خواتین کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت - وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-08

خواتین کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت - وزیر اعظم

یہ بات تسلیم کرتے ہوئے کہ دہلی میں اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ پر قوانین میں تبدیلی کیلئے حکومت مجبور ہوئی، وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج کہاکہ خواتین کے خلاف جرائم سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے مگر انہوں نے ایسے ردعمل کے خلاف انتباہ دیا جس سے معقولیت پر مبنی بات پس پشت چلی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت جب عدالتی اصلاحات اور قانونی طریقہ کار میں تبدیلی کی ہنگامی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ہمیں یہ یقینی بنانا چاہئے کہ وقتی جوش میں معقولیت پر مبنی بات اور منطق پس پشت نہ چلے جائیں ۔ منموہن سنگھ نے اعتراف کیا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے ابھی بہت اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ سنگھ نے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی کانفرنس میں کہاکہ دارالحکومت میں گذشتہ 16 دسمبر کے واقعہ اور اس کے بعد ابھرے عوامی جذبات کے پس منظر میں حکومت نے خواتین کے تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں لیکن اب بھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ جنسی امور پر عدلیہ کو حساس بنانے کی ضرورت ہے ۔ خواتین اور بزرگوں سمیت سماج کے مختلف حساس طبقوں سے متعلق معاملوں کی سماعت کیلئے تیز رفتار عدالتوں کی فوری ضرورت ہے ۔ ڈاکٹرسنگھ نے کہاکہ زیر التوا مقدمات کی تعداد کم کرنے اور انہیں تیزی سے نمٹانے کیلئے ججوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ججوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ذیلی عدالتوں میں بنیادی طور سے تبدیلیاں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے وزرائے اعلیٰ اور ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ماتحت عدالتوں میں بنیادی ڈھانچہ تبدیل کرنے کیلئے ریاستی حکومتوں کو مناسب رقم مہیا کرائے گی۔ ملک میں انصاف کا نظام درست بنانے کے ضمن میں صلاح مشورے کیلئے ہونے والی کانفرنس کی صدارت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس التمش کبیر نے کی۔

More needs to be done to protect women: PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں