروں کی جانب سے غیر قانونی ماہی گیری متعلقہ ارباب مجاز کیلئے ایک مستقل مسئلہ بنا ہوا ہے۔

Sri Lankan Navy arrests 30 more Indian fishermen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں